Inquilab Logo Happiest Places to Work

تکنیکی خرابی کے باعث اے سی لوکل بند، کلیان اسٹیشن پر افراتفری

Updated: July 23, 2026, 4:03 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Kalyan

ممبئی کی لائف لائن سمجھی جانے والی لوکل ٹرین سروس بدھ کی صبح کلیان ریلوے اسٹیشن پر اس وقت شدید بدنظمی کا شکار ہوگئی جب کلیان سے چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمینس (سی ایس ایم ٹی) جانے والی ایئرکنڈیشنڈ (اے سی) لوکل میں اچانک تکنیکی خرابی پیدا ہوگئی۔

Scene of chaos at Kalyan Railway Station. Photo: INN
کلیان ریلوےاسٹیشن پر افرا تفری کا منظر۔ تصویر: آئی این این

ممبئی کی لائف لائن سمجھی جانے والی لوکل ٹرین سروس بدھ کی صبح کلیان ریلوے اسٹیشن پر اس وقت شدید بدنظمی کا شکار ہوگئی جب کلیان سے چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمینس (سی ایس ایم ٹی) جانے والی ایئرکنڈیشنڈ (اے سی) لوکل میں اچانک تکنیکی خرابی پیدا ہوگئی۔خرابی کے باعث ٹرین کے دروازے بند نہ ہو سکے جس سے پلیٹ فارم پر مسافروں کا بے پناہ ہجوم ہوگیا اور تقریباً ۲۰؍ منٹ تک افراتفری اور بھگدڑ جیسی صورتحال پیدا ہوگئی۔ موسلادھار بارش کے دوران مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ سینٹرل ریلوے انتظامیہ کے مطابق صبح ۸ ؍ بجکر ۵۴؍ منٹ پر کلیان سے روانہ ہونے والی اے سی لوکل کے دروازوں کے خودکار نظام میں تکنیکی خرابی آگئی جس کے باعث کئی دروازے آدھے کھلے رہ گئے جبکہ بعض دروازے بالکل نہیں کھل سکے۔ اس دوران ٹرین میں سوار ہونے اور اترنے والے مسافر ایک ہی دروازے سے گزرنے پر مجبور ہوگئے جس سے پلیٹ فارم پر شدید بدنظمی پیدا ہوگئی۔حالیہ دنوں میں گرمی میں اضافے کے باعث بڑی تعداد میں مسافر اے سی لوکل کو ترجیح دے رہے ہیں۔ چنانچہ یہ ٹرین معمول کے مطابق بدھ کی صبح بھی مکمل طور پر کھچا کھچ بھری ہوئی تھی۔ کوپر، ڈومبیولی اور ٹھاکرلی سے آنے والے مسافر پہلے ہی ٹرین میں موجود تھے جبکہ کلیان سے سفر شروع کرنے والے سیکڑوں مسافر بھی اسی ٹرین میں سوار ہونے کے منتظر تھے جس کے باعث حالات مزید پیچیدہ ہوگئے۔دروازے بند نہ ہونے کے باعث کئی مسافر دروازوں پر ہی لٹکے رہے جبکہ بعض نے بند دروازوں کو زبردستی کھولنے کی کوشش کی۔ ایک ہی وقت میں چڑھنے اور اترنے والے مسافروں کی دھکا مکی سے پلیٹ فارم پر بھگدڑ جیسی کیفیت پیدا ہوگئی اور کئی افراد کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔صورتحال قابو سے باہر ہوتے دیکھ کر ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف) اور گورنمنٹ ریلوے پولیس( جی آر پی) کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ اہلکاروں نے ہر ڈبے  کے دروازوں پر تعینات ہوکر مسافروں کو اندر دھکیلا اور بعض کو نیچے اتار کر دروازے بند کرانے کی کوشش کی۔ بعد ازاں تکنیکی عملے نے مرکزی نظام کے ذریعے تمام دروازے ایک ساتھ بند کیے جس کے بعد لوکل کو دوبارہ روانہ کیا گیا۔عینی شاہدین کے مطابق کلیان ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم پر تقریباً ۲۰؍ منٹ تک شدید افراتفری کا ماحول رہا جبکہ موسلادھار بارش میں بھیگتے ہوئے مسافروں کو ٹرین میں سوار ہونے کے لیے سخت جدوجہد کرنا پڑی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK