Inquilab Logo Happiest Places to Work

جلگائوں کے ایک طالب علم نے وزیراعلیٰ کے نام خون سے خط لکھا

Updated: October 08, 2023, 9:29 AM IST | Sharjeel Qureshi | Jalgaon

آرویش سالونکھے چاہتا ہےکہ اس کے علاقے میں ۲۵؍ سال سے التواء میں پڑے ڈیم کا تعمیراتی کام جلد از جلد مکمل ہو جائے۔

Arvish with his letter. Photo. Inquilab
ارویش اپنے خط کے ساتھ ۔ تصویر:انقلاب

۲۵؍ سال سے التواء میں پڑے ڈیم  کے تعمیراتی کام کو مکمل کرنے کیلئے جلگائوں ضلع کے ایک ۲۱؍ سالہ طالب علم نے وزیر اعلیٰ کو اپنے خون سے خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یاد رہے کہ یہ طالب علم اسے قبل کئی بار وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی کوشش کر چکا ہے لیکن اسے وقت نہیں دیا گیا جس کے بعد اس نے یہ فیصلہ کیا۔ 
اطلاع کے مطابق ضلع جلگائوں میں واقع چوپڑا تعلقہ کے بدھگاؤں کا رہنے والا ۲۱ سالہ ارویش شانتا رام سالونکھے ٹی وائے بی کام کا طالب علم ہے۔ اس کے والد پیشے سے کسان ہیں۔  ارویش کو یہ بات کھائے جا رہی ہے کہ اس کے تعلقے چوپڑا سے قریب  زیر تعمیر پڈالسرائے ڈیم کا کام گززشتہ ۲۵؍ سال سے التواء میں ہے۔  اس کی تعمیر مکمل ہوجانے سے علاقے میں پانی کا مسئلہ حل ہو سکتا ہے۔ اس تعلق سے ارویش کئی باروزیر اعلیٰ کے دفتر سے رابطہ کرکے ملاقات کیلئے وقت مانگ چکا ہے لیکن اسے وقت نہیں دیا گیا۔ بالآخر اس نے اپنے خون سے وزیر اعلیٰ کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا۔ 
اس نے انجکشن کے ذریعے اپنے جسم سے خون نکال کر اسے جمع کیا اوراس  سے ایک خط تحریر کیا جس میں وزیر اعلیٰ سے چوپڑا کے قریب التواء میں پڑے ڈیم کے تعمیراتی کام کو مکمل کرنے کی التجا کی گئی ہے۔ یہ خط فی الحال ارویش کے پاس محفوظ ہے اسے وزیر اعلیٰ کو بھیجا نہیں ہے۔ ارویشن نے نمائندہ انقلاب کو بتایا کہ ایسا کرنے کیلئے نہ ہی اسے کسی نے ترغیب دلائی ہے نہ ہی کسی نے ہدایت دی ہے۔ وہ ذاتی طور پر  اپنے علاقے کی ترقی کی خاطر وزیر اعلیٰ سے یہ گزارش کر رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ارویش نے بتایا کہ  یہ خط وہ وزیراعلیٰ کے پتے پر پوسٹ نہیں کرے گا بلکہ اسے وہ بذات خود وزیراعلیٰ سے ملاقات کرکے ان کے حوالے کرنا چاہتا ہے۔  ارویش  فی الحال وزیر اعلیٰ کے دفتر سے رابطہ کرکے ان سے ملاقات کا وقت مانگنے کی کوشش کر رہا ہے۔  ساتھ ہی اس  نے یہ الٹی مٹیم بھی دیا ہے کہ آئندہ ۲۰؍ یا ۲۵؍ دنوں  کے اندر اگر منترالیہ سے اسے وزیر اعلیٰ سے بالمشافہ ملاقات کیلئے وقت نہیں دیا  گیاتو وہ منترالہ پہنچ کر عمارت سے چھلانگ لگا دے گا اوراس کی خود کشی کی  ذمہ دار حکومت  ہوگی۔  یاد رہے کہ اسی اقدام کے سبب منترالیہ میں عوام  کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ یاد رہے کہ اس وقت ارویش چوپڑا میں واقع مہاتما گاندھی کالج میں ٹی وائے بی کا م کی پڑھائی کر رہا ہے۔ وہ چاہتا ہے کہ کسی طرح اس کے علاقے میں ڈیم جلد از جلد تعمیر ہو جائے اور وہاں پانی کی کوئی قلت باقی نہ رہے۔ یاد رہے کہ اس سال چوپڑا میں بارش بے حد کم ہوئی ہے۔ لوگوں نے بارش کیلئے دعائوں اور نمازوں کا بھی اہتمام کیا تھا ۔غالباً اسی قلت کو دیکھتے ہوئے آرویش  نے ڈیم کی جلد از جلد تعمیر کیلئے ایکناتھ شندے سے گزارش کرنا چاہتا ہے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK