• Fri, 30 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن میں انسداد رشوت ستانی محکمہ کی کارروائی، ۲؍افسران گرفتار

Updated: October 30, 2026, 3:57 PM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon

میونسپل کمشنر رویندر جادھو کو ریسورٹ سے شکنجے میں لیا گیا۔ اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) کو ٹھیکیدار کی جانب سے شکایت موصول ہوئی کہ تعمیرات سے متعلق اخراجات کی ادائیگی کیلئے ۴؍ فیصد کے لحاظ سے نقد رقم کا مطالبہ میونسپل کمشنر رویندر جادھو کی جانب سے کیا گیا۔

Municipal Commissioner Ravindra Jadhav (in a white shirt) in custody, accompanied by ACB officials. Photo: Inquilab
زیر حراست میونسپل کمشنر رویندر جادھو (سفید شرٹ) اور ساتھ میں اے سی بی اہلکار۔ تصویر : انقلاب

انسداد رشوت ستانی محکمہ نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے مالیگاؤں کے میونسپل کمشنر سمیت ۲؍ افسران کو حراست میں لے کرایف آئی آر درج کی ہے۔اِس معاملے سے مقامی سیاست میں ایک طوفان اُٹھا ہے۔حزبِ اختلاف اور برسراقتدار ایک دوسرے پر الزامات عائد کرکے ایک دوسرے کو میونسپل کمشنر و افسران کا خیرخواہ ثابت کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔

اینٹی کرپشن بیورو کو شکایت موصول ہوئی کہ تعمیرات سے متعلق اخراجات کی ادائیگی کیلئے ۴؍ فیصد کے لحاظ سے نقد رقم کا مطالبہ میونسپل کمشنر رویندر جادھو کی جانب سے کیا گیا ہے۔ اس معاملے میں میونسپل کمشنر کے پی اے نلیش اور میونسپل اکائنٹنٹ دگمبر بھی ملوث بتارہے جارہے ہیں ۔عرضی گزار نے اس کی شکایت بیورو سے کی۔موصولہ شکایت کی روشنی میں بیورو نے جال بچھایا۔ایک وقت میں میونسپل کمشنر کے آفس ، اُن کے پی اے نلیش کے مکان اور اکاؤنٹنٹ دگمبر کے  چیمبر میں چھاپہ مار کارروائیاں کیں۔اس کارروائی سے پہلے  بیورو کے اہلکاروں کو معلوم ہوا کہ میونسپل کمشنر مالیگاؤں سے  دور واقع ایک ریسورٹ میں ’ انجوائے ‘ کررہے ہیں۔ بیوروکے دستے نے انہیں ریسورٹ سے گھسیٹ کر نکالا اور اپنی نگرانی میں لائے۔

میونسپل کمشنر کی ملازمت سے سبکدوشی کو ایک دن رہ گیا تھا !

میونسپل کمشنر رویندرجادھو ۳۱؍اکتوبر (سنیچر) کو اپنی ملازمت سے سبکدوش ہونیوالے تھے۔اُن کی آخری پوسٹنگ مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن میں بطورِ کمشنر ہوئی تھی۔۸۰؍ ہزار روپے رشوت مانگنے کے معاملے میں وہ اپنی ملازمت سے سبکدوشی سے ایک روز قبل حوالات میں پہنچ گئے۔اس سے قبل وہ دھولیہ میونسپل کارپوریشن میں ڈپٹی کمشنر کے عہدے پر کام کرتے ہوئے اسی نوعیت کے معاملے میں پکڑے گئے تھے۔دھولیہ میں ایک معلم نے جادھو کیخلاف اینٹی کرپشن بیورو میں شکایت کی تھی جبکہ مالیگاؤں میں گورنمنٹ ٹھیکیدار یا اُسکے لگائے ہوئے شخص نے جادھو کیخلاف اے سی بی کی مدد لی۔

یہ بھی پڑھئے: کانگریس نےبی جے پی کو ناگپورمیں دھول چٹائی

حزبِ اختلاف اور برسراقتدار کے بیانات

جیسے ہی اینٹی کرپشن بیورو کی کارروائی کی تفصیلات سوشل میڈیا پر پھیلی میونسپل کارپوریشن میں حزبِ اختلاف اور برسرِ اقتدار ایک دوسرے کیخلاف صف آراء ہوگئے۔کل تک میونسپل کمشنر جادھو سب کی آنکھوں کا تارا بنے ہوئے تھے۔ اے سی بی کے ہتھے چڑھنے کے بعد کمشنر کے نام پر سیاست گرم ہوگئی۔ڈاکٹر خالد پرویز (رُکن بلدیہ ،ایم آئی ایم) نے کہا کہ ’’ میونسپل کارپوریشن پر قابض انڈین سیکولر پارٹی اور سماج وادی پارٹی کو میونسپل کمشنر سے اتنا پیار تھا کہ اُن کے نام سے معہدملّت والی روڈ منسوب کرنے کی تجویز جنرل بورڈ میٹنگ میں انڈین سیکولر پارٹی کے رُکن بلدیہ اُدھو دریکر کے نام سے پیش کی گئی۔ در اصل چور چور آپس میں بھائی بھائی ہیں۔‘‘حزبِ اختلاف کے جارحانہ انداز پر پلٹ وار کرتے ہوئے سماج وادی پارٹی کے میونسپل گٹ نیتا محمد مستقیم نے کہا کہ ’’ میونسپل کمشنر کو مالیگاؤں میں پوسٹنگ دِلانے میں رُکن اسمبلی ( مفتی محمد اسماعیل قاسمی، ایم آئی ایم ) کی سفارش ہے۔ایڈمنسٹریٹر رُول میں وہ مالیگاؤں رجوع بہ کار ہوئے تھے۔ چور زیادہ دنوں تک چھپ نہیں سکتا۔‘‘

 میونسپل جنرل بورڈ میٹنگ ملتوی

مالیگاؤں(نمائندہ انقلاب):شہری بلدیہ کا ماہانہ اجلاس ۲۹؍اکتوبر جمعرات (گزشتہ روز) شام میں میونسپل ہیڈکوارٹر مولانا ابوالکلام آزادبھون میں ہونیوالا تھا۔ اجلاس سے قبل ۳۰؍ اہم نکات پر مشتمل ایجنڈا بھی تقسیم ہوا۔اسی روز مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے کمشنر رویندر جادھو سمیت دیگر دو افسران اینٹی کرپشن بیورو کی کارروائیوں کے نتیجے میں شکنجے میں آئے۔شہری بلدیہ کا ماہانہ اجلاس ملتوی ہوگیا۔اس کی وجہ سماج وادی پارٹی کے میونسپل لیڈر مستقیم ڈگنیٹی نے بتایا کہ سابق رُکن بلدیہ حرمت بی صدیق کا انتقال ہوجانے کی وجہ سے ماہانہ اجلاس ملتوی کیا گیا ہے۔ میڈیا نمائندگان نے میونسپل اتھاریٹیز پر اینٹی کرپشن بیورو کی کارروائی اور شہری بلدیہ کے اجلاس کو ملتوی کئے جانے سے متعلق مطابقت سے منسلک باتیں پوچھی تو مستقیم ڈگنیٹی نے انکار کردیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK