Updated: April 21, 2026, 7:04 PM IST
| California
ٹم کک نے ایپل انکارپوریٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے عہدے سے سبکدوش ہونے کا اعلان کر دیا ہے اور وہ ایگزیکٹو چیئرمین کا کردار سنبھالیں گے۔ کمپنی کے مطابق جان ٹرنس یکم ستمبر ۲۰۲۶ء سے نئے سی ای او ہوں گے۔ یہ فیصلہ ایک طویل منصوبہ بند قیادت کی منتقلی کا حصہ ہے۔
ایپل کے نئے سی ای او جان ٹرنس۔ تصویر: ایکس
ایپل انکارپوریٹڈ نے پیر کو ایک بڑے کارپوریٹ فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ٹم کک چیف ایگزیکٹو آفیسر کے عہدے سے دستبردار ہو جائیں گے اور کمپنی کے بورڈ میں ایگزیکٹو چیئرمین کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ اس کے ساتھ ہی موجودہ سینئر نائب صدر جان ٹرنس کو یکم ستمبر ۲۰۲۶ء سے نیا سی ای او مقرر کیا گیا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ فیصلہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری سے ایک طویل مدتی منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا ہے تاکہ قیادت کی منتقلی ہموار انداز میں مکمل ہو سکے۔ ٹم کک موسم گرما تک اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے اور اس دوران جان ٹرنس کے ساتھ مل کر ذمہ داریوں کی منتقلی کو یقینی بنائیں گے۔
یہ بھی پڑھئے: مالی سال ۲۶ء میں کمپنیوں نے آئی پی اوز کے ذریعے۲؍ لاکھ کروڑ جمع کیے
جان، جو اس وقت ہارڈویئر انجینئرنگ کے سینئر نائب صدر ہیں، کمپنی کی کئی بڑی مصنوعات کی تیاری میں کلیدی کردار ادا کر چکے ہیں۔ ان کی قیادت میں ایپل کے ہارڈویئر ڈویژن نے نمایاں ترقی کی، جس کے باعث انہیں کمپنی کی اعلیٰ ترین ذمہ داری سونپی جا رہی ہے۔ اپنے نئے کردار میں ٹم کک کمپنی کے اسٹریٹجک امور، خاص طور پر عالمی پالیسی سازوں اور حکومتوں کے ساتھ روابط پر توجہ دیں گے، جبکہ بورڈ کی سطح پر لیڈرئی فراہم کرتے رہیں گے۔
ایک کمیونٹی خط میں ٹم کک نے صارفین کے ساتھ اپنے تعلق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ۱۵؍ برسوں میں وہ روزانہ دنیا بھر کے صارفین کے تاثرات پڑھتے رہے ہیں، جن میں ایپل مصنوعات کے ذریعے زندگی میں آنے والی تبدیلیوں کا ذکر ہوتا ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں اس تبدیلی کو اپنے کریئر کا ’’اگلا مرحلہ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ایسے لیڈر کو ذمہ داری سونپ رہے ہیں جو کمپنی کو مزید آگے لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: امریکہ ایران جنگ: امارات کا تیل کی فروخت کیلئے چینی یوآن کا سہارا لینے کا عندیہ
واضح رہے کہ ٹم کک نے ۱۹۹۸ء میں ایپل میں شمولیت اختیار کی تھی اور ۲۰۱۱ء میں سی ای او بنے۔ ان کے دور میں کمپنی نے نہ صرف اپنی موجودہ مصنوعات کو وسعت دی بلکہ ایپل واچ، ایپل ویژن پرو اور ایئر پوڈس جیسی نئی کیٹیگریز بھی متعارف کروائیں۔ ساتھ ہی ایپل پے، آئی کلاؤڈ اور ایپل میوزک جیسی خدمات نے کمپنی کے ایکو سسٹم کو مزید مضبوط کیا۔ ماہرین کے مطابق یہ تبدیلی ایپل کے لیے ایک اہم موڑ ثابت ہو سکتی ہے، جہاں ایک طویل عرصے تک مستحکم قیادت کے بعد اب نئی حکمت عملی اور وژن کی آزمائش ہو گی۔