Inquilab Logo

خسرہ کے پھیلائوکی روک تھام کےطریقوں پرریسرچ کیلئےپونےسےطبّی ماہرین کی ٹیم مالیگائوں پہنچی

Updated: November 24, 2022, 11:31 AM IST | Inquilab News Network | Malegaon

اس ٹیم میں ایسےایکسپرٹ شامل ہیں جنہیں امراض اطفال سے متعلق خصوصی مہارت حاصل ہے، وزارت صحت عامہ نے ممبئی اور بھیونڈی کے بعد مالیگائوں کو ’خسرہ ‘کا تیسرا بڑا ہاٹ اِسپاٹ قرار دیا ہے

Teams of doctors from different states are working to control measles.Picture:INN
خسرہ پر قابوپانے کیلئے مختلف ریاستوں کےڈاکٹروں کی ٹیمیںکام کررہی ہیں۔ تصویر :آئی این این

:ریاستی حکومت کی وزارت صحت عامہ کے ذریعے ممبئی اور بھیونڈی کے بعد مالیگائوں کو ’خسرہ ‘کا تیسرا بڑا ہاٹ اِسپاٹ قرار دیا گیا ہے ۔صنعتی شہر مالیگائوں میں خسرہ کے مریضوں کی بڑھتی تعداد سرکاری انتظامیہ کیلئے آزمائش ثابت ہورہی ہے۔اِس مرض کے تدارک کیلئے ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ (پونے )کی ایک ٹیم مالیگائوں میں داخل ہوچکی ہے۔اس ٹیم میں طبّی ماہرین شامل ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے محکمہ صحت عامہ مالیگائوں کی رپورٹ میں خسرہ سے متاثر مریضوں کی تعداد ۱۲۰؍بتائی گئی تھی۔
؍۵۶؍مریضوں کی رپورٹ پازیٹیو 
 ڈاکٹر سپنا ٹھاکرے (ہیلتھ آفیسر ،مالیگائوں میونسپل کارپوریشن )نے انقلاب کو دی گئی معلومات میں بتایا کہ ہافکن لیب (ممبئی )سے رپورٹ موصول ہوئی ہے۔اس رپورٹ کے مطابق ۵۶؍مریضوں کو خسرہ سے متاثر قرار دیا گیا ہے۔اس مرض  میں مبتلا مریضوں کو شہری انتظامیہ کے اسپتالوں سے طبّی امداد فراہم کی گئی۔انہوں نے مزید کہا کہ خسرہ سے کوئی ہلاکت ابھی تک نہیں ہوئی ہے۔اس مرض سے مدافعت کیلئے شہری انتظامیہ کے اسپتالوں اور اوپی ڈی سینٹرز کے ساتھ پرائمری ہیلتھ سینٹر پر دوائیاں فراہم کی جارہی ہیں۔
طبّی ماہرین مالیگائوں میں 
 صنعتی شہر میں خسرہ متاثرین میں بڑی تعداد کمسن بچوں کی ہے۔ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ (پونے )کی ٹیم میں ایسے طبّی ماہرین شامل ہیں جنہیں امراض اطفال سے متعلق خصوصی مہارت حاصل ہے۔مالیگائوں میونسپل کارپوریشن کے ہیلتھ ڈپارٹمنٹ سے ملی معلومات کے مطابق مذکورہ ٹیم نے اعداد وشمار کی روشنی میں جائزہ لیتے ہوئے شہری انتظامیہ کی معرفت جاری طبّی سہولیات کی فراہمی کے مراکز کا دورہ بھی کیا۔سرکاری اسپتالوں میں موجود لوازمات ،سہولیات  اوردوائیوں کے  علاوہ  میڈیکل اور نان میڈیکل اسٹاف سے متعلق بھی رپورٹ طلب کی ہے۔مالیگائوں گنجان آبادی والے شہروں میں شامل ہے۔یہاں کی۶۰؍ فیصد سے زائد آبادی جھوپڑپٹیوں میں آباد ہے۔وبائی اور موسمی امراض کے پھیلائو  او رتدارک کیلئے شہری انتظامیہ کی منصوبہ بندی پر پونے سےآئے ہوئے ڈاکٹروں نے تبادلہ خیال کرتے ہوئے اپنی جانب سے آزمودہ منصوبے بتائے اوراُنہیں روبہ عمل لانے پر زور دیا۔
عمائدین شہر کے ساتھ شہری انتظامیہ کی میٹنگ 
 خسرہ سے بچائو کیلئے لگنے والے انجکشن سے متعلق ذہن سازی کے مقصد سے شہری انتظامیہ نے عمائدین کے ساتھ میٹنگ کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مفتی محمد اسماعیل قاسمی (رکن اسمبلی ،مالیگائوں سینٹرل)نے کہا کہ ’’خسرہ سے بچنے کیلئے مدافعتی انجکشن ضرور لگوائیں۔کمسن بچوں میں یہ مرض جان لیوا ہوسکتا ہے۔اپنے گھروں میں کم عمر بچوں کو اس مرض سے بچانے کیلئے مدافعتی راستہ اختیار کریں۔‘‘بھال چندرگوساوی (میونسپل کمشنر )نے کہا کہ’’شہری انتظامیہ کی معرفت جاری طبّی سہولیات کی فراہمی کے مراکز پر خسرہ کی روک تھام اور اس سے محفوظ رہنے کیلئے دوائیں گولیاں اور انجکشن وغیرہ وافر مقدار میں موجود ہیں۔خسرہ کی علامتیں ظاہر ہونے پر فوری طور سے قریبی ڈاکٹروں اور میونسپل کارپوریشن کے پرائمری ہیلتھ سینٹر اور اسپتالوں سے رجوع ہوں ۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK