• Mon, 23 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

رتناگیری: تیز ہواؤں اور طوفانی لہروں کا خدشہ، سیکڑوں کشتیاں ساحل پر لنگر انداز

Updated: November 23, 2026, 12:57 PM IST | Siraj Shaikh | Ratnagiri

کشتیاں اچانک بند ہونے سے ضلع میں مچھلیوں کی آمد متاثر۔ مقامی منڈیوں میں مچھلیوں کی قیمت میں اضافہ کا اندیشہ۔

Fishermen`s boats can be seen anchored off a beach in Ratnagiri. Photo: Inquilab
رتناگیری کے ایک ساحل پرماہی گیروں کی کشتیاں لنگرانداز نظر آرہی ہیں۔ تصویر: انقلاب

جنوب مشرقی خلیج بنگال میں گزشتہ روز کم دباؤ کا  حلقہ تیار ہو گیا ہے ۔ اس غیر مستحکم موسمی تبدیلی کے اثرات رتناگیری ضلع میں بھی دیکھے جا رہے ہیں اور ضلع میں گزشتہ روز مطلع دن بھر ابر آلود   رہا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ایک دو دن موسم ایسا ہی رہے گا۔حلقہ بننے کے سبب بحیرہ عرب میں تیز ہواؤں اور سمندری لہروں میں طغیانی کے پیش نظر ضلع رتنا گیری کے ماہی گیروں نے اپنی سیکڑوں کشتیاں ساحل کے محفوظ مقامات پر لنگرانداز کر دی ہیں۔ محکمہ موسمیات اور ماہی گیری کی جانب سے جاری کردہ انتباہ کے بعد ماہی گیروں نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے سمندر میں شکار کیلئے جانا عارضی طور پر روک دیاہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ ۲۴؍گھنٹوں کے دوران ساحلی علاقوں میں ہواؤں کی رفتار میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کی وجہ سے سمندر میں اونچی لہریں اٹھ رہی ہیں۔ ضلع کے اہم بندرگاہوں اور ساحلی پٹیوں جن میں میرکرواڑہ، ہرنئی، دابھول، جے گڑھ اور ناٹے شامل ہیں، پر ماہی گیروں کی بڑی تعداد نے اپنی کشتیاں کنارے لگا دی ہیں۔مقامی ماہی گیروں کی تنظیموں کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ خراب موسم کے باعث گہرے سمندر میں جانا جان و مال کیلئے خطرے کا باعث بن سکتا ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر نہ صرف مقامی کشتیاں واپس آ گئی ہیں بلکہ پڑوسی اضلاع سے آنے والی ماہی گیر کشتیوں نے بھی رتنا گیری کی محفوظ بندرگاہوں میں پناہ لے لی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: لاتور: کانگریس کے رکن اسمبلی امیت دیشمکھ کیخلاف بی جے پی کا احتجاج

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ماہی گیری نے تمام ماہی گیروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسم صاف ہونے اور سرکاری اجازت ملنے تک سمندر کا رخ نہ کریں۔ کشتیاں   اچانک بند ہونے سے ضلع میں مچھلیوں کی آمد متاثر ہوئی ہے  جس کے باعث مقامی منڈیوں میں مچھلی کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے اور ماہی گیروں کو یومیہ آمدنی کے نقصان کا سامنا ہے۔

اس صورتحال کے حوالے سے میرکر رواڑہ بندرگاہ  کے ایک سینئر پورٹ آفیسر نے بتایاکہ ’’محکمہ موسمیات کی جانب سے تیز ہواؤں کے الرٹ کے بعد ہم نے تمام ماہی گیروں کو احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کی تھی۔ اس وقت ضلع کی مختلف بندرگاہوں بالخصوص میرکارواڑہ اور ہرنئی میں سیکڑوں کشتیاں محفوظ طریقے سے کھڑی ہیں۔ ماہی گیروں کی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور موسم صاف ہونے تک سمندر میں نہ جانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔‘‘

مقامی ماہی گیر تنظیموں کے مطابق اچانک موسم کی خرابی کے باعث انہیں مالی نقصان کا سامنا ہے۔ تاہم حفاظتی اقدامات کے تحت تمام عملہ اور کشتیاں محفوظ ہیں۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK