• Thu, 12 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

شاہ بانو کیس، بابری مسجد تنازع اور راجیو گاندھی کی پریشانی

Updated: November 12, 2026, 2:46 PM IST | Agency | New Delhi

سونیا گاندھی نے اپنی خود نوشت میںاہم موضوعات پر تفصیل سے گفتگو کی، لکھا ہے کہ آر ایس ایس ایسے ’’ہندوراشٹر کا خواب‘‘ دیکھ رہا ہے جس میں اقلیتوں کودوسرے درجے کا شہری بنا دیا جائےگا۔

Sonia Gandhi. Photo: INN
سونیا گاندھی۔ تصویر: آئی این این

کانگریس لیڈر سونیا گاندھی نے شاہ بانو کیس، بابری مسجد تنازع اور ان موضوعاات پر راجیو گاندھی کی پریشانی سمیت متعدد اہم امور پر تفصیل سے گفتگو کی ہے۔  منگل کو منظر عام پر آنےوالی اپنی خود نوشت  ’’بلانگنگ: اے جرنی آف لو‘‘میں انہوں  نے دوٹوک انداز میں لکھا ہے کہ آر ایس ایس ایک ایسے ’ہندو راشٹر‘ کا خواب دیکھتا ہے جو مساوات، تکثیریت اور سیکولرازم کے آئینی اصولوں کی جگہ مسلمانوں، عیسائیوں اور دیگر مذہبی اقلیتوں کو دوسرے درجے کی شہریت دینے کے تصور پر قائم  ہے۔

ہندو مسلم کشیدگی میں شاہ بانو کیس  کا رول

سونیا گاندھی  نے لکھا ہے کہ راجیو گاندھی کے دورِ حکومت میں پہلا بڑا واقعہ جس نے ہندو مسلم کشیدگی کو ہوا دی، ۱۹۸۵ء میں پیش آیا۔ یہ ایک طلاق یافتہ مسلم خاتون کے حقوق سے متعلق قانونی معاملہ تھا۔سونیا گاندھی لکھتی ہیںکہ ’’شاہ بانو ایک انتہائی غریب خاتون تھیں۔ انہوں نے عدالت سے رجوع کیا تھا تاکہ اپنے شوہر سے اپنے اور اپنے بچوں کیلئے نان ونفقہ حاصل کر سکیں۔ ان کے شوہر نے دوسری شادی کر لی تھی اور انہیں گھر سے نکال دیا تھا۔ عدالت نے شاہ بانو کے حق میں فیصلہ سنایا اور شوہر کو معمولی رقم بطور نان ونفقہ ادا کرنے کا حکم دیا۔ بظاہر یہ ایک سادہ سا معاملہ تھا لیکن شوہر نے مسلم پرسنل لا کی بنیاد پر اس فیصلے کو چیلنج کر دیا۔‘‘ ان کے مطابق اس طرح  مذہبی وابستگی سے قطع نظر  تمام شہریوں کیلئے یکساں قانون کا مطالبہ، مذہبی آزادی کے بنیادی حق سے براہِ راست ٹکرا گیا۔ اس حق میں وہ قانونی ضمانتیں بھی شامل تھیں جو آزادی کے ابتدائی برسوں میں ملک کی اقلیتوں کو دی گئی تھیں کہ ان کے عائلی قوانین کا تحفظ کیا جائے گا۔ 

یہ بھی پڑھئے: ’’کاش مودی ہمارے گھر نہ آئے ہوتے‘‘

مسلم خواتین کے حقوق کیلئے راجیو گاندھی سے بحث

سونیا گاندھی لکھتی ہیںکہ ’’اس معاملے  پرمیں بے چین تھی۔ اخبارات اور رسائل میں اس کے بارے میں جو کچھ پڑھ رہی تھی، اس نے مجھے پریشان کر دیاتھا۔ مسلم خواتین سمیت کئی معروف خاتون کارکنوں نے شاہ بانو کے نان ونفقہ کے حق میں آواز اٹھائی۔

میں نے راجیو سے بحث کی اور کہا کہ ’اخبارات آپ پر مسلم خواتین کے مفادات کو قربان کرنے کا الزام لگا رہے ہیں۔ آخر کیا ہو رہا ہے؟ آپ ایسا کیوں ہونے دے رہے ہیں؟‘‘‘وہ مزید لکھتی ہیںکہ ’’راجیو نے جواب دیا کہ وہ ایک پیچیدہ صورتحال سے منصفانہ طریقے سے نمٹنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے قدرے ناراضی کے لہجے میں کہاکہ ’کیا میں خواتین کے حقوق کا دفاع نہیں کروں گا؟ کیا تم مجھے نہیں جانتیں؟‘  انہوں نے وضاحت کی کہ وہ شاہ بانو اور ان جیسی دیگر خواتین کے مسئلے کا ایسا حل تلاش کر رہے ہیں جس سے مسلم پرسنل لا کا پورا نظام خطرہ میں نہ پڑے۔‘‘سونیا گاندھی کے مطابق راجیو گاندھی نے جس سمجھوتے کو قبول کیا، اس میں مذہبی عقائد اور صنفی انصاف کے درمیان توازن قائم کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ اس کے تحت مسلم خواتین کو عدالت کی جانب سے شاہ بانو کیلئے مقرر کردہ ۱۷۹؍  روپے ۲۰؍ پیسے ماہانہ کی انتہائی معمولی رقم کے مقابلے میں  زیادہ منصفانہ اور مناسب معاوضہ بھی دیا گیا۔تاہم، ان کا کہنا ہے کہ عدالتی فیصلے کو پلٹنے کیلئے قانون میں ترمیم  ایک سیاسی قدم تھا، جس پر بڑے پیمانے پر تنقید کی گئی۔سونیا گاندھی کے مطابق بی جے پی نے حسب توقع حکومت پر ’ووٹ بینک کی سیاست‘ کا الزام لگایا جبکہ ترقی پسند اور لبرل حلقوں نے اس فیصلے کو مسلم معاشرہ کے قدامت پسند عناصر کے سامنے حکومت کا جھکنا قرار دیا۔تاہم، وہ نشاندہی کرتی ہیں کہ حکومت کی ۷؍ مرتبہ تبدیلی کے بعد ۲۰۰۱ء میں سپریم کورٹ نے مسلم خواتین (طلاق کے بعد حقوق کا تحفظ) ایکٹ ۱۹۸۶ء کے حوالے سے راجیو گاندھی کے موقف کی توثیق کی تھی۔

