بھیونڈی سماجوادی پارٹی نے بنیادی شہری سہولیات کی خستہ حالی پر میونسپل کمشنر کو میمورنڈم دیتے ہوئے فوری کارروائی کی اپیل کی۔
فلائی اوور کے ٹوٹے پائپ اور مختلف علاقوں میں کھدی ہوئی سڑکوں کی جلد مرمت کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔تصویر:آئی این این
مانسون سر پر ہونے کے باوجود بنیادی سہولیات کی خستہ حالی ایک بار پھر موضوعِ بحث بن گئی ہے۔ سماج وادی پارٹی کے صدر انس انصاری نے فلائی اوور پر ٹوٹے ہوئے نکاسیٔ آب کے پائپ اور مختلف علاقوں میں کھدی پڑی سڑکوں کے مسئلہ کو سنگین قرار دیتے ہوئے میونسپل انتظامیہ سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے میونسپل کمشنر انمول ساگر اور میئر نارائن چودھری کو ایک تفصیلی میمورنڈم پیش کیا ہے۔
میمورنڈم کے مطابق شہر کے اہم فلائی اوور پر بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے نصب متعدد پائپ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ گزشتہ برس بھی بارش کے دوران فلائی اوور سے گندا اور آلودہ پانی نیچے گزرنے والے شہریوں پر گرتا رہا تھا جس سے راہگیروں، موٹر سائیکل سواروں اور رکشا ڈرائیوروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اچانک گندا پانی گرنے سے نہ صرف کپڑے اور سامان خراب ہوتے ہیں بلکہ گاڑی چلانے والوں کا توازن بھی بگڑ سکتا ہے، جس سے حادثات کا خدشہ پیدا ہو جاتا ہے۔
سماج وادی پارٹی کے صدر نے شہر کے مختلف علاقوں میں جاری سڑک کھدائی کے کاموں پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے لکھا ہے کہ متعدد مقامات پر کھودے گئے گڑھوں کو مناسب انداز میں بند نہیں کیا گیا ہے۔ بارش شروع ہوتے ہی یہ گڑھے پانی سے بھر جائیں گے اور ان کی گہرائی کا اندازہ نہ ہونے کے سبب حادثات کے امکانات بڑھ جائیں گے۔ خاص طور پر دو پہیہ گاڑی سوار، بزرگ افراد، خواتین اور اسکولی طلبہ اس صورتحال سے زیادہ متاثر ہوں گے۔
انس انصاری نے بتایا کہ میئر نارائن چودھری نے مثبت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے یقین دلایا کہ شہری مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے فوری کارروائی کی جائے گی تاکہ بارش کے موسم میں عوام کو غیر ضروری مشکلات اور حادثات سے محفوظ رکھا جا سکے۔