دنیا کا سب سے بڑا اسکینڈل اور معیشت کیلئے ’سلو پوائزن‘‘ قرار دیا، بی جےپی کو کھلی بحث کا چیلنج بھی کیا۔
EPAPER
Updated: November 12, 2026, 2:23 PM IST | Agency | Lucknow
دنیا کا سب سے بڑا اسکینڈل اور معیشت کیلئے ’سلو پوائزن‘‘ قرار دیا، بی جےپی کو کھلی بحث کا چیلنج بھی کیا۔
سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے یوپی میں اسمبلی الیکشن سے قبل ۲۰۱۶ء کی نوٹ بندی کا موضوع چھیڑتے ہوئے اسے دنیا کا سب سے بڑا اسکینڈل قرار دیا۔انہوں نے بی جے پی کو اس کے اثرات پر کھلے مباحثے کا چیلنج دیا ہے۔
لکھنؤ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سماجوادی سربراہ نے الزام لگایا کہ نوٹ بندی نے بینکوں، چھوٹے تاجروں اور مائیکرو، چھوٹی و درمیانی صنعتوں (ایم ایس ایم ایز) کو شدید نقصان پہنچایا۔اکھلیش یادو نے نوٹ بندی سے متاثر ہونے والے بچے ’خزانچی‘ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کی عمر اب ۱۰ سال ہوگئی ہے۔ انہوں نے طنز کیا کہ بی جے پی کو خزانچی کو گود لے کر اس کی سالگرہ منانی چاہیے، لیکن پارٹی نے اب تک ایسا نہیں کیا۔
یہ بھی پڑھئے: شاہ بانو کیس، بابری مسجد تنازع اور راجیو گاندھی کی پریشانی
ان کے مطابق نوٹ بندی سے نقدی کی گردش میں کمی کے بجائے ۷۰؍ فیصد اضافہ ہوا اور یہ معیشت کیلئے ’’سلو پوائزن‘‘ثابت ہوئی۔انہوں نے الزام لگایا کہ نوٹ بندی نے بینکنگ نظام کو کمزور کیا، بینک بند ہوئے، کئی بینکوں کا انضمام کیا گیا اور بعض کو فروخت بھی کرنا پڑا۔ اکھلیش نے کہا کہ چھوٹے تاجروں اور ایم ایس ایم ایز کو اس فیصلے سے ہونے والے نقصانات کی طویل فہرست ہے۔ انہوں نے بینکوں کی جانب سے صارفین پر جرمانے عائد کیے جانے پر بھی تنقید کی۔اکھلیش یادو نے حکومت کے ۲۰۴۷ تک ہندوستان کو ترقی یافتہ ملک بنانے کے ہدف پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر بی جے پی ان کے الزامات کو غلط سمجھتی ہے تو اس پر کھلا مباحثہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ ۱۹۴۷ء میں آزادی کے وقت ملک کی معاشی صورت حال اور ۲۰۴۷ء کے ترقی یافتہ ہندوستان کے ہدف کے درمیان موازنہ کیا جانا چاہیے۔یاد رہے کہ مرکزی حکومت نے ۸؍ نومبر ۲۰۱۶ء کو ۵۰۰ ؍اور ۱۰۰۰؍ روپے کے پرانے نوٹ اچانک بند کردیاتھا جس سے پورا ملک بری طرح متاثر ہوا تھا۔