سونیا گاندھی کی کتاب میں بابری مسجد پر باب

سونیا گاندھی نے اپنی کتاب میں رام جنم بھومی کے مسئلے پر بھی تفصیل سے روشنی ڈالی ہے۔وہ لکھتی ہیں، ’’ایودھیا میں سولہویں صدی کی ایک مسجد طویل عرصے سے ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان تنازع کا مرکز تھی۔ ہندو برادری کے بعض حلقوں کا عقیدہ تھا کہ مغل سلطنت کے بانی شہنشاہ بابر نے اسلام کی بالادستی قائم کرنے کیلئے  ایک قدیم مندر کو منہدم کرکے مسجد تعمیر کی تھی۔ یہ وہ مقام سمجھا جاتا تھا جہاں بھگوان رام کی پیدائش ہوئی تھی۔‘‘وہ لکھتی ہیں، ’’ ۱۹۸۴ میں بی جے پی کی قیادت نے اپنی معاون تنظیم وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) کے ساتھ مل کر ایودھیا میں مندر تعمیر کرنے کی تحریک شروع کی۔ اسی تحریک کو رام جنم بھومی آندولن کا نام دیا گیا۔‘‘سونیا گاندھی کے مطابق ماضی میں بھی دونوں بڑی برادریوں کے درمیان جھڑپیں ہوتی رہی تھیں، لیکن اب تصادم روزمرہ کا معمول بن گیا تھا۔ جلوس ایسے علاقوں سے گزرتے تھے جہاں زیادہ تر مسلم اقلیت آباد تھی، اشتعال انگیز نعرے لگائے جاتے تھے اور اس کے بعد تشدد پھوٹ پڑتا تھا۔وہ لکھتی ہیں، ’’انسانی جانوں کا ضیاع اور املاک کی تباہی ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان تعلقات کو مزید کشیدہ اور منقسم کرتی چلی گئی۔‘‘ان کے مطابق ۱۹۸۵ء کے شاہ بانو فیصلے کے فوراً بعد ایودھیا کا تنازع شدت اختیار کر گیا۔  سونیا گاندھی کے مطابق راجیو کا مقصد ایک ایسا متفقہ حل تلاش کرنا تھا جو قانونی بھی ہو اور تنازع کے تمام فریقوں کیلئےقابلِ قبول بھی۔ وہ چاہتے تھے کہ مسجد کو نقصان پہنچائے بغیر مندر کی تعمیر کا راستہ نکالا جائے۔‘‘سونیا گاندھی کے مطابق بی جے پی اور آر ایس ایس مسجد کو منہدم کرنے سے کم کسی بات پر آمادہ نہیں تھیں۔وہ کتاب میں کہتی ہیں کہ ’’ایک  کے بعد دوسرا غیر متوقع  فیصلہ سامنے آرہاتھا۔ وی ایچ پی اپنے حامیوں کو بڑے پیمانے پر متحرک کر رہی تھی، چندہ جمع کر رہی تھی اور مندر کی تعمیرکیلئے سامان اکٹھا کر رہی تھی۔ ‘‘ سونیا گاندھی  اس ضمن میں پیش آنے والے دیگر واقعات کے بعد لکھتی ہیںکہ ’’اس کے ناگزیر نتائج سامنے آئے۔ دونوں برادریوں کے درمیان تلخی اور خونریزی کا سلسلہ جاری رہا اور بالآخر ۱۹۹۲ء میں چار سو سال پرانی مسجد کو منہدم کر دیا گیا۔‘‘وہ مزید لکھتی ہیںکہ ’’راجیو کی جانب سے مہاتما گاندھی کے رام راجیہ کے متبادل تصور کو دوبارہ زندہ کرنے کی کوشش، جس کی بنیاد نیکی، اخلاقیات اور انصاف کے بنیادی اصولوں پر تھی، بے اثر رہی۔ آر ایس ایس کا پروپیگنڈہ غالب آ گیا اور گزشتہ ۳؍  دہائیوں کے دوران ملک نے اس کے زہریلے نتائج دیکھے ہیں، جن سے ہمارے سماجی تانے بانے کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK