Inquilab Logo Happiest Places to Work

مالونی : ایس آئی آر کیلئے مساجد کو سینٹر بناکر کام کرنے پر اتفاق

Updated: April 02, 2026, 10:57 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

مالونی این جی اوز اورسٹیزنس فورم کے زیر اہتمام یہ کام کیاجائے گا۔مہاڈا کی طیبہ مسجد میں میٹنگ۔ سابق بی ایل او نے رہنمائی کی ۔ مساجد کے ٹرسٹیان اور علاقے کے فعال نوجوانوں کی مشترکہ میٹنگ جلدہوگی۔۳۰۰؍سے زائدذمہ داراشخاص کی ٹیم بنائی جائے گی۔ائمہ مساجد سےخطابِ جمعہ میں اس پر روشنی ڈالنے کی اپیل ۔

Details Regarding SIR Are Being Explained In A Meeting Held At Tayyaba Mosque In Maloney.Photo:INN
ایس آئی آر کے تعلق سے مالونی کی طیبہ مسجد میں منعقدہ میٹنگ میں تفصیل بتائی جارہی ہے۔ تصویر:آئی این این
اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر) کے لئے مالونی میں مساجد کو سینٹر بناکر کام کرنے پر مالونی این جی اوز  اور سٹیزنس فورم کی جانب سے اتفاق کیا گیا ہے۔ طیبہ مسجد میں اس سلسلے کی پہلی میٹنگ منگل کی شب میں بلائی گئی۔ اسی طرح تمام مسلک کی مساجد کے ٹرسٹیان اور علاقے کے فعال افراد کی مشترکہ میٹنگ بلائی جائے گی تاکہ اتفاق رائے اورباہمی مشورے سے آگے بڑھا جائے اور یہ اہم کام منظم انداز میں کیا جاسکے۔ اس کے لئے مجموعی طور پر ۳۰۰؍ سے زائد افراد کی ٹیم بنائی جائےگی جو علاقے کی سطح پر بوتھ لیول آفیسر(بی ایل او) کی خدمات حاصل کرے گی اور بوتھ لیول ایجنٹ (بی ایل اے) جسے سیاسی جماعتیں مقرر کرتی ہیں، کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔
طیبہ مسجد میںہونے والی میٹنگ اورخصوصی سیشن میں سابق بی ایل او وسیم سر(ٹیچر) اور رافد شہاب (میراروڈ) نے  پرزنٹیشن کے ساتھ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ، ۲۰۰۲ء کی ووٹر لسٹ تلاش کرنے، بوتھ لیول آفیسرس سے رابطہ وغیرہ کی تفصیل سے معلومات دی اور حاضرین کو اپنا نام تلاش کرنے اور کس طرح لنک پر جاکر دیگر تفصیلات حاصل کرنی ہیں، یہ سمجھایا ۔
اس موقع پرمسجد میں مختلف تنظیموں کے ذمہ داران، سماجی کارکنان اور مصلیان موجود تھے۔ دریں اثناء یہ بھی طے پایا کہ ہر مسجد کے قریب رہنے والے فعال نوجوانوں پر مشتمل الگ الگ ٹیم تشکیل دی جائے گی جو اپنے اپنے علاقوں میں رہنے والے افراد کی مکمل میپنگ انجام دے گی تاکہ علاقائی سطح پر مسائل اور ضروریات کا صحیح اندازہ ہوسکے اور ان کے حل کے لئے موثر منصوبہ بندی میں آسانی ہو۔
 
 
مذکورہ دونوں حضرات نے میپنگ کے عمل کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے یہ بھی سمجھایا کہ کس طرح منظم ٹیم ورک کے ذریعے ہر علاقے کے افراد کا ڈیٹا جمع کیا جائے اور اسے موثر انداز میں استعمال کر کے سماجی و فلاحی کاموں کوانجام دیا جائے۔ اخیر میں تمام شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ حاصل کردہ رہنمائی پر عمل کرتے ہوئے باہمی تعاون، نظم و ضبط اور منصوبہ بندی کے ساتھ یہ کام خود کریں گے اوردوسروں کی نفع رسانی اور ان کی رہنمائی کا ذریعہ بنیں گے۔ا س موقع پریہ بھی بتایاگیا کہ جمعہ کو ائمہ مساجد کو اس سلسلے میں ایک لنک بھیجنے کے ساتھ اس پر توجہ دلانے کی درخواست کی جائے گی تاکہ ائمہ کرام خطاب ِجمعہ میں اس پر روشنی ڈالیں اور مصلیان کو متوجہ کرائیں۔
 
 
یہ ایس آئی آر کے باضابطہ شروع کئے جانے سے قبل کاعمل ہے۔ اس کے بعد مختلف مراحل اُس وقت باضابطہ شروع ہوں گے جب اس کے لئے تاریخوں اور وقت کا تعین کیاجائے گا۔ اسی لئے یہ کوشش کی جارہی ہے کہ ہرشہر ی اسے پہلے سے سمجھ لے، فہرست میں اپنا نام تلاش کرلے اور متعلقہ ضروری دستاویزات وغیرہ یکجا کر لے تاکہ جب بی ایل او گھرگھر جاکر تفصیلات درج کریں تو وقت نہ لگے اور نہ ہی کوئی پریشانی ہو، آسانی کےساتھ یہ مرحلہ مکمل کیا جاسکے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK