سوامی اویمکتیشورانند سے ملاقات کے بعدسماجوادی پارٹی کے صدر کےسنگین الزامات، بی جے پی کی قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی یقین دہانی۔
اکھلیش یادو نےلکھنؤ میں شنکراچاریہ سوامی اویمکتیشورانند سے ملاقات کی-آئی این این
اتر پردیش میں رام مندر کے چندہ چوری کے معاملے پر سیاست مزید گرم ہوگئی ہے۔ سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نےلکھنؤ میں شنکراچاریہ سوامی اویمکتیشورانند سے ملاقات کے بعد بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے رام مندر میں تعینات ملازمین کے بی جے پی سے روابط کا دعویٰ کیا، خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) پر سوالات اٹھائے اور تمام ملازمین کے کال ڈیٹیل ریکارڈ (سی ڈی آر) کی جانچ کا مطالبہ کیا۔ دوسری جانب اتر پردیش بی جے پی صدر پنکج چودھری نے چندہ چوری کےواقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ تحقیقات میں قصوروار پائے جانےوالوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے جمعرات کو شنکراچاریہ سوامی اویمکتیشورانند سے ملاقات کی۔اس دوران رام مندر میں چندےکی خردبرد، گئورکشا اور سناتن دھرم سمیت مختلف موضوعات پر تبادلۂ خیال کیاگیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ سناتن دھرم پر درپیش چیلنجز اور مذہب کو’ادھرمیوں‘ کے چنگل سے آزاد کرانے کے موضوع پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔اکھلیش یادو نے رام مندر میں تعینات تمام ملازمین کے کال ڈیٹیل ریکارڈ (سی ڈی آر) کی جانچ کا مطالبہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اگر ریکارڈ کی جانچ کی جائے تو ۹۹ء۹؍ فیصد ملازمین کے بی جے پی سے روابط سامنے آئیں گے جس کے بعد حکمراں جماعت میں بھگدڑ مچ جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ بی جے پی کے کئی لوگ پہلے ہی سماجوادی پارٹی سے رابطے میں ہیں۔
ایس آئی ٹی کی جانچ پر سوال اٹھاتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ یہ محض معاملے کو دبانے کی کوشش ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تحقیقاتی ٹیم کے ایک رکن پر بھی دھوکہ دہی کا مقدمہ درج ہے، ایسے میں اس ٹیم کی غیرجانبداری پر سوال اٹھنا فطری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مرکز واقعی شفاف تحقیقات چاہتا تو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی)، سی بی آئی یا انکم ٹیکس محکمہ جیسے اداروں سے جانچ کرائی جاتی۔ انہوں نے کہا کہ سناتن دھرم میں بھگوان کو چڑھائے گئے نذرانے کی چوری سب سے بڑا گناہ تصور کی جاتی ہے اور آج یہ معاملہ ہر گھر میں زیر بحث ہے ۔ دوسری جانب اتر پردیش بی جے پی کے صدر پنکج چودھری نے مرزاپور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رام مندر کے چندے میںخردبرد کوانتہائی افسوسناک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی اور مرکزی حکومت اس معاملے کی مکمل اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کو یقینی بنا رہی ہیں اور جو بھی قصوروار ثابت ہوگا، اس کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے اکھلیش یادو اور راہل گاندھی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ کبھی بھگوان رام کے لئے سنجیدہ نہیں رہے، وہ آج رام مندر کے نام پر سیاست کر رہے ہیں۔