Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکہ اسرائیل کیلئے فکر مند، جنگی بیڑہ خلیج ِفارس پہنچ گیا، مزید طیارے بھیجنے کا فیصلہ

Updated: August 03, 2024, 12:56 PM IST | Agency | Tel Aviv / Washington / Tehran

مشرق وسطیٰ پر جنگ کے بادل گہرے ہونے لگے۔ ایران نے اپنے مہمان کے قتل کا انتقام لینے کا اعلان دہرایا تو نیتن یاہونے بھی تیار ہونے کا دعویٰ کیا۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

اسماعیل ہانیہ کی شہادت کے بعد مشرق وسطیٰ میں  حالات تیزی سے بدلنے کے اندیشوں  کی بنا پر واشنگٹن کو صہیونی ریاست کی فکر لاحق ہوگئی ہے۔ تہران کی جانب سے اسماعیل ہانیہ کی شہادت کا انتقام لینے کے اعلان کے بعد امریکہ نے ہنگامی طور پر اپنا جنگی بحری بیڑہ روزویلٹ خلیج فارس منتقل کردیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس نے مزید جنگجو طیارے مشرق وسطیٰ روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے :’اسماعیل ہانیہ کاخون رائیگاں نہیں جائیگا، یہ فلسطین کی آزادی کی راہ ہموارکریگا‘

خلیج فارس پہنچنے والے بحری بیڑے میں ۶؍ میزائل بردار جہاز بھی موجود ہیں، مشرقی بحیرہ روم میں ۵؍ امریکی جنگی بحری جہاز پہلے سے ہی تعینات ہیں۔ اس کے علاوہ امریکی جاسوس طیاروں کی بھی شام، لبنان اور اسرائیل کی ساحلی پٹیوں پر پروازوں کا سلسلہ جاری ہے۔ عرب میڈیا کی رپورٹس کے مطابق شام، لبنان اور اسرائیل کی ساحلی پٹی پر امریکی بحریہ کے جاسوس طیاروں نے۴؍ گھنٹے تک پرواز کی اور انٹیلی جنس ڈیٹا اکٹھا کیا۔ امریکی حکومت کو اندازہ ہے کہ اسرائیل پر حملہ صرف ایران سے نہیں ہوگا بلکہ مشرق وسطیٰ میں  سرگرم وہ جنگجو تنظیمیں  بھی اسے نشانہ بنائیں گی جنہیں  ایران کی تائید حاصل ہے۔ اس پس منظر میں  امریکہ کو اسرائیل پر غزہ، لبنان اور یمن سے شدید حملوں  کا ڈر ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:ترکی کی ثالثی کے نتیجے میں امریکہ اور روس کے درمیان قیدیوں کا تاریخی تبادلہ مکمل

دوسری جانب ایرانی فوج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل محمد حسین باقری کا کہنا ہے کہ اسرائیل سے حماس کے لیڈر کی شہادت کا بدلہ لینے کا طریقہ ابھی زیر غور ہے۔ ایرانی فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ایران اسماعیل ہانیہ کی شہادت کا بدلہ ضرور لے گا۔ میجر جنرل محمد حسین باقری نے مزید کہا کہ اسرائیل کو ہر حال میں پچھتانا پڑے گا، اسرائیل کے خلاف کئی اقدامات کئے جائیں گے۔ 
 دوسری جانب اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ’’ہم، دفاع اور حملے ہر دو حوالوں سے اور ہر طرح کی صورتحال کا مقابلہ کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔ ‘‘ وزارت عظمیٰ کےدفتر سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق بنیامین نیتن یاہو نے داخلی محاذ کمانڈ آفس میں حالات کے جائزے کیلئے منعقدہ اجلاس میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا ہے کہ’’دفاعی حوالے سے بھی اور حملے کے حوالے سے بھی اسرائیل ہر طرح کے منظر نامے کا مقابلہ کرنے کی مکمل تیاری کی حالت میں ہے۔ ‘‘ انہوں نے دعوی کیا ہے کہ’’ہم، خواہ کسی بھی شعبے میں کیوں نہ ہو اسرائیل پر کئے گئے حملے کا، بھاری بدلہ چکائیں گے۔ جو ہمیں نقصان پہنچائے گا ہم بھی اسے نقصان پہنچائیں گے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK