Inquilab Logo Happiest Places to Work

دہلی میں پون کھیڑا کی رہائش گاہ پر آسام پولیس کا چھاپہ،’’ دستاویز‘‘ ضبط کرنے کا دعویٰ

Updated: April 08, 2026, 10:33 AM IST | Ahmedullah Siddique | New Delhi

’۳؍ پاسپورٹ‘ معاملہ میں ہیمنت بسواشرماکی اہلیہ کی شکایت پر کارروائی، آسام کے وزