Inquilab Logo Happiest Places to Work

پہلگام حملے کے شہید سید عادل حسین شاہ کے نام پر اننت ناگ کے سرکاری اسکول کا نام تبدیل کر دیا گیا

Updated: May 20, 2026, 10:09 PM IST | Anantnag

جموں و کشمیر کی وزیرِ تعلیم سکینہ اتو نے ایک تقریب میں اس فیصلے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسکول کا نام تبدیل کرنے کا مقصد شاہ کی شجاعت اور قربانی کی یاد کو زندہ رکھنا ہے۔ مقامی ہیروز کے نام پر تعلیمی اداروں کے نام رکھنے سے ان کی وراثت کو آنے والی نسلوں کیلئے محفوظ رکھنے میں مدد ملتی ہے۔

Shaheed Adil Memorial High School (Inset: Syed Adil Hussain Shah). Photo: X
شہید عادل میموریل ہائی اسکول۔ (انسیت:سید عادل حسین شاہ) تصویر: ایکس

جموں و کشمیر حکومت نے جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں واقع ’گورنمنٹ ہائی اسکول، ہپت نار‘ کا نام تبدیل کرکے ’شہید عادل میموریل ہائی اسکول‘ رکھ دیا ہے۔ یہ فیصلہ سید عادل حسین شاہ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے کیا گیا ہے جو ۲۲ اپریل ۲۰۲۵ء کو پہلگام میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے دوران سیاحوں کو بچانے کی کوشش میں شہید ہوئے تھے۔ 

واضح رہے کہ ہپت نار گاؤں کے رہائشی اور اپنے خاندان کے واحد کفیل سید عادل حسین شاہ پہلگام کے بائیسرن وادی میں پونی رائڈ آپریٹر (گھوڑا چلانے والے) کے طور پر کام کر رہے تھے جب دہشت گردوں نے عام شہریوں پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ عینی شاہدین اور سرکاری بیانات کے مطابق، شاہ نے حملہ آوروں کو نہتے روکنے اور ان سے ہتھیار چھیننے کی کوشش کی تاکہ وہاں موجود سیاحوں کی جان بچائی جا سکے۔ اس جدوجہد کے دوران وہ گولی لگنے سے شہید ہوگئے۔

یہ بھی پڑھئے: بنگال میں عیدالاضحی سے قبل برادران وطن کے مویشی تاجرسخت پریشان

اس واقعے نے پورے جموں و کشمیر میں بڑے پیمانے پر توجہ حاصل کی اور عادل شاہ کو حملے کے دوران سیاحوں کی ڈھال بننے کی کوشش پر یاد کیا گیا۔ حکام نے ان کے اس اقدام کو ’کشمیرئیت‘ اور مقامی مہمان نوازی کے حقیقی جذبے کا عکاس قرار دیا۔

جموں و کشمیر کی وزیرِ تعلیم سکینہ اتو نے ایک تقریب میں اس فیصلے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسکول کا نام تبدیل کرنے کا مقصد شاہ کی شجاعت اور قربانی کی یاد کو زندہ رکھنا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، سکینہ اتو نے واقعے کی رات جائے وقوع کا دورہ کرنے کا تذکرہ کیا اور اس منظر کو انتہائی دل دہلا دینے والا قرار دیا۔ انہوں نے زور دیا کہ مقامی ہیروز کے نام پر تعلیمی اداروں کے نام رکھنے سے ان کی وراثت کو آنے والی نسلوں کیلئے محفوظ رکھنے میں مدد ملتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: وزیراعلیٰ یوگی کو نماز سے تو اُن کےکابینی رفیق کو اذان سے پریشانی

جموں و کشمیر انتظامیہ نے اس سے قبل یومِ جمہوریہ کی تقریبات کے دوران حملے میں بہادری دکھانے پر عادل شاہ کو بعد از مرگ اعزاز سے بھی نوازا تھا۔ نام کی اس تبدیلی کے ساتھ ہی یہ اسکول اب باقاعدہ طور پر ’شہید عادل میموریل ہائی اسکول‘ کے طور پر جانا جائے گا۔ اس اقدام کے بعد، عادل شاہ کے آبائی ضلع اننت ناگ میں اسکول کی شکل میں ان کی ایک مستقل عوامی یادگار قائم ہوگئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK