Inquilab Logo Happiest Places to Work

نئے تعلیمی سال کا جوش وخروش سےآغاز

Updated: June 16, 2026, 7:12 PM IST | Sajid Mehmood Shaikh And Saadat Khan | Mumbai

اساتذہ اور انتظامیہ نے پہلے دن طلبہ کاگرمجوشی سےاستقبال کیا ۔ محکمہ تعلیم کے حکم کے مطابق ’شالاپراویش اتسو‘ بھی منایا گیا۔

Parents Taking Their Children To School.Photo:PTI
والدین اپنے بچوں کو اسکول لے جاتے ہوئے۔ تصویر:پی ٹی آئی
 شہرومضافات کے سبھی اسکولوں میں پیر سے نئے تعلیمی سال  کا جوش و خروش سے آغاز ہوا۔اسکول کے پہلے دن طلبہ کا گلدستہ اور گلاب دے کر  استقبال کیا گیا ۔ طلبہ میں نئے بیگ، نئی کتابیں، نئی بیاضیں،مختلف رنگو ں سے بھرے ڈرائنگ باکس ، کمپاس باکس  اور پانی کی نئی بوتلیں تقسیم کی گئیں۔ اسکولوں میں نئی کتابوں کی خوشبو اور نئے تعلیمی سال کی رونقیں بکھری رہیں۔طلبہ اور والدین نے بھی گرمجوشی کا مظاہرہ کیا۔ اساتذہ نے پیار ومحبت اور شفقت بھرے انداز میںطلبہ کااستقبال کرنے کے ساتھ ان کے روشن مستقبل کیلئے نیک خواہشات پیش کیں۔پہلی مرتبہ اسکول جانے والے ننھے منے بچوں کو ان کے والدین اسکول لے کر پہنچے اور  جب انہیں کلاس روم میں چھوڑا گیا اور والدین ان سے الگ ہوئے تو وہ رونے چلانے لگے۔ انہیں سنبھالنے کیلئے اساتذہ کو کافی مشقت کرنی پڑی۔
 
 
طلبہ کا خیرمقدم
  انجمن اسلام اور انجمن خیرالاسلام کے سبھی اسکولوںکے علاوہ مولانا آزاد اُردو ہائی اسکول (مومن پورہ)، کموجعفر اُردوہائی اسکول ، ہاشمیہ اُردو ہائی اسکول ( محمد علی روڈ)اور بی ایم سی کے سبھی اسکولوں میں مقامی سیاسی لیڈران ،سماجی کارکن اور   ماہرین تعلیم کی موجودگی میں طلبہ کا خیرمقدم کیا گیا۔
بائیکلہ مشرق کے میونسپل اسکول میں منعقدہ  تقریب میں ریاستی گورنر جشنودیوورما نے شرکت کی۔ ان کے ہاتھوں طلبہ میں تعلیمی سامان تقسیم کیا گیا۔ اس موقع پرانہوں نے خطاب بھی کیا۔
دریں اثناء اس تعلق سے گھاٹ کوپر کے ایک اسکول میں منعقدہ تقریب میں ممبئی مضافات کے سرپرست وزیر آشیش شیلار اور  میئر ریتو تائوڑے کے ساتھ گورنر جشنودیوورمانے بھی شرکت کی۔ 
میونسپل کمشنر اشوینی بھیڈے نے کہا کہ’’ بی ایم سی ہر طالب علم کو معیاری تعلیم اور سہولیات فراہم کرنے کیلئے مسلسل کوشاں ہے۔۔امسال   تمام میونسپل اسکولوں میں ۳۵؍ ہزار نئے طلبہ نےداخلہ لیا ہے۔‘‘
 
 
’شالا پراویش اتسو‘ کا شاندار اہتمام
ریاستی   محکمہ تعلیم کے حکم نامے کے تحت نئے تعلیمی سال کے آغاز پرپیر کو ممبئی سمیت ریاست بھر کے اسکولوں میں ’شالا پراویش اتسو‘  جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اسی سلسلے میں مدنپورہ کے  ’انجمن خیرالاسلام گرلز ہائی اسکول‘ میں طالبات کے استقبال کیلئے خصوصی  انتظامات کئے گئے تھے۔ اسکول کے پہلے   دن طالبات کا والہانہ اور گرمجوشی سے استقبال کیا گیا۔ میونسپل کارپوریٹر وقار خان نے طالبات کا پھول دے کر استقبال کیا اور تعلیمی لوازمات تقسیم کئے ۔
اسکول میں نیا داخلہ لینے والی طالبات کو گلاب  پیش کر کے خوش آمدید کہا گیا۔ حکومت کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اسکول کے پہلے دن طالبات کو مڈ ڈے میل   کے ساتھ میٹھی کھیر بھی پیش کی گئی  جس سے طالبات کے چہروں پر مسرت دوڑ گئی۔علاوہ ازیں ، طالبات کے تعلیمی سفر کے آغاز کو آسان بنانے کیلئے تمام طالبات میں مفت درسی کتب تقسیم کی گئیں۔ دیگر تعلیمی لوازمات جیسے بیاضیں (نوٹ بکس)، یونیفارم اور  بیگ بھی فراہم کئے گئے۔اس موقع پر مذکورہ اسکول کی پرنسپل مومن قیصر جہاں نے بتایا کہ’’ اسکول   کے پہلے دن طالبات کیلئے ایک خصوصی پروگرام ترتیب دیا گیا تھا۔ اساتذہ کی ٹیم نے نیا داخلہ لینے والی طالبات اور ان کے والدین کی رہنمائی کیلئے بھی خصوصی کاؤنٹرس اور انتظامات کئے تھے تاکہ انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔‘‘اسی طرح دیگر اسکولوں میں بھی  ’شالا پراویش اتسو‘ منایا گیا  جس کے دوران اساتذہ اور انتظامیہ نے طلباء و طالبات کا خیرمقدم کیا گیا۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK