کِیا انڈیا کی سر مایہ کاری سے ۱۲؍ ہزار سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ایک اور مینوفیکچرنگ پلانٹ قائم کرنے کا منصوبہ۔
EPAPER
Updated: November 13, 2026, 3:15 PM IST | Agency | Visakhapatnam
کِیا انڈیا کی سر مایہ کاری سے ۱۲؍ ہزار سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ایک اور مینوفیکچرنگ پلانٹ قائم کرنے کا منصوبہ۔
کیا انڈیا آندھرا پردیش میں تقریباً۲؍ ارب ڈالر (۱۷؍ہزار کروڑ روپے) کی سرمایہ کاری کرے گی جس سے ریاست میں۱۲؍ ہزار سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔وشاکھاپٹنم میں منعقدہ۳۱؍ویں سی آئی آئی پارٹنرشپ سمٹ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انڈیا کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر گوانگ گو لی نے اعلان کیا کہ کمپنی آندھرا پردیش میں ایک اور مینوفیکچرنگ پلانٹ قائم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ اس منصوبے پر تقریباً۲؍ ارب ڈالر، یعنی ۱۷؍ ہزار کروڑ روپے، خرچ کئے جائیں گے۔
اس نئے منصوبے سے تقریباً۱۲؍ ہزار افراد کو روزگار ملنے کی امید ہے۔ اس کے علاوہ کیا انڈیا کی سالانہ گاڑیوں کی پیداواری صلاحیت موجودہ ۴ء۳؍ لاکھ سے بڑھ کر۶ء۳؍ لاکھ تک پہنچ جائے گی۔گوانگ گو لی نے بتایا کہ آندھرا پردیش میں کیا کا سفر۲۰۱۷ء میں اس کے پہلے مینوفیکچرنگ پلانٹ کے قیام کے ساتھ شروع ہوا تھا۔ یہ پلانٹ وزیر اعلیٰ این چندرابابو نائیڈو کے تعاون اور حمایت سے ریکارڈ ۱۴؍ماہ کے اندر تیار کرکے شروع کیا گیا تھا۔ انہوں نے ریاست میں صنعتی ترقی کو فروغ دینے اور سرمایہ کاروں کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے کے سلسلے میں وزیر اعلیٰ چندرابابو نائیڈو کے عزم، لگن اور فعال اقدامات کی ستائش کی۔
انہوں نے کہا کہ کیا انڈیا ملک کی سرکردہ آٹوموبائل مینوفیکچرنگ کمپنیوں میں شامل ہے۔ کمپنی نے پیداوار کے اہم سنگ میل بھی تیزی سے حاصل کئے ہیں۔ کیا نے محض۴؍ سال میں ۱۰؍ لاکھ گاڑیوں اور ۷؍سال کے اندر۲۰؍ لاکھ گاڑیوں کی تیاری کا ہدف حاصل کیا جو اسے ملک میں یہ کامیابی حاصل کرنے والی تیز رفتار آٹوموبائل ساز کمپنیوں میں شامل کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ’’اگر شرم ہوتو مودی سرکارکے آدھے وزراء اور اراکین پارلیمان کو استعفیٰ دینا پڑ جائے‘‘
کمپنی کے آندھرا پردیش میں واقع موجودہ پلانٹ کی سالانہ پیداواری صلاحیت۳ء۴؍ لاکھ گاڑیاں ہے۔ یہ پلانٹ ایک بڑے برآمدی مرکز کے طور پر بھی ابھر کر سامنے آیا ہے۔ یہاں سے اب تک۱۰۰؍ کے قریب ممالک کو۴ء۱؍ لاکھ سے زیادہ گاڑیاں اور گاڑیوں کی کٹس برآمد کی جا چکی ہیں۔ اس سرگرمی سے ریاست میں روزگار کے مواقع پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ آٹوموبائل صنعت سے وابستہ دیگر شعبوں کو بھی تقویت ملی ہے۔
گوانگ گو لی نے مزید کہا کہ کیا انڈیا کی سرگرمیاں صرف گاڑیوں کی تیاری تک محدود نہیں ہیں بلکہ کمپنی سپلائی چین کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ تعلیم، صحت، ہنرمندی کی تربیت اور عوامی فلاح و بہبود کے شعبوں میں کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (سی ایس آر) کے تحت مختلف اقدامات بھی کئے جا رہے ہیں۔
کیا انڈیا کے منیجنگ ڈائریکٹر نے کیا کہا؟
گوانگ گو لی نے کہا کہ مجوزہ توسیعی منصوبہ آندھرا پردیش پر کیا انڈیا کے مضبوط اعتماد اور ہندوستان کے ساتھ کمپنی کی طویل مدتی وابستگی کا مظہر ہے۔ کمپنی ریاستی حکومت کے ساتھ اپنی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے اور آندھرا پردیش کو عالمی سطح پر مینوفیکچرنگ اور اختراع کے ایک اہم مرکز کے طور پر ترقی دینے کے ریاستی منصوبے میں تعاون جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہے۔