Updated: July 10, 2026, 12:02 PM IST
|
Agency
| London
۱۴۲؍سالہ تاریخ میںلارڈز کے میدان پر پہلی بار خواتین کرکٹ کا ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا، دونوں ٹیمیں اسے یادگار بنانے کی کوشش کریںگی۔
ٹیم انڈیا۔ تصویر:آئی این این
خواتین کرکٹ کی تاریخ کا ایک نیا اور سنہری باب آج یعنی ۱۰؍ جولائی سے لندن کے تاریخی میدان لارڈز پر لکھا جائے گا، جہاں ہندوستان اور انگلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیمیں واحد ٹیسٹ میچ میں ایک دوسرے کے سامنے ہوں گی۔ ۱۴۲؍ سالہ ٹیسٹ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب لارڈز کے میدان پر خواتین کا کوئی ٹیسٹ میچ کھیلا جا رہا ہے۔ اس یادگار مقابلے کے لئے دونوں ٹیمیں بھرپور تیاریاں کر چکی ہیں اور شائقین کرکٹ میں اس میچ کے تعلق سے زبردست جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔ کرکٹ کا گھر کہے جانے والے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ پر یہ میچ خواتین کرکٹ کیلئے بہت بڑا میٖل کا پتھر ہے۔ ٹھیک ۵۰؍سال قبل (۱۹۷۶ء میں) انگلینڈ کی خواتین ٹیم نے پہلی بار یہاں کوئی محدود اوورز کا میچ کھیلا تھا اور اب آدھی صدی بعد وہ یہاں سفید لباس میں سرخ گیند سے مقابلہ کریں گی۔
ہندوستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ امول مجمدار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس موقع کو تمام کھلاڑیوں کے لئے خواب کا سچ ہونا قرار دیا ہے۔اگرچہ دونوں ٹیمیں حالیہ ٹی ۔۲۰؍ ورلڈ کپ کا خطاب جیتنے میں ناکام رہیں لیکن جب بات ٹیسٹ کرکٹ کی ہو تو ہندوستانی ٹیم کا حالیہ ریکارڈ انتہائی شاندار رہا ہے۔ ۱۹۹۵ء سے اب تک انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچوں میں ٹیم انڈیا کا پلڑا بھاری رہا ہے۔تاہم میچ سے ٹھیک پہلے ہندوستانی ٹیم کو ایک بڑا جھٹکا لگا ہے کیونکہ ان کی شاندار اوپنر پرتیکا راول گھٹنے کی انجری کی وجہ سے میچ سے باہر ہو گئی ہیں۔ ان کی جگہ ٹیم میں پریہ پنیا کو شامل کیا گیا ہے۔
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی قیادت تجربہ کار ہرمن پریت کور کر رہی ہیں۔ ٹیم کی بلے بازی لائن اپ کافی مضبوط دکھائی دے رہی ہے جس میں نائب کپتان اسمرتی مندھانا، شیفالی ورما اور جمائمہ روڈریگز جیسی اسٹار کھلاڑی شامل ہیں۔ آل راؤنڈر دیپتی شرما اور اسپن گیندباز ا سنیہ رانا لارڈز کی پچ پر اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔
میزبان انگلینڈ کو ہوم کنڈیشنز کا فائدہ حاصل ہوگا۔ ہیتھر نائٹ کی قیادت میں ٹیم کے پاس نیٹ اسکیور برنٹ، ٹیمی بیومونٹ اور مینی ویلیئرز جیسی شاندار کھلاڑی موجود ہیں۔ انگلینڈ کی فاسٹ بولنگ لائن اپ اور سوفی ایکلسٹون کی اسپن گیندبازی ہندوستانی بلے بازوں کےلئے بڑا چیلنج ثابت ہو سکتی ہے۔
کھیل کے ماہرین کے مطابق لارڈز کی پچ شروع میں تیز گیند بازوں کو مدد فراہم کرے گی جس کی وجہ سے ٹاس جیتنے والی ٹیم پہلے گیندبازی کرنے کو ترجیح دے سکتی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان یہ ٹیسٹ میچ خواتین کرکٹ کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کرنے کے لئے تیار ہے۔