مالونی میںاس طرح رائے دہندگان کو متوجہ کیا جارہا ہے۔ بی ایل او نے شکایت کی کہ فارم کم جمع کرائے گئے ہیں ، کہا : تاریخ میں توسیع سے آسانی ہوگی لیکن شہریوں کو بھی آخری تاریخ کا انتظار نہیں کرنا چاہئے۔
EPAPER
Updated: August 06, 2026, 12:49 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Maloni
مالونی میںاس طرح رائے دہندگان کو متوجہ کیا جارہا ہے۔ بی ایل او نے شکایت کی کہ فارم کم جمع کرائے گئے ہیں ، کہا : تاریخ میں توسیع سے آسانی ہوگی لیکن شہریوں کو بھی آخری تاریخ کا انتظار نہیں کرنا چاہئے۔
’اسپیشل انٹنسیو ریو یژن (ایس آئی آر )‘کیلئے لاؤڈاسپیکر کے ذریعے گلی محلوں میں اعلان کیا جارہا ہے۔ مالونی میں اس انداز میں رائے دہندگان کو اپنا نام ووٹرلسٹ میں درج کرانے اوراسپیشل انٹنسیو رویژن میں حصہ لینے کے لئے متوجہ کیا جارہا ہے۔
شہر اور مضافات میں ہر جگہ ایس آئی آر چل رہا ہے، بی ایل او فارم بھرنے کے ساتھ اسے جمع بھی کررہے ہیں مگر یہ شکایت عام ہے کہ جتنے فارم تقسیم کئے گئے ہیں، ان میں سے بڑی تعداد میں شہریوں نے اب بھی فارم بھر کرجمع نہیں کروائے ہیں۔ اس لئے شہری آخری تاریخ کا انتظار نہ کریں بلکہ جلد سے جلد اپنا فارم جمع کرادیں تاکہ اس کے بعد کےمراحل طے کئے جاسکیں ۔ یاد رہے کہ ایڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسرپارکر نے منگل کو ملاقات کے لئے جانے والے وفد سے بات چیت کے دوران یہ اعتراف کیاتھا کہ ممبئی اورمضافات میںایس آئی آر کاکام ریاست کے دیگر مقامات کے مقابلے کافی کم ہوا ہے ۔ اب تک یعنی منگل تک محض شہر میں ایس آئی آر کا ۴۳؍ فیصد ہی کام ہوا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: عدالت نے نتن گڈکری سے متعلق تضحیک آمیز پوسٹ ہٹانے کا حکم دیا
اعلان میںکیا کہا جارہا ہے؟
آٹو رکشا پر لاؤڈاسپیکر باندھ کرگلی محلے میں ارشاد شیخ اعلان کرتے ہوئے یہ کہتے ہیں کہ (۱)سنئےسنئے، دھیان دیجئے، ایس آئی آر چل رہا ہے،اس پرتوجہ دیجئے (۲) اپنا اور اپنے بالغ ہوگئے بچوں کا فارم بھریئے ( ۳) پہلی فرصت میں یہ اہم کام کرلیجئے (۴) ابھی وقت ہے، اپنا فارم حاصل کیجئے، بی ایل او سے ملئے اور صحیح صحیح تفصیل کے ساتھ اپنا فارم بھریئے (۵) آخری تاریخ کا انتظار مت کیجئے بلکہ ضروری اوراہم کام سمجھتے ہوئے فوراً اپنے بی ایل او سے رابطہ قائم کیجئے۔آج ہی جائیے، ابھی توجہ نہ دینےیا لاپروائی برتنے سے نام درج ہونے سے رہ جانے کااندیشہ ہے، اور یہ بڑا نقصان ہوگا اس لئے بیداری کا ثبوت دیجئے ،ذمہ دار شہری کا رول نبھایئے اور بلاتاخیر اپنا فارم بھر کر جمع کرواکر اطمینان کرلیجئے۔
یہ نظم مقامی رکن اسمبلی اسلم شیخ کی جانب سے کیا گیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد یہی ہےکہ ہر شخص بیدار ہوجائے اور ایس آئی آر میں حصہ لے کر اپنا اور اپنے خاندان کے ووٹرس کا فارم بھرے ،کسی کا نام رہنے نہ پائے ۔
’’تاریخ میں توسیع بہتر ، شہری فائدہ اٹھائیں ‘‘
نمائندۂ انقلاب نے مالونی میں ایک بی ایل او کے پاس بدھ کی دوپہر تقریباً ایک گھنٹہ بیٹھ کر حالات کا جائزہ لیا اورکچھ معلومات حاصل کیں تو ایسا لگا کہ واقعی عوام میں دلچسپی کم ہے۔اس اثناء میں ایک شخص محض یہ جاننے کےلئےآیا کہ اس کافار م اسی بی ایل او کےپاس جمع ہوگا یا کسی اور کے پاس۔
یہ بھی پڑھئے: ہاکروں کے مسائل سے متعلق کمیٹیاں نہ بنانے پر برہمی
بی ایل او کا کہنا ہے کہ فارم تو۱۱۰۰؍ میں سے ۸۰۰؍ سے زائد تقسیم کردیئے گئے ہیں اورتقریباً ۵۰۰؍ جو بھرکر لائے گئے، اسے اپ لوڈ بھی کردیا گیا ہے مگر بہت سے لوگوں نے اب بھی اپنے فارم جمع نہیںکرائے ہیںاورکچھ ووٹرس نے فارم حاصل بھی نہیں کئے ہیں۔بی ایل او کا یہ بھی کہنا ہے کہ تاریخ بڑھانے سے کام میںیقیناً آسانی ہوگی اور ذہن پر بوجھ نہیںرہے گا کہ آج یا تین دن میںکام پورا کرنا ہے مگرشہری بھی اسی انداز میں توجہ دیں ، وہ آخری تاریخ کا انتظار نہ کریں تاکہ ایک ایک شہری کا فارم صحیح طریقے سےبھرا جائے اورکسی کا نام کٹنے یا رہ جانے کااندیشہ نہ رہے۔ یہ اسی صورت ممکن ہے جب ہر شہری ایس آئی آر کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے اپنا تعاون پیش کرے۔ شہریوں کا تعاون فارم حاصل کرنا اور صحیح تفصیل کے ساتھ بھر کروقت سے پہلے جمع کرانا ہے۔