Inquilab Logo Happiest Places to Work

عدالت نے نتن گڈکری سے متعلق تضحیک آمیز پوسٹ ہٹانے کا حکم دیا

Updated: August 06, 2026, 12:21 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

مرکزی وزیر کے وکیل نے عدالت کے سامنے جو مواد پیش کیا اسے دیکھ کر جج نے خود اعتراف کیا کہ یہ تضحیک آمیز اور ناقابل برداشت ہے۔

Nitin Gadkari. Photo: INN
نتن گڈکری۔ تصویر: آئی این این

سوشل میڈیا پر ای ۲۰؍ ایتھنال کے نام پر بد عنوانی کرنے کا الزام لگاتے ہوئے مرکزی وزیر نتن گڈکری اور ان کے اہل خانہ کے تعلق سےبے شمار توہین و تضحیک آمیز پوسٹ ڈالی گئی ہیں ۔ اس پر نتن گڈکری نے بامبے ہائی کورٹ میں عرضداشت داخل کرکے میٹا ،ایکس اور گوگل کے علاوہ دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمس کے خلاف مقدمہ دائرکرنے کی اجازت طلب کی تھی۔ بدھ کوعدالت نےنتن گڈکری کی درخواست پر مذکورہ پلیٹ فارمس کو متنازع ، تضحیک و توہین آمیز پوسٹ ہٹانے کا حکم دیا۔

نتن گڈکری نے ان کے اور ان کے اہل خانہ کے خلاف شیئر کی گئیں جھوٹ پر مبنی تحریریںاور تضحیک آمیز کارٹون اور میم کو سوشل میڈیا سے ہٹانے کے علاوہ  پیٹرول میں ای ۲۰؍ ایتھنال کی ملاوٹ سے مالی فائدہ اٹھانے کے الزامات سے متعلق مواد کو بھی ڈیلیٹ کرنے کی ہے ۔ انہوں نے ہتک عزت کا دعویٰ کرتے ہوئے ۱۱؍ کروڑ روپےہرجانہ کا مطالبہ بھی کیا ہے۔مرکزی وزیر کی پیروی کرتے ہوئے وکیل سندیپ لاڈھا نے عدالت میں کئی گھناؤنی، توہین آمیز، فحش اور ہتک آمیزپوسٹ کا حوالہ دیتے ہوئےوزیر کی شبیہ کو خراب کرنے کا الزام لگایا۔

یہ بھی پڑھئے: ہنگولی: گئو ہتیا کے الزام پر نائب صدر بلدیہ عمران علی کو استعفیٰ دینا پڑا

بامبے ہائی کورٹ کے جسٹس عارف ڈاکٹر نے فراہم کردہ اطلاع اور سوشل میڈیا مواد کا جائزہ لینے کے بعد کہا کہ ’’ یہ مواد توہین اور تضحیک آمیز ، گھٹیا اور فحش ہے بلکہ ناقابل برداشت بھی ہے ۔ ایسی پوسٹ کو عوامی پلیٹ فارم جہاں نہ صرف بزرگ و خواتین و نوجوان بلکہ بچہ بھی موجود ہوتے ہیں ، اپلوڈ کرنے کی اجازت ہی نہیں دی جانی چاہئے ۔‘‘ کورٹ نے میٹا ، گوگل اور ایکس کے علاوہ دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارم  سے دریافت کیا کہ  کیا ان کے پاس کوئی ایسا نظام نہیں ہےجو اس نوعیت کے توہین آمیز اور فحش موادکو خود شناخت کرلے اور اسے فوری طورپر ہٹا دے ۔کورٹ نے نتن گڈکری سے متعلق مذکورہ پوسٹ ہٹانے کی ہدایت دی۔ میٹا اور گوگل نے ہامی بھرتے ہوئے اسے ہٹانے پر رضا مندی کا اظہار کیا ۔ اسی درمیان میٹا کے وکیل نے بعض مواد منصفانہ تنقیدوں پر مشتمل ہونے کا جواز بھی پیش کیا ۔اس پر گڈکری کے وکیل نےکہا کہ ان کے موکل کا مقصد جائز تنقیدوں کو روکنا نہیں ہے بلکہ جھوٹ اور ہتک آمیز مواد کو ہٹانا اور اس پر روک لگانا ہے ۔بعد ازیں کورٹ نے تمام فریق کی جرح سننے کے بعد سبھی کو اس ضمن میں حلف نامہ داخل کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت کو ۴؍ ہفتوں کے لئے ملتوی کردیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK