نوجوانوں کو گاندھیائی فلسفے، جمہوری اقدار اور آزادانہ سوچ سے جوڑنے کے لیے پونے میں ’کاکروچ کلب‘ کا آغاز کیا گیا ہے۔ CJP کی یہ پہل ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب قانونی پابندیوں اور حکومتی کارروائیوں کے باعث تنظیم کی احتجاجی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔
EPAPER
Updated: November 23, 2026, 9:02 PM IST | New Delhi
نوجوانوں کو گاندھیائی فلسفے، جمہوری اقدار اور آزادانہ سوچ سے جوڑنے کے لیے پونے میں ’کاکروچ کلب‘ کا آغاز کیا گیا ہے۔ CJP کی یہ پہل ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب قانونی پابندیوں اور حکومتی کارروائیوں کے باعث تنظیم کی احتجاجی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔
ہندوستان میں نوجوانوں کو گاندھیائی فلسفے اور جمہوری اقدار سے روشناس کرانے کیلئے ایک نئے پلیٹ فارم ’کاکروچ کلب‘ (Cockroach Club) کا آغاز کیا گیا ہے۔ یہ پہل ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب قانونی پابندیوں اور کارروائیوں کے باعث تنظیم کو سڑکوں پر احتجاج کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اس کلب کا باضابطہ افتتاح گزشتہ سنیچر کو پونے میں ’لیگیسی آف باپو‘ (Legacy of Bapu) کے عنوان سے منعقدہ پروگرام میں کیا گیا۔ اس موقع پر مزاح، طنز، شاعری، موسیقی اور مباحثوں کے ذریعے نوجوانوں کو مہاتما گاندھی کے نظریات اور موجودہ ہندوستان میں ان کی اہمیت سے واقف کرایا گیا۔ مقامی مسائل کو گفتگو کا مرکز بنانے کیلئے پروگرام مراٹھی اور ہندی زبانوں میں منعقد کیا گیا۔
یہ بھی پڑھئے: آلودگی پر قابو پانے کے لئے ڈرون سے پانی کا چھڑکاؤ،اے کیو آئی میں کمی کا دعویٰ
تنظیم کے شریک کنوینر سورَو داس کے مطابق، کاکروچ کلب نوجوانوں کو آزادانہ سوچنے، سوال کرنے اور مختلف نظریات پر تبادلۂ خیال کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔ انہوں نے اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کلب کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ یہ نوجوانوں کیلئے ایک مستقل جسمانی مرکز ہوگا، جہاں وہ گاندھی، جواہر لعل نہرو، ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اور دیگر مفکرین کے نظریات پر لیکچرز اور مباحثوں میں حصہ لے سکیں گے۔ یہاں فلموں کی نمائش، مطالعے، امتحانات کی تیاری اور کتابیں پڑھنے کیلئے بھی جگہ فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ لائیو پرفارمنس اور اسٹینڈ اَپ کامیڈی کے ذریعے تفریح کا اہتمام بھی ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کلب کا مقصد نوجوانوں پر کسی مخصوص نظریے یا رائے کو مسلط کرنا نہیں بلکہ انہیں خود سوچنے، سوال اٹھانے اور مختلف نقطۂ نظر کو سمجھنے کی ترغیب دینا ہے۔
یہ پہل ایک ایسے نوجوانوں کی تحریک کو دوبارہ متحرک کرنے کی کوشش ہے جس کی سرگرمیاں مسلسل حکومتی کارروائیوں اور قانونی رکاوٹوں سے متاثر ہوئی ہیں۔ سی جے پی (CJP) کو پہلی بڑی کامیابی اس وقت ملی تھی جب اس نے جون اور جولائی میں دہلی کے جنتر منتر پر نیٹ (NEET) امتحان کے پرچے کے افشا اور دیگر امتحانی بے ضابطگیوں کے خلاف ۳۶؍ روزہ احتجاج کی قیادت کی تھی۔ خبر کے مطابق، اس احتجاج کے نتیجے میں مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کو استعفیٰ دینا پڑا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: اجین میں کی جارہی انہدامی کارروائی پر کانگریس کی تنقید
بعد ازاں ووٹر لسٹوں کی خصوصی نظرثانی (SIR) میں مبینہ بے ضابطگیوں اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف ہونے والے احتجاج کے دوران انتظامیہ نے سخت کارروائی کی۔ سی جے پی کے لیڈروں ابھیجیت ڈپکے، آشوتوش رانکا اور سورَو داس کو دہلی ہوائی اڈے پر طیارے سے حراست میں لیا گیا، جہاں وہ ایس آئی آر کے خلاف احتجاج میں شرکت کیلئے پہنچے تھے۔ پولیس نے ان سے امن و امان برقرار رکھنے کے سلسلے میں ایک پابندی نامہ بھی دستخط کروایا۔ بعد میں سورَو داس اور رانکا کو مبینہ طور پر اس پابندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک نجی جائیداد میں داخل ہوکر جنتر منتر پہنچنے کی کوشش کے الزام میں ایک ہفتے کیلئے جیل بھیج دیا گیا تھا، کیونکہ اس وقت جنتر منتر کو احتجاج کے مقررہ مقام کی حیثیت سے ہٹا دیا گیا تھا۔