Inquilab Logo Happiest Places to Work

’چڑھاوا چوری‘ کے بعد اب اُترپردیش میں ۵؍سرکاری اسکولوں کے ’چوری‘ ہو جانے کاالزام

Updated: August 25, 2026, 12:15 PM IST | Muhammad Amir Nadvi | Lucknow

عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمان سنجے سنگھ نے دعویٰ کیا کہ کاغذ پر موجود جونپور کے۵؍ اسکول زمین سے غائب ہیں، تلاش کرنے والوں کو ایک لاکھ روپے بطور انعام دینےکا اعلان بھی کیا۔

Member of Parliament Sanjay Singh. Picture: INN
رکن پارلیمان سنجے سنگھ۔ تصویر: آئی این این

عام آدمی پارٹی کےیوپی انچارج اور راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ نے الزام عائد کیا ہے کہ یوگی حکومت میں ’چندہ چوری‘ کے بعد اب ’اسکول چوری‘ کا انوکھا معاملہ سامنے آیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جونپور ضلع کے ۵؍ سرکاری پرائمری اسکول زمین پر موجود ہی نہیں ہیں، لیکن سرکاری ریکارڈ اور یو ڈائس پورٹل پر انہیں ’آپریشنل ‘دکھایا جارہا ہے۔ سنجے سنگھ نے اعلان کیا کہ ان ۵؍ میں سے کسی ایک اسکول کو بھی زمین پر تلاش کرکے دکھانے والے شخص کو وہ اپنی تنخواہ سے ایک لاکھ روپے نقد انعام دیں گے۔ ان کے اس الزام کے بعد ’اسکول چوری‘ کا معاملہ نہ صرف اترپردیش میں بلکہ ملک بھر میں موضوع بحث بن گیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: اُترپردیش میں قبل از وقت اسمبلی انتخابات کی قیاس آرائیاں

لکھنؤ میں پارٹی دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سنجے سنگھ نے دعویٰ کیا کہ جونپور کےپرائمری اسکول ڈھالگر ٹولا، پرائمری اسکول مشرپورہ، کمپوزٹ اسکول گدن ارجنی، پرائمری اسکول اُردو بازار اور پرائمری اسکول باغ ہاشم کا سرکاری پورٹل پر ریکارڈ موجود ہے، لیکن موقع پر ان کا کوئی وجود نہیں ہے۔ انہوں نے ضلع کے ایجوکیشن افسرکو لکھے گئے خط دکھاتے ہوئے کہا کہ ان اسکولوں کی عمارتوں کا کوئی پتہ نہیں ہے اور زمین پر مالکان نے قبضہ کرلیا ہے۔ ان کا الزام تھا کہ ان اسکولوں میں نہ اساتذہ ہیں، نہ طلبہ اور نہ ہی عمارت موجود ہے، اس کے باوجود سرکاری ریکارڈ میں انہیں ’آپریشنل‘ دکھایا جارہا ہے۔سنجے سنگھ نے کہا کہ یوگی حکومت میں چندہ چوری، زمین چوری اور چینی چوری کے بعد اب ’اسکول چوری‘ کا نیا ماڈل سامنے آیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس معاملے میں ذمہ دار افسران اور دیگر قصوروار افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی کی جائے۔

یہ بھی پڑھئے: تمل ناڈو میں ہر خاندان کو سالانہ تین ایل پی جی سلنڈر مفت ملیں گے

سنجے سنگھ نے الزام عائدکیا کہ ریاست کی یوگی حکومت اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے بدحال سرکاری اسکولوں کی حقیقت سامنے لانے والوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔ سنجے سنگھ نے کہا کہ نوئیڈا میں اسکولوں کی بدحالی دکھانے پر عام آدمی پارٹی یوتھ ونگ کے ریاستی صدر پنکج سنگھ کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی، جبکہ ہردوئی میں پارٹی کارکن فیروز صدیقی کے خلاف مقدمہ درج کرایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر ان افسران اور ضلع مجسٹریٹ کے خلاف ہونی چاہئے جنہوں نے مبینہ طور پر مڈ ڈے میل کا پیسہ کھایا اور اسکولوں کی حالت خراب کی۔سنجے سنگھ نے خبردار کیا کہ اگر بدعنوان افسران کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی تو وہ ضابطہ فوجداری کی دفعہ۱۵۶(۳) کے تحت عدالت سے رجوع کرکے ایف آئی آر درج کرانے کی کارروائی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سچ سامنے لانے کی کوشش کرنے والوں کو ڈرانے سے وہ پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: یوپی کے اسمبلی اسپیکر پر قومی ترانے کا احترام نہ کرنے کاالزام، کانگریس کی سخت تنقید

’ آئین اور ریزرویشن کیلئے بی جے پی  بڑاخطرہ‘

عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ نے اتوار کو سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو سے ملاقات کی۔ اس دوران آئین، ریزرویشن اور۶۹؍ہزار اساتذہ کی بھرتی سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ملاقات کی تصویر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس ‘پر شیئر کرتے ہوئے سنجے سنگھ نے کہا کہ آئین اور ریزرویشن کے لئے بی جے پی سب سے بڑا خطرہ ہے اور ریزرویشن ختم کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانا ہوگا۔سنجے سنگھ نے الزام لگایا کہ۶۹؍ ہزار اساتذہ کی بھرتی میں یوگی حکومت نے پسماندہ طبقات کی حق تلفی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ طبقات کے حقوق کی لڑائی سڑک سے لے کر پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ تک لڑی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے ریزرویشن ختم کرنے کی اپنی مہم ایک بار پھر تیز کردی ہے، جسے ہر حال میں ناکام بنانا ہوگا۔ ان تمام امور پر اکھلیش یادو کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ہے۔سنجے سنگھ نے کہا کہ آئین اور ریزرویشن کے تحفظ کے لئے اپوزیشن جماعتوں کو متحد ہوکر جدوجہد کرنی ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK