Inquilab Logo

امیت شاہ کے پاس ادین راجے بھوسلے سے ملنے کا وقت نہیں؟

Updated: March 24, 2024, 2:47 PM IST | Agency | Satara

ستارا سے لوک سبھا ٹکٹ کے خواہشمند بی جے پی رکن پارلیمان نے ۴؍ دنوں سے دہلی میں ڈیرہ ڈال رکھا ہے۔

Udayanraje Bhosale. Photo: INN
ادین راجے بھوسلے۔ تصویر : آئی این این

چھترپتی شیواجی کے گھرانے سے تعلق رکھنے والے بی جے پی رکن پارلیمان ادین راجے بھوسلے گزشتہ ۳؍ دنوں سے دہلی میں ڈیرہ ڈالے ہوئے ہیں لیکن مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے انہیں ملاقات کا وقت نہیں دیا ہے۔ دراصل ادین راجے ستارا سے لوک سبھا کا ٹکٹ چاہتے ہیں جب کہ بی جےپی نے اب تک یہ ظاہر نہیں کیا ہے کہ وہ اس بار ستارا سے کس امیدوار کو ٹکٹ دے گی۔ 
 دراصل ادین راجے بھوسلے ایک زمانے تک این سی پی ( متحدہ ) کے سب سے مضبوط امیدواروں میں سے ایک ہوا کرتے تھے۔ انہوں نے کبھی شکست کا منہ نہیں دیکھا۔ لیکن ۲۰۱۹ء میں این سی پی سے استعفیٰ دے کر بی جے پی میں شامل ہو گئے۔ مگر شرد پوار نے ستارا سیٹ پر بارش میں کی گئی اپنی تقریر کے سبب پانسہ پلٹ دیا اور ادین راجے بھوسلے کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھئے:کلیان : ایکناتھ شندے کے بیٹے کا مقابلہ آنند دیگھے کے بھتیجے سے؟

۲۰۲۰ء میں امیت شاہ نے ادین راجے کو راجیہ سبھا کا ٹکٹ دیا اور وہ منتخب کر لئے گئے۔ فی الحال وہ راجیہ سبھا کے رکن ہیں اور ان کی ۲؍ سال کی مدت باقی ہے لیکن ادین راجے چاہتے ہیں کہ انہیں ستارا سے لوک سبھا کا ٹکٹ دیا جائے۔ بی جے پی نے جو مہاراشٹر کیلئے اپنی فہرست جاری کی ہے اس میں ان کا نام شامل نہیں ہے۔ نہ ہی ستارا سے کسی اور کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ ادین راجے نے ایڑی چوٹی کا زور لگا دیا لیکن ان سے کہا گیا کہ بی جے پی کی مہاراشٹر قیادت کے ہاتھ میں ٹکٹ دینے کا اختیار نہیں ہے اس کا فیصلہ امیت شاہ ہی کریں گے۔ لہٰذا وہ خود دہلی پہنچے اور امیت شاہ سے ملاقات کا وقت مانگا۔ ان سے کہا گیا ہے کہ ملاقات کیلئے بلایا جائے گا فی الحال انتظار کیجئے۔ وہ ۳؍ دن سے انتظار کر رہے ہیں لیکن امیت شاہ کے گھر سے کوئی پیغام ان تک نہیں پہنچا۔ انہیں توقع تھی کہ ان کا تعلق چھترپتی کے گھرانے سے ہے اس لئے امیت شاہ ان کا پرتپاک استقبال کریں گے لیکن امیت شاہ نے اب تک سرد مہری کا مظاہرہ کیا ہے۔ یاد رہے کہ حال ہی میں مراٹھا ریزویشن کی تحریک کے دوران ادین راجے نے منوج جرنگے کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ جبکہ یہ تحریک ایک طرح سے بی جے پی کے خلاف سمجھی جا رہی تھی۔ فی الحال نہ صرف ادین راجے بلکہ مہاراشٹر کے بیشتر لوگوں کی نظر اس بات پر لگی ہوئی ہیں کہ امیت شاہ ادین راجے سے ملاقات کرتے ہیں یا نہیں ؟ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK