• Tue, 15 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

نفرت انگیز ویڈیو پر کارروائی، نڈا کیخلاف ایف آئی آر

Updated: May 07, 2024, 8:28 AM IST | Agency | Bangalore

ایس سی ،ایس ٹی اور او بی سی کو مسلمانوں کیخلاف بھڑکانے والے ویڈیو پرالیکشن کمیشن شکایت کے بعد بھی خاموش تماشائی بنا رہا۔ بالآخر کرناٹک سرکار کو کارروائی کرنی پڑی۔

Karnataka Congress has filed an FIR against BJP president JP Nadda. Photo: INN
بی جےپی صدر جے پی نڈا کے خلاف کرناٹک کانگریس نے ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ تصویر : آئی این این

 کرناٹک بی جےپی کے ذریعہ مسلمانوں  کے خلاف نفرت انگیز ویڈیو  پر الیکشن کمیشن میں شکایت کے ایک دن بعد کرناٹک میں بی جےپی صدر جگت پرکاش نڈا، آئی ٹی سربراہ امیت مالویہ اور ریاستی اکائی کے صدر بی وائی وجیندر کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔ یہ ایف آئی آر کرناٹک حکومت نے فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کی پاداش میں درج کی ہے ۔البتہ الیکشن کمیشن  ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے ۲۴؍ گھنٹوں کے بعد اور تحریری شکایت کئے جانے کے بعد بھی خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔ کانگریس نےا س ویڈیو کے خلاف  الیکشن کمیشن میں شکایت کرنے کے ساتھ ہی ساتھ پولیس سے بھی تحریری شکایت کی تھی۔ 

یہ بھی پڑھئے: کیجریوال پر ایک اورشکنجہ، رہائی کی اُمید بندھی تو این آئی اے جانچ کی سفارش کردی گئی

بی جےپی کی جانب سے دوسری بار ویڈیو جاری کیاگیا
 یہ پہلا موقع نہیں ہے جب بی جےپی کی جانب سے اس طرح الیکشن کے دوران  فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کی کوشش کی گئی ہے۔اس سے قبل ۳۰؍ اپریل کو ایسے ہی نفرت انگیز ویڈیو کو بی جےپی نے عوامی سطح پر اعتراض کئے جانے کے بعد ہٹا لیا تھا۔  مذکورہ ویڈیو میں کانگریس پر مسلمانوں کی منہ بھرائی کا الزام عائد کرتے ہوئےوہی باتیں دہرائی گئی تھیں جو وزیراعظم مودی نے بانس واڑہ میں کہیں تھیں مگر اور بھی زیادہ بھونڈے انداز میں۔ مذکورہ ویڈیو میں الزام لگایاگیاتھا کہ ’’کانگریس ان لوگوں کو بااختیار  بنارہی ہے جوحملہ آوروں،دہشت گردوں، لٹیروں اور چوروں کی نسل سے تعلق رکھتے ہیں۔ مذکورہ ویڈیو کو جب سوشل میڈیا پر لوگوں نے رپورٹ کیا کہ نفرت انگیز ہےا ور’’ہیٹ اسپیچ‘‘ کے  زمرے میں آتاہے تو پارٹی نے خود ہی ہٹا لیاتھا۔
کرناٹک کے ویڈیو پر ڈھٹائی کا مظاہرہ
  کرناٹک بی جےپی کے ذریعہ سنیچر کو جاری کئے گئے ویڈیو پر زعفرانی پارٹی کی جانب سے ڈھٹائی کا مظاہر کیا جارہاہے۔ اسے اس خبر لکھے جانے تک نہیں ہٹایاگیاہے۔  اس کے خلاف  کرناٹک  پردیش کانگریس کمیٹی کی شکایت پر پولیس نے ایف آئی آر درج کی ہےجس میں بی جےپی صدر، آئی ٹی سربراہ اور ریاستی صدر کو ملزم بنایاگیاہے۔ کانگریس نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ ویڈیو نہ صرف  انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتا ہے بلکہ ایس سی ایس ٹی اور او بی سی طبقہ کو مسلمانوں  کے خلاف بھڑکانے کی کوشش ہے۔ بی جےپی لیڈروں کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ ۵۰۲(۲) کے تحت کیس درج کیاگیاہے۔
 بی جےپی کے ویڈیو کی شدید مذمت
 کرناٹک بی جےپی کے ذریعہ جاری کئے گئے ویڈیو میں  یہ دکھانے کی کوشش کی گئی ہے کہ ریزرویشن  میں ایس سی ایس ٹی اور او بی سی کا حق چھین کر مسلمانوں کو دیا جارہاہے۔ یہ ویڈیو سنیچر سے سوشل میڈیا پر گشت کررہاہے اور ملک کی تمام سیکولر پارٹیاں  اس کے خلاف آواز بلند کرچکی ہیں مگر الیکشن کمیشن نے اس  کے خلاف کارروائی کی ضرورت محسوس نہیں کی ہے۔ ٹی ایم سی لیڈر سگاریکا گھوش نے ویڈیو کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’الیکشن کمیشن اگر کارروائی نہیں کرتا تو پھر اسے بند کردیا جانا چاہئے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK