زویا باگوان سیٹیلائٹ ڈیٹا پر تحقیق کرکے ملک کیلئے کچھ اہم کرنےکی متمنی۔
EPAPER
Updated: June 21, 2025, 11:51 AM IST | Saadat Khan | Mumbai
زویا باگوان سیٹیلائٹ ڈیٹا پر تحقیق کرکے ملک کیلئے کچھ اہم کرنےکی متمنی۔
کولہاپور کی ہونہارطالبہ زویا جمیل باگوان کواسرو اسپیس اپیلی کیشن سینٹر کی انٹرن شپ ٹریننگ کیلئے منتخب کیاگیاہے۔ وہ سیٹیلائٹ ڈیٹا پر تحقیق کرے گی۔ وہ ۲۳؍ جون کو اسرو احمد آباد جوائن کرے گی جہاں ڈھائی مہینے اسے سیٹیلائٹ ڈیٹا کی ٹریننگ دی جائے گی۔ اسرو کیلئے انتخاب پر اہل خانہ اور متعلقین میں خوشی کی لہر دوڑگئی ہے۔ زویا مستقبل میں ملک کیلئےکچھ بڑااور اہم کرنے کی متمنی ہے۔ اسرو کیلئے منتخب ہونا زویا کا دیرینہ خواب تھا۔ زویا نےایس ایس سی امتحان کولہاپور کے نیوانگلش میڈیم اسکول سے ۹۳ء۸۰؍ فیصد اور ایچ ایس سی راجارام کالج کولہاپور سے ۸۱ء۵۰؍فیصد مارکس سےپاس کیا، فی الحال وہ کولہاپور کے کے آئی ٹی کالج میں بی ٹیک کے تیسرے سال میں زیر تعلیم ہے۔ زویا کو شروع سے خلائی ٹیکنالوجی، ریموٹ سینسنگ اور سیٹلائٹ کمیونیکیشن میں دلچسپی رہی، جس کی وجہ سے زویا کو اسرو تک پہنچنےمیں مددملی۔ وہ بچپن سے ہی کچھ مختلف کرنے کا جنون رکھتی آئی ہے۔ جب سے اس نے انجینئرنگ کی تعلیم شروع کی اس وقت سےاس میں خلا کے شعبہ میں کچھ کرنےکاشوق بڑھتا گیا۔ چنانچہ جب اسروکی جانب سے، خلائی پروجیکٹ ارسال کرنے کا اعلان کیاگیاتو زویانے فروری ۲۰۲۵ءمیں اپناایک پروجیکٹ اسرو کوارسال کیا، اس کے پروجیکٹ کے انتخاب کی وجہ سے اسے اسرو میں تربیت حاصل کرنےکاموقع ملاہے۔
زویا کےبقول ’’میں نے اسرو کے دیئے گئے عنوان پر اپنا تحقیقی خاکہ اورپریزنٹیشن اسروکو روانہ کیاتھا۔ جس کا اسرو کے متعلقہ محکمہ نے باریک بینی سے جائزہ لینےکےبعد میرا انتخاب انٹرن شپ ٹریننگ کیلئے کیا۔ یہ انٹرن شپ ٹریننگ جدید ترین خلائی تحقیق اور ایپلی کیشنز پرمشتمل ہوگی۔ اسرو سے ٹریننگ حاصل کرنامیرے لئے قیمتی تجربہ ہوگا۔ اسرو سےحاصل کردہ تربیت کومیں اپنے ملک کی خدمت کرنے کے دیرینہ خواب کو پورا کرنے کی جانب ایک قدم کے طور پر دیکھتی ہوں ۔ اسرو جیسی عظیم تنظیم کا حصہ بننامیرے لئے فخْر کی بات ہے۔ ‘‘ زویاپڑھائی میں ذہین ہونے کےساتھ ایک اچھی آرٹسٹ، شاعر، ادیب اور مقرر بھی ہے۔ اس کی ہینڈ رائٹنگ بھی خوبصورت ہے۔ اس نے مختلف ریاستی اور قومی سطح کے ثقافتی مقابلوں میں حصہ لے کر متعدد انعامات حاصل کئے ہیں ۔ اس کی سنسکرت بھی بہت اچھی ہے۔ آٹھویں ، نویں اور دسویں جماعت میں اس نے سنسکرت میں صدفیصد نمبرات حاصل کئے ہیں۔