ایئر مارشل یلا امیش نے بتایا کہ ۳؍ دن کے دوران ۱۶؍ ہزار سے زیادہ لوگوں نے ایئرشو دیکھا۔ آخری دن مرکزی وزیر نتن گڈکری بھی شریک ہوئے۔
ایک جوان لوگوں کو اسلحہ کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی
ہندوستانی فضائیہ نے اتوار کو ناگپور میں’ایئر فیسٹ ۲۰۲۶ء‘کا انعقاد کیا جس میں لڑاکا طیاروں اور مختلف فوجی ہیلی کاپٹروں نے شاندار کرتب پیش کئے۔اس پروگرام میں کئی لڑاکا طیاروں اور فوجی ہیلی کاپٹروں نے حصہ لیا۔ طیاروں نے زبردست کرتب دکھائے اور انتہائی درستگی کے ساتھ پرواز کا مظاہرہ کرکے ناظرین کو مسحور کرنے کے ساتھ ہندوستانی فضائیہ کی طاقت اور صلاحیتوں کو بھی اجاگر کیا۔ پائلٹوں نے تیز رفتار پرواز اور درست فارمیشن بنانے سمیت کئی فضائی کرتب دکھائے جس سے ناظرین کو قریب سے فضائیہ کی مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو دیکھنے کا موقع ملا۔
ناگپور کے فضائیہ نگر میں واقع فضائیہ کی مینٹیننس کمان کے ایئر آفیسر کمانڈنگ ان چیف، ایئر مارشل یلا امیش نے بتایا کہ فضائیہ کی اس عوامی رابطہ مہم کا مقصد ہندوستانی فضائیہ کو عام لوگوں، خاص طور پر اسکول اور کالج کے طلبہ کے قریب لانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کو بہت حوصلہ افزا ردعمل ملا ہے اور گزشتہ۳؍دن کے دوران ۱۶؍ ہزار سے زیادہ لوگوں نے اسے دیکھا ہے۔
ایئر مارشل نے کہا کہ ۲۰۲۲ءسے جاری اس پروگرام کا بنیادی مقصد عام لوگوں، خاص طور پر نوجوان نسل کو فضا اور زمین دونوں جگہ ہندوستانی فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیت، درستگی، نظم و ضبط اور بہترین کارکردگی سے روشناس کرانا ہے۔ اس مہم کا مقصد طلبہ کو ہندوستانی فضائیہ میں اپنا کریئر بنانے کی ترغیب دینا اور ان میں ایسی زندگی کی اقدار پیدا کرنا بھی ہے جو ان کی زندگی میں کام آئیں خواہ وہ فوج میں شامل ہوں یا نہ ہوں۔
نیشنل کیڈٹ کور (این سی سی) کے کیڈٹس کی شرکت کا ذکر کرتے ہوئے ایئر مارشل امیش نے کہا کہ طلبہ نے ایرو ماڈلنگ سمیت مختلف سرگرمیوں میں خود اعتمادی، جوش و خروش اور گہری دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ پروگرام میں’سوچھ کیمپ‘مہم کے ذریعے مسلح افواج کے کام کرنے کے طور طریقوں اور صفائی، نظم و ضبط اور ماحول کے تحفظ جیسی زندگی کی اقدار کو نمایاں طور پر پیش کیا گیا جس سے صاف ستھرے، سرسبز اور منظم ماحول کا پیغام دیا گیا۔
اس پروگرام میں روڈٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے مرکزی وزیر نتن گڈکری بھی شریک ہوئے۔