۲۵؍ماہ بعد بھی ایک جانب کا بریج نہیںکھولاگیاہے۔ دھاراوی بچاؤ آندولن کی جانب سے یہ مورچہ نکالاجائے گا۔
EPAPER
Updated: September 24, 2026, 10:50 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Sion
۲۵؍ماہ بعد بھی ایک جانب کا بریج نہیںکھولاگیاہے۔ دھاراوی بچاؤ آندولن کی جانب سے یہ مورچہ نکالاجائے گا۔
سائن بریج کی تعمیر میں تاخیر سے شہریوں کو ہونے والی زبردست دقت اور اسے جلد شروع کرنے کا مطالبہ کرنے کیلئے دھاراوی بچاؤ آندولن نے ۲۷؍ستمبر کو سائن اسٹیشن بریج کے پاس زبردست مورچہ نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بی ایم سی کے تساہل سے کام میں تاخیر ہورہی ہے جبکہ ریلوے اپنا کام پہلے ہی پورا کرچکا ہے۔ سائن بریج یکم اگست ۲۰۲۴ء کو ٹریفک کیلئے بند کرنےکےبعد اس کے انہدام اورتعمیرِ نو کی کارروائی شروع کی گئی تھی مگر ۲؍سال ۲۵؍ دن بعد بھی اس کا ایک حصہ بھی مکمل نہیں کیا جاسکا ہے۔ اس کانتیجہ یہ ہے کہ ہزاروں شہریوں کوزبردست دقتوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ متبادل چھوٹا بریج ناکافی ثابت ہورہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:سڑک حادثات میں اموات پر قابو پانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ہوگا
دھاراوی بچاؤ آندولن کےذمہ داران سابق رکن اسمبلی بابو راؤ مانے، کامریڈ نصیر الحق اورپال رافیل سے بات چیت کرنے پر انہوں نے کہا کہ ’’باہم میٹنگ کی گئی اوریہ طے پایا کہ بی ایم سی کو جگانے کے لئے مورچہ نکالنا ضروری ہے۔ اس لئے کہ ایک سے زائد مرتبہ ملاقات کےدوران یہ وعدہ کیا گیاتھا کہ۱۵؍ دن میں کام پورا ہوجائے گا ، دوبارہ پھر یہی وعدہ دہرایا گیا مگر اب تک کام ادھورا ہے اورشہری پریشان ہیں۔ ‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ’’ کہاں تو ایک تا ڈیڑھ سال میں کا م پورا کرنے کادعویٰ کیا گیا تھا اور کہاں تقریباً ۲۵؍ماہ ہونے والے ہیںا س کےباوجود کام ادھورا ہے۔ بریج کا ایک حصہ بھی ٹریفک کے لئے نہیں کھولا جاسکا ہے ۔اس لئے شہری انتظامیہ اپنے وعدے کےمطابق اورعوام کی پریشانی کودیکھتے ہوئے جلد سے جلد کام پورا کرےاوربریج کو ٹریفک کے لئے کھولا جائے۔‘‘