ٹریننگ کیلئے استعمال ہونے والے طیارے میںتکنیکی خرابی، کھمبے سے ٹکرایا ، پائلٹ نے کسی طرح کھیت میں اتارا۔
مقامی باشندے اور پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچے-تصویر:آئی این این
بارامتی جہاں سابق نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی طیارہ حادثے میں موت ہوئی تھی، وہیں ریڈ برڈ کمپنی کا ٹریننگ کیلئے استعمال ہونے والا ایک جہاز بدھ کے روز طیارے کا شکار ہوا ، خیر سے اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ البتہ طیارے کو نقصان پہنچا ہے۔
پونے (دیہی) کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سندیپ سنگھ گل نے بتایا کہ ’’ آج صبح ۸؍ بج کر ۵۰؍ منٹ پر ریڈ برڈ ایوی ایشن کمپنی کا ٹریننگ کیلئے استعمال ہونے والا ایک جہاز گر پڑا۔ ‘‘ انہوں نے بتایا ’’عینی شاہدین نے اطلاع دی ہے کہ زمین پر گرنے ( کریش لینڈنگ) سے پہلے کم اونچائی پر اڑتے وقت شاید طیارے میں کوئی تکنیکی خرابی آ گئی تھی اور اس کا ایک حصہ بجلی کے کھمبے سے ٹکرایا تھا۔ ‘‘ ایس پی کے مطابق ’’طیارے میں صرف ایک ٹرینی پائلٹ تھا۔ خیر سے اسے زیادہ چوٹ نہیں آئی ہے۔ حادثہ ہوتے ہی مقامی باشندے اور پولیس وہاں پہنچ گئی۔ مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کا عمل جاری ہے۔‘‘
اطلاع کے مطابق طیارے میں تکنیکی خامی آنے کے بعد ٹرینی پائلٹ نے اسے گنے کے کھیت میں اتارنے کی کوشش کی ، طیارہ ہچکولے کھاتے ہوئے بجلی کے کھمبے سے ٹکرایا تھا لیکن پائلٹ نے اسے کسی طرح زمین پر اتارنے میں کامیابی حاصل کی۔ پائلٹ کی مستعدی سے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا لیکن کہا جا رہا ہے کہ اس حادثے کی وجہ سے پائلٹ کو ذہنی طور پر صدمہ پہنچا ہے۔ یاد رہے کہ ۲۸؍ جنوری ۲۰۲۶ء کو بارامتی ہی میں سابق نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی طیارہ حادثے میں موت ہوئی تھی۔