Updated: June 09, 2026, 8:02 PM IST
| Cupertino
ایپل نے ’سری اے آئی‘ کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا ہے جو رواں سال کے آخر تک دستیاب ہوگی۔ ایپل انٹیلیجنس کو اب بنیادی ایپس کے اندر شامل کر دیا گیا ہے۔ میک او ایس کے اگلے اپ ڈیٹ کا نام ’گولڈن گیٹ‘ رکھا گیا ہے۔ بچوں کے تحفظ کے حوالے سے، آئی او ایس ۲۷ میں ’کمیونیکیشن سیفٹی‘ ٹول متعارف کرایا گیا ہے۔
ایپل نے ۸ جون ۲۰۲۶ء کو کیلیفورنیا کے شہر کیوپرٹینو میں واقع ایپل پارک میں اپنی سالانہ ورلڈ وائیڈ ڈیولپرز کانفرنس (WWDC) کا انعقاد کیا۔ کانفرنس میں کلیدی خطاب کمپنی کے سی ای او ٹم کک نے پیش کیا جو اگست میں سبکدوش ہوجائیں گے اور یکم ستمبر کو یہ عہدہ جان ٹرنس (John Ternus) کے سپرد کریں گے۔ ٹرنس ایپل پارک میں موجود تھے اور انہیں کک کے ساتھ اسٹوڈنٹ ڈیولپرز سے ملاقات کرتے ہوئے دیکھا گیا، لیکن کلیدی خطاب کے دوران باضابطہ طور پر قیادت کی منتقلی کا کوئی لمحہ سامنے نہیں آیا۔
سری اے آئی (Siri AI) بالآخر ریلیز کر دیا گیا
دو سال کی تاخیر اور ۲۵۰ ملین ڈالر کے کلاس ایکشن مقدمے کے تصفیے کے بعد، ایپل نے ’سری اے آئی‘ کو صارفین کیلئے ریلیز کرنے کا اعلان کیا ہے۔ نئے سرے سے تیار کردہ یہ اے آئی اسسٹنٹ اب ایک مخصوص ایپ میں موجود ہے جس کے ساتھ آپ گفتگو بھی کرسکتے ہیں۔ اس میں رفتار اور تاثرات کے سلائیڈرز شامل ہیں تاکہ صارفین اس کی آواز کو اپنی پسند کے مطابق ڈھال سکیں۔ سری اے آئی ’ویژول انٹیلیجنس‘ کا استعمال کرتے ہوئے تصاویر سے مقامات کی شناخت کرسکتا ہے، اسسٹنٹ کے ذریعے براہِ راست لکھنے کی سہولت فراہم کرتا ہے اور یہ کار پلے (CarPlay) اور ایئر پاڈز (AirPods) کے ساتھ بھی کام کرتا ہے۔
سری اے آئی، ڈیولپر بیٹا ورژن میں آج ہی سے دستیاب ہیں۔ پبلک بیٹا رواں سال کے آخر میں ممکنہ طور پر خزاں میں آئی او ایس ۲۷ کی لانچنگ کے ساتھ فراہم کیا جائے گا۔ یورپی یونین کے ریگولیٹرز کی جانب سے ایپل کے تمام مجوزہ حل مسترد کئے جانے کے بعد، ’ڈجیٹل مارکیٹس ایکٹ‘ کی وجہ سے سری اے آئی لانچ کے وقت یورپی یونین میں دستیاب نہیں ہوگی۔
یہ بھی پڑھئے: ۲۰۳۰ء تک اے آئی ڈیٹا سینٹرز کو ۳ء۹؍ کھرب لیٹر پانی درکار ہوگا: رپورٹ
آئی او ایس ۲۷ اور بنیادی ایپس میں ایپل انٹیلیجنس
آئی او ایس ۲۷، آئی فون ۱۱ اور اس کے بعد کے ماڈلز بشمول آئی فون ایس ای (سیکنڈ جنریشن اور اس کے بعد کے ماڈلز) کے ساتھ مطابقت رکھتا ہے۔ تاہم، سری اے آئی اور ایپل انٹیلیجنس کے فیچرز آئی فون ۱۵ پرو یا آئی فون ۱۶ کے بعد والے ماڈلز میں ہی دستیاب ہوگے۔
ایپل انٹیلیجنس کو اب بنیادی ایپس کے اندر شامل کر دیا گیا ہے۔ سفاری براؤزر اب بیک گراؤنڈ ٹیبس کی نگرانی کرسکتا ہے اور صارفین کو تبدیلیوں کے بارے میں مطلع کرسکتا ہے، متاثرہ پاس ورڈز کو خود بخود اپ ڈیٹ کرسکتا ہے اور ایک نئے ’ڈیسکرائب این ایکسٹینشن‘ فیچر کے ذریعے ویب صفحات کو تبدیل کرسکتا ہے۔ میسجز اور میل ایپس میں اب سیاق و سباق پر مبنی زیادہ اسمارٹ جوابات تجویز کئے جائیں گے۔ کیلنڈر اب اے آئی گفتگو کے ذریعے ایونٹس (تقریبات) شیڈول کرسکتا ہے۔ ہوم (Home) ایپ نوٹیفیکیشنز کو یکجا کرتی ہے اور کیمرہ فوٹیج کی تلاش کے قابل تفصیلات تیار کر سکتی ہے۔ شارٹ کٹس میں، صارفین اگر صرف یہ بتا دیں کہ وہ کیا چاہتے ہیں تو ایپل انٹیلیجنس خود بخود وہ شارٹ کٹ بنا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اے آئی اور بوٹس انسان سے زیادہ انٹرنیٹ ٹریفک پیدا کررہے ہیں : کلاؤڈفلیئر
میک او ایس گولڈن گیٹ، لیکوڈ گلاس اور فیملی سیفٹی ٹولز
میک او ایس کے اگلے اپ ڈیٹ کا نام ’گولڈن گیٹ‘ رکھا گیا ہے۔ اس میں ایپل کی ’لیکوڈ گلاس‘ ڈیزائن لینگویج میں پڑھنے کی سہولت کو بہتر بنایا گیا ہے، اس میں لائٹ ڈیفیوژن (روشنی کا پھیلاؤ) اور ٹرانسپیرنسی سلائیڈر شامل کیا گیا ہے جو مکمل شفاف سے لے کر الٹرا ٹنٹڈ تک کی رینج فراہم کرتا ہے۔ پورے یو آئی میں ٹول بارز کو یکجا کر دیا گیا ہے اور آئیکنز اب منعکس شکل میں نظر آتے ہیں۔
بچوں کے تحفظ کے حوالے سے، آئی او ایس ۲۷ میں ’کمیونیکیشن سیفٹی‘ ٹول متعارف کرایا گیا ہے جو بچوں اور نوعمروں کے ساتھ شیئر کردہ تصاویر اور ویڈیوز میں عریانیت، خون خرابہ یا دیگر حساس مواد دیکھنے سے روکتا ہے۔ والدین اب منظور شدہ ایپس کی فہرستیں تیار کرسکتے ہیں اور بچوں کے اکاؤنٹس کے اپ ڈیٹ کردہ کنٹرولز کے ذریعے وقت کے ساتھ ساتھ ان کی رسائی کا انتظام کرسکتے ہیں۔
آئی او ایس ۲۷، میک او ایس ۲۷ گولڈن گیٹ، آئی پیڈ او ایس ۲۷، واچ او ایس ۲۷، ویژن او ایس ۲۷ اور ٹی وی او ایس ۲۷ کے ڈیولپر بیٹا اب ڈاؤن لوڈ کیلئے دستیاب ہیں۔