Updated: July 23, 2025, 5:46 PM IST
| New Delhi
نمبرو سیفٹی انڈیکس ۲۰۲۵ء کی فہرست جاری ہوئی ہے، جس میں عوام کی دنیا کے مختلف ممالک میں حفاظتی معیار کے تعلق سے آراء کا جائزہ لینے کے بعد ان کے مقامات طے کئے گئے، جانئے ایشیائی ممالک میں محفوظ ترین ملک کون ہے، اور اس فہرست میں ہندوستان کس مقام پر ہے۔
نمبرو سیفٹی انڈیکس۲۰۲۵ء کے مطابق چین۷۶؍ اعشاریہ صفر کے اسکور کے ساتھ ایشیا کا محفوظ ترین اور دنیا کا۱۵؍ واں محفوظ ترین ملک قرار دیا گیا ہے۔ ہندوستان نے ۵۵؍ اعشاریہ ۷؍ کے اسکور کے ساتھ ممالک میں۶۶؍ ویں پوزیشن حاصل کرتے ہوئے امریکہ اور برطانیہ جیسے ممالک کو پیچھے چھوڑ دیا، جبکہ انڈورا ۸۴؍ اعشاریہ ۷؍کے اسکور کے ساتھ دنیا کا سب سے محفوظ ملک ٹھہرا۔
تفصیلات کے مطابق ،چین نے جرائم کی شرح، حفاظت کے احساس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر اعتماد کے معیارات پر۷۶؍ اعشاریہ صفر اسکور حاصل کیا۔ ہندوستان (۵۵؍ اعشاریہ ۷؍ اسکور) نے امریکہ (۵۰؍اعشاریہ۸؍ اسکور،۸۹؍ ویں پوزیشن) اور برطانیہ (۵۱؍ اعشاریہ ۷؍ اسکور،۸۷؍ ویں پوزیشن) سے بہتر کارکردگی دکھائی۔ جنوبی ایشیائی ہمسایوں میں سری لنکا۵۹؍ ویں (۵۷؍ اعشاریہ ۹؍ )، پاکستان ۶۵؍ ویں (۵۶؍ اعشاریہ۳؍)، جبکہ بنگلہ دیش۱۲۶؍ ویں (۳۸؍ اعشاریہ ۴؍) نمبر پر رہا۔
یہ بھی پڑھئے: ۱۲؍ مسلمانوں نے اس جرم کیلئے ۱۸؍ سال جیل میں گزار دئیے جو انہوں نے کیا ہی نہیں: اویسی
انڈورا (یورپ کا فرانس اور اسپین کے درمیان واقع چھوٹا ملک) کم جرائم اور اعلیٰ عوامی حفاظت کے باعث سر فہرست رہا۔جبکہ عالمی سطح پرمتحدہ عرب امارات، قطر اور عمان بھی پہلے پانچ محفوظ ممالک میں شامل رہے۔ اس کے علاوہ اس فہرست میں سب سے غیر محفوظ ممالک میں وینزویلا (۱۹؍ اعشاریہ ۳؍ اسکور)، افغانستان، شام اور ہیتی شامل ہیں۔ یہاں یہ وضاحت بھی کی گئی ہے کہ نمبرو انڈیکس دنیا بھر سے صارفین کے جمع کردہ ڈیٹا پر مبنی ہے۔ اگرچہ یہ سرکاری اعداد و شمار کے مساوی نہیں، تاہم یہ جرائم کی سطح، عوامی جذبات اور حفاظت کے تاثرات کا تقابلی جائزہ پیش کرتا ہے۔