مختلف طبقات کی جانب سے ملنے والی شکایتوں کے بعد انتظامیہ نے کارروائی کی تفصیلات جاری کی۔
EPAPER
Updated: July 04, 2025, 4:00 PM IST | ZA Khan | Nanded
مختلف طبقات کی جانب سے ملنے والی شکایتوں کے بعد انتظامیہ نے کارروائی کی تفصیلات جاری کی۔
ناندیڑ میں گزشتہ کئی دنوں سے مختلف طبقات کی جانب سے شہر میں منشیات کی بڑھتی فروخت کے تعلق سے شکایت کی جا رہی ہے۔ ناندیڑ پولیس نے بتایا ہے کہ اس تعلق سے شہر میں سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔ خاص کر غیر قانونی طریقے سے نشہ آور دوا اور گولیاں بیچنےوالے میڈیکل اسٹورس کے خلاف مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ ناندیڑ کے اسسٹنٹ کمشنر (ادویات) اے ٹی راٹھور نے ایک پریس نوٹ جاری کرکے اس کی اطلاع دی ہے۔
اطلاع کے مطابق ناندیڑ ضلع کےنگراں وزیر اتل ساوے کی ہدایت پر یہ مہم شروع کی گئی ہے۔ گزشتہ ۲۵؍ اور ۲۶؍ جون کو شہر کے مختلف علاقوں میں میڈیکل اسٹورس کی جانچ کی گئی، ان میں کل ۱۳؍دکانوں کی تفتیش ہوئی جن میں سے ۲؍ دکانوں پر نشہ آور دوائیں اور گولیاں بر آمد ہوئیں۔، جبکہ ۹؍ دکانوں پر ڈرگس اینڈ کاسمیٹک ایکٹ کی مختلف خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔ باقی ۲؍ دکانوں میں کوئی خاص گڑبڑی نہیں پائی گئی۔ قصوروار دکانداروں کے خلاف مذکورہ قانون کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ ناندیڑ کو راجستھان کے کوٹہ کی طرز پر ایک تعلیمی مرکز کے طور پر ترقی دی جا رہی ہے، جہاں مہاراشٹر سمیت تمام یاستوں سے طلبہ تعلیم حاصل کرنے آتے ہیں۔ حالیہ ضلع منصوبہ کمیٹی اجلاس میں ناندیڑ کے رکن پارلیمان رویندر چوہان نے اس بات پر تشویش ظاہر کی کہ ان طلبہ کو بآسانی نشہ آور دوائیں دستیاب ہو رہی ہیں، جسکی وجہ سے نوجوان نسل منشیات کی عادت میں مبتلا ہو رہی ہے۔ راٹھور نے یہ بھی واضح کیا کہ ناندیڑ میں ڈرگس انسپکٹر کی منظور شدہ اسامیاں خالی ہیں، اسلئے انہوں نے اورنگ آباد کے اسسٹنٹ کمشنر (ادویات) سے رابطہ کر کے اورنگ آباد، جالنہ لاتور اور ہنگولی اضلاع سے انسپکٹرس کی مدد طلب کی ہے تاکہ اس غیرقانونی سرگرمی کے خلاف خصوصی مہم چلائی جا سکے۔ نشہ آور دواؤں کی فروخت کرنے والے میڈیکل اسٹورس کے خلاف آئندہ بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ نشہ آور ادویات کی سپلائی کے مسئلہ پر سکھ سماج کی جانب سے بھی احتجاج کیا گیا تھا اور ناندیڑ رینج کے آئی جی سے ملاقات کرکے اس معاملے میں میڈیکل اسٹورس مالکان کے خلاف جانچ مہم چلانے اور خاطیوں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا گیاتھا۔ غالباً حکام نے ان شکایتوں کے ازالے کے طور پر ہی اپنی مہم کی تفصیلات جاری کی ہیں۔