• Thu, 03 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

یوپی میں سماجوادی اور بی جےپی میں ’اے آئی‘ جنگ

Updated: September 03, 2026, 10:59 AM IST | Hamidullah Siddiqui | New Delhi

اسمبلی انتخابات کے قریب آتے ہی پارٹیاں سوشل میڈیا پر سرگرم، الزامات میں شدت، ’ٹیپو‘ کے جواب میں ’بابا‘ ویڈیو سے سیاسی تنازع۔

A video shown at Samajwadi Party chief Akhilesh Yadav`s press conference targets the alleged theft of temple offerings. Picture: INN
سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو کی پریس کانفرنس میں دکھائے گئے ویڈیو میں ’چڑھاوا چوری‘ پر حملہ کیاگیاہے۔ تصویر: آئی این این

اترپردیش میں  اسمبلی  الیکشن کی آہٹ  کے ساتھ ہی  بی جےپی اور سماجوادی پارٹی کے درمیان  اب مصنوعی ذہانت (اے آئی)  سے تیار کردہ ویڈیوز کے ذریعہ جنگ چھڑ گئی ہے۔ بی جےپی نے اس کا آغاز کیا مگر سماجوادی پارٹی نے بھی ترکی بہ ترکی اور منہ توڑ جواب دیکر اس مقابلہ کو  دلچسپ بنا دیا ہے۔ سماجوادی پارٹی  نے کبھی سوشل میڈیا پر اپنے دبدبہ کیلئے جانی جانےوالی بی جے پی  کے  دانت اپنے جوابی اے آئی ویڈیوز سے کھٹے کردیئے ہیں۔ 

 ’ٹیپو‘کے جواب میں سماجوادی کا ’’بابا‘‘ ویڈیو

اس معاملے میں تنازع بھی ہوگیا ہے۔ بی جے پی سے وابستہ سوشل میڈیا ہینڈلز کی جانب سے ایک ویڈیو اور گانا شیئر کیا گیا، جس میں سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو کو ’ٹیپو‘ کہہ کر نشانہ بنایا گیا۔ اس کے جواب میں اکھلیش یادو نے گزشتہ روزپریس کانفرنس میں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے متعلق’ اے آئی‘ سے تیار کردہ ویڈیو دکھایا۔ اس ویڈیو میں یوگی آدتیہ ناتھ کو ’چلم‘  پیتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔اکھلیش یادو نے بی جے پی پر الزام لگایا کہ ان کے اور ان کی اہلیہ ڈمپل یادو کے خلاف’ اے آئی‘ سےتیارشدہ ویڈیوز اور فرضی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے منفی تشہیر کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: اندور میں ’’چھاتروں کی گونج‘‘ میں حکومت کی رخنہ اندازی، ایک ہفتے کیلئے ملتوی

چندہ چوری کا ویڈیو

اکھلیش یادو کے ذریعے دکھائے گئے ویڈیو میں ایودھیا کے رام مندرمیں چندہ چوری سے متعلق الزامات کی طرف بھی اشارہ کیا گیا  ہےحالانکہ اکھلیش یادو نے یہ بھی واضح کیا کہ جس ویڈیو کو لے کر تنازع پیدا ہوا، وہ  سماجوادی پارٹی کا تیار کردہ ویڈیو نہیں تھا بلکہ کسی شخص نے انہیں فراہم کیا تھا۔ تاہم انہوں نے بی جے پی کے مبینہ ’اے آئی‘ حملوں کا جواب دینے کی بات ضرور کہی۔

سادھوسنتوں کی توہین کے الزام کا سہارا

بی جے پی نے اس ویڈیو کو بنیاد بنا کر واویلا مچانا شروع کردیا ہےاور اکھلیش یادو پر سادھو سنتوں، سناتن روایت اور ہندو عقیدے کی توہین کا الزام عائد کیا ہے۔ بی جے پی کے جنرل سیکریٹری سبرت پاٹھک نےکہا کہ یوگی آدتیہ ناتھ صرف وزیر اعلیٰ نہیں بلکہ سنت بھی ہیں اور ویڈیو کے ذریعہ ان کے بارے میں سماجوادی پارٹی کی سوچ سامنے آگئی ہے۔دوسری طرف  سماجوادی پارٹی کی میڈیا سیل نے بھی بی جے پی کو خبردار کیا ہے کہ اے آئی کے ذریعے ’’بچوں والا جھوٹا کھیل‘‘ بند کیا جائے، کیونکہ سماجوادی کارکنوں کے پاس بی جے پی کے گزشتہ  ۱۰؍ سال کے کام کا مکمل حساب موجود ہے اور وہ ہر حملے کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں اوران کی پارٹی کے پاس بھی جواب دینے کے لئے کافی مواد موجود ہے۔بی جے پی کے ریاستی ترجمان راکیش ترپاٹھی نے الزام لگایا کہ سماجوادی پارٹی بی جے پی کی شبیہ خراب کرنے کے لئےروز نیا بیانیہ اور جھوٹ تیار کر رہی ہےمگر ’’جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے‘‘ اور ایسی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔ معتبرذرائع کے مطابق اکھلیش یادو ۲۰۲۷ء کے اسمبلی انتخابات کے لئے پارٹی کی زمینی تنظیم کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل رسائی کو بھی مضبوط کرنے پر توجہ دے رہے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: ایس آئی آر کیخلاف بنگلور میں پرکاش راج بھی سڑک پر اُترے، حراست میں لیا گیا

سیاسی اخلاقیات ختم ہورہی ہیں

آزاد سماج پارٹی کے سربراہ اور نگینہ سے رکن پارلیمنٹ چندرشیکھر آزاد نے  اے آئی سے تیار کردہ ویڈیوز کے معاملے پر بی جےپی  حکومت کو نشانہ بنایا اور سیاسی اخلاقات کا جنازہ نکلنے کی بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ  مصنوعی ذہانت کے ذریعہ جعلی ویڈیوز اور گمراہ کن مواد تیار کرکے سیاسی ماحول کو متاثر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ویڈیو یا دعوے کو بغیر تصدیق کے سچ ماننے کے بجائے عوام کو اس کی حقیقت جانچنی چاہیے۔انہوں نے  زور دیا کہ سیاست کو ذات، مذہب اور جذباتی مسائل کے بجائے عوام کے بنیادی حقوق، روزگار، تعلیم اور سماجی انصاف کے مسائل پر مرکوز ہونا چاہیے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK