ناگپور آمد پرسماجوادی پارٹی کے لیڈر اور رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی کی صحافیوں سے ملاقات۔
EPAPER
Updated: March 04, 2024, 11:31 AM IST | Ali Imran | Nagpur
ناگپور آمد پرسماجوادی پارٹی کے لیڈر اور رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی کی صحافیوں سے ملاقات۔
’’چھترپتی شیواجی مہاراج نے کبھی مسلمانوں کی مخالفت نہیں کی، موجودہ حکمرانوں کو چھترپتی شیواجی مہاراج سے سبق سیکھنا چاہیے۔ ‘‘مذکورہ بیان ابو اعظمی نے ناگپور پریس کلب میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہاراشٹر کو چھترپتی شیواجی مہاراج کی سوانح حیات پڑھانے کی ضرورت ہے۔ شیواجی مہاراج کے جرنیل مسلمان تھے۔ شیواجی مہاراج کا محافظ مسلمان تھا۔ ان کا وکیل مسلمان تھا۔ سماج وادی پارٹی کے لیڈر اور رکن اسمبلی ابو اعظمی نے مزید کہا کہ شیواجی مہاراج کے گیارہویں گرو مسلمان تھے۔ چھترپتی شیواجی مہاراج نے کبھی مسلمانوں کی مخالفت نہیں کی۔ چھترپتی شیواجی مہاراج نے جنگ کے قیدی مسلمانوں پر کبھی ظلم نہیں کیا۔ انہوں نے قرآن شریف کا احترام کیا۔ ابوعاصم اعظمی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کو چھترپتی شیواجی مہاراج کی زندگی سے سبق سیکھنا چاہیے۔ پسماندہ طبقات کمیشن کی سفارشات کے بعد ریاستی حکومت نے مراٹھا برادری کو نوکریوں اور تعلیم میں ۱۰؍ فیصد ریزرویشن دینے کا فیصلہ کیا۔ اس سلسلے میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ابو اعظمی نے کہا تھا کہ ہم مراٹھا ریزرویشن بل کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ مسلم کمیونٹی کو بھی ریزرویشن دیا جانا چاہئے، ان کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مسلم سماج میں موجود غریب طبقہ کو ریزرویشن دیا جائے۔