محمد عمررجب اور پتھروالی انگریزی میڈیم اسکول کے ایک ہزار ۲۰۰؍بچے اب اس ادارہ کے تحت تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
محمدعمررجب اسکول-تصویر:آئی این این
انجمن خیر الاسلام ٹرسٹ( اے کے آئی ) نے رکن اسمبلی رئیس شیخ کی غیر سرکاری تنظیم ’احتساب فاؤنڈیشن‘ کی نگرانی میں جاری محمد عمر رجب روڈ اور پتھر والی انگریزی میڈیم اسکول کو اس تعلیمی سال ( ۲۷-۲۰۲۶ء )سے اپنالیاہے ۔ ان اسکولوں میں مجموعی طور پر ایک ہزار ۲۰۰؍ بچے زیر تعلیم ہیں جنہیں بالکل مفت انگریزی تعلیم دی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ اے کے آئی ٹرسٹ نے نئے تعلیمی سال سے مدنپورہ کے ۲؍ نئے ممبئی پبلک اسکول محمد عمررجب روڈ اور پتھروالی انگلش میڈیم اسکول کو اپنی سرپرستی میں جاری رکھنے کا اہم فیصلہ کیا ہے۔ نئے تعلیمی سال کے آغاز پر ۱۵؍جون ۲۰۲۶ءکو اسکو ل کے پہلے دن اے کے آئی کے جنرل سیکریٹری ہانی احمد فرید اور ٹرسٹی محبوب پٹیل نے دونوں اسکولوں کا دورہ کرنے کے ساتھ ان اسکولوں کے طلبہ ،سرپرستوں ، اساتذہ اور ہیڈماسٹروں کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔ بچوں کو گلاب اور چاکلیٹ کا تحفہ پیش کیا ۔
اس موقع پر ان ذمہ داران نے طلبہ سے ملاقات کے دوران اپنا تعارف پیش کیا ساتھ ہی انہیں یہ بتایا کہ اب وہ اےکے آئی اسکول سے وابستہ ہوچکےہیں۔ اے کے آئی ان کی تعلیم وتربیت کرے گی ۔ طلبہ کو تعلیم کی اہمیت اور افادیت سے آگاہ کیا گیا ساتھ ہی پابندی سے اسکول آنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے یہ بھی کہاکہ آج کے دور میں، جب ہزاروں لوگ انگریزی میڈیم سے تعلیم حاصل کرنے کیلئے لاکھوںروپے خرچ کر رہے ہیں ،ایسے میں اے کے آئی نے معیاری انگلش میڈیم سےپڑھائی کرنے کی بالکل مفت سہولت فراہم کی ہے جس سے لوگوں کو استفادہ کرناچاہئے ۔ ہماری کوشش ہوگی کہ ان اسکولوں میں پڑھنے والے بچو ں کو معیاری انگریزی تعلیم سے آراستہ کیا جائے ۔ جس کیلئے ہم نے ماہر اور تجربہ کار اساتذہ کی تقرری کی ہے ۔ اے کے آئی نے ایک ہزار ۲۰۰؍ بچوں کو وقت کی مناسبت سے عمدہ انگریزی تعلیم دینے کی ذمہ داری قبول کی ہے ۔
اے کے آئی انتظامیہ نے اسکول کے پرنسپل اور تدریسی عملے کو ان اسکولوں کے معیار تعلیم کو بلند کرنے کیلئے ہرممکن تعاون دینے کا یقین دلایا ہے ۔ خیال رہے کہ اس سے قبل یہ دونوں اسکول احتساب فاؤنڈیشن کی نگرانی میں جاری تھے ۔واضح رہے کہ یتیم خانہ ومدرسہ’ انجمن خیرالاسلام (اے کے آئی)‘ ایک مذہبی، سماجی اور تعلیمی اقلیتی ادارہ ہے جس کی بنیاد ۱۹۲۷ء میں مدنپورہ میں صرف ۲؍ یتیم بچوں کے ساتھ رکھی گئی تھی ۔ تقریباً سو سال بعد ۲۰۲۶ء میں اسی مدنپورہ سے اس ادارے نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت ۲؍ پبلک اسکولوں کی ذمہ داری قبول کرکے عوامی و فلاحی کاموں میں مزید پیش رفت کی ہے ۔یہ ادارہ اپنے قیام سے ہی یتیم، نادار اور ضرورت مند بچوں کی تعلیم و کفالت کیلئے پوری ریاست میںخدما ت انجام دے رہا ہے۔’اے کے آئی‘ کے زیر اہتمام ممبئی سمیت ریاست کے دیگر اضلاع میں ۷۴؍ اسکول اور کالجز جاری ہیں جن میں ۳۰؍ہزار طلبہ زیر تعلیم ہیں اور ۵؍یتیم خانوں میں ایک ہزار ۲۰۰؍ طلبہ کی تعلیم و تربیت کا انتظام کیا جارہا ہے ۔