محکمہ موسمیات کا آئندہ ۵؍ دنوں تک شمالی ہند میں زبردست گرمی کا انتباہ، راجستھان کے گنگا نگرمیں اتوار کو درجہ حرارت ۴۷؍ ڈگری تھا، پیر کو ۴۴؍ ڈگری رہا۔
EPAPER
Updated: June 10, 2025, 1:37 PM IST | Agency | New Delhi
محکمہ موسمیات کا آئندہ ۵؍ دنوں تک شمالی ہند میں زبردست گرمی کا انتباہ، راجستھان کے گنگا نگرمیں اتوار کو درجہ حرارت ۴۷؍ ڈگری تھا، پیر کو ۴۴؍ ڈگری رہا۔
مئی کے اخیر میں ملک میں مانسون کی آمد کے بعد اب جون کے ابتدائی دنوں میں گرمی نے پھر اپنے بال وپر پھیلا دئیے ہیں۔ راجستھان کے گنگا نگر سمیت دیگرشہروں میں جہاں درجہ حرارت ۴۵؍ ڈگری سے پار ہوچکا ہے وہیں شمالی ہند اوردہلی این سی آر میں بھی گرمی سے حالت خراب ہے اورعوام کوایک بار پھر بارش کا انتظار ہے۔ محکمۂ موسمیات نے وارننگ دی ہے کہ اگلے ۵؍ دنوں تک شمالی ہند میں زبردست گرمی پڑنے والی ہے ۔ دہلی-این سی آر، بہار، اتر پردیش، راجستھان سمیت کئی ریاستوں میں اگلے کچھ دنوں تک درجہ حرارت ۴۲؍ ڈگری سلسیس سے تجاوز کر سکتا ہے۔
راجستھان کی بات کریں تو ریاست کے بیشتر شہروں کا درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے، جب کہ گنگانگر اتوار کو سب سے گرم مقام رہا جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۴۷ء۴؍ ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا گیا تھاجبکہ پیر کو۴۴؍ ڈ گری رہا۔ قومی راجدھانی دہلی میں بھی۱۶؍مئی کے بعد مسلسل درجہ حرارت میں اضافہ درج کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:اندور کے راجا رگھوونشی کے قتل کے معاملے میں ان کی اہلیہ سونم رگھوونشی کی خودسپردگی
۲۲؍ دنوں بعد اتوار کو یہاں درجہ حرارت ۴۲؍ ڈگری سے زیادہ رہا جبکہ ہیٹ انڈیکس ۴۷ء۲؍ ڈگری رہا ۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ ۲؍ سے ۳؍دن آسمان صاف رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ وقفے وقفے سے ۲۰؍ سے۳۰؍کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گرد آلود ہوائیں چل سکتی ہیں ۔ پیر اور منگل کو بھی گرد بھری آندھی آنے کا اندیشہ ہے۔ حالانکہ ۱۲؍ جون کے بعد آسمان میں بادل چھائے رہیں گے اور تیز بارش کی امید ہے۔
اسکائی میٹ ویدر کی رپورٹ کے مطابق ۲۴؍سے۲۵؍ جون کو مانسون دہلی میں دستک دے سکتا ہے۔ عموماً۲۷؍ جون تک مانسون کی آمد دہلی میں ہوتی ہے۔ اتر پردیش کی بات کریں تو اگلے کچھ دنوں تک یہاں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی ہے۔ اس دوران درجہ حرارت میں اضافہ کے ساتھ لوگوں کو شدید گرمی کا احساس ہوگا لیکن۱۱؍ جون جون سے موسم کا مزاج بدلے گا اور کئی ضلعوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کا امکان ہے ۔ بہار میں بھی اگلے تین دنوں تک شدید گرمی کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ حالانکہ محکمہ موسمیات نے ۱۴؍ضلعوں میں بادلوں کے آنے-جانے اور ہلکی بوندا باندی کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔ پہاڑی ریاستوں جموں و کشمیر، اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش میں فی الحال بارش کی وارننگ جاری نہیں کی گئی ہے لیکن۱۱؍ سے۱۳؍جون کے درمیان بارش کا امکان ہے۔