Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’ہم نے بی جے پی سے اتحاد کیا ہے لیکن اپنی پارٹی کو نہیں بھولے ہیں‘‘

Updated: December 01, 2023, 11:42 AM IST | Agency | Karjat

اجیت پوار کا پارٹی کارکنان سے خطاب ، اس بات کو دہرایا کہ حکومت میں شامل ہونے کا مقصد ریاست کی ترقی کیلئے کام کرنا ہے۔

Is Ajit Pawar still sticking to the ideals of NCP? Photo: INN
کیا اجیت پوار اب بھی این سی پی کے نظریات پر قائم ہیں؟۔ تصویر : آئی این این

ین سی پی کے باغی لیڈر اجیت پوارنے کہا ہے کہ ’’ ہم نے بی جے پی سے اتحا د کیا ہے لیکن اپنی پارٹی ( این سی پی) کو نہیں بھولے ہیں ۔ نہ ہی اپنی پارٹی کے نظریات کو ترک کیا ہے۔ ‘‘ اجیت پوار کرجت میں اپنی پارٹی این سی پی ( اجیت) کے ۲؍ روزہ اجلاس میں کارکنان سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے ایک بار پھر یہ دہرایا کہ بی جے پی سے ہاتھ ملانے اور حکومت میں شامل ہونے کامقصد ریاست کے رکے ہوئے ترقیاتی کاموں کو آگے بڑھانا ہے۔ 
 اجیت پوار نے کہا ’’ اس وقت ریاست کا ماحول کچھ مختلف ہے۔ اپنی بات کہنے کا حق سب کو ہے ۔ لوگ کہہ بھی رہے ہیں لیکن اس بات کا دھیان رکھنا چاہئے کہ ایسا کرتے وقت ۲؍ سماج کے درمیان منافرت نہ پیدا ہو۔‘‘ انہوں نے خاص طور پر ریزرویشن کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا ’’ مراٹھا سماج اور دھنگر سماج کو ریزرویشن چاہئے جبکہ او بی سی سماج کو لگ رہا ہے کہ کہیں ان کا ریزرویشن کم نہ ہو جائے۔ لیکن حکومت نے واضح کر دیا ہے کہ مراٹھا سماج کو ریزرویشن دیا جائے گا اور او بی سی سماج کے ریزرویشن میں  کوئی کمی بھی نہیں ہوگی۔ اس تعلق سے کام کیا جا رہا ہے۔ ‘‘ 
  این سی پی کے باغی لیڈر نے کہا ’’ ریاست میں کئی مسائل ہیں ۔ خاص کر بے روزگاری۔ اس کے علاوہ ۵؍ سال کے دوران ۴؍ بار قدرتی آفات کے سبب نقصان ہو چکا ہے۔ ایسی صورت میں ضروری تھا کہ ہم عوامی مسائل کو حل کرنے کیلئے اقتدار میں ہوتے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم نے بی جے پی سے ہاتھ ملایا۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’ ہم اپنے نظریات سے ذرا بھی منحرف نہیں ہوئے ہیں ۔ ہم اپنی پارٹی (این سی پی) کو نہیں بھولے ہیں ۔ ‘‘ 
 دونوں پارٹیاں ایک نہیں  ہوں گی؟
  جمعرات ہی کو کرجت میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اجیت پوار گروپ کے ریاستی صدر سنیل تٹکرے نے ان خبروں کو خارج از امکان قرار دیا کہ این سی پی کے دونوں گروہ ایک ہونے والے ہیں ۔ انہوں نے کہا ’’ میں وضاحت کر دوں کہ کچھ لوگ( شرد پوار گروپ کے) یہ بھرم پھیلا رہے ہیں کہ جلد ہی ہم این سی پی میں  ضم ہو جائیں گے یا یہ کہ دونوں گروہ ایک ہو جائیں گے لیکن یہ بے بنیاد بات ہے۔‘‘ انہوں نےکہا ’’ ہم لوگ اجیت پوار کی قیادت میں مہاراشٹر کی فلاح کیلئے کام کر رہے ہیں ۔ ‘‘ شرد پوار اور اجیت پوار کی حالیہ ملاقات کو انہوں نے تہوار کے موقع پر کی گئی ملاقات قرار دیا۔ تٹکرے نے کہا’’ دونوں عام طور پر ملاقات نہیں کرتے ہیں لیکن دیوالی کے موقع پرپورا خاندان یکجا ہوا تھا لہٰذ ا ان دونوں کی ملاقات بھی ہوئی۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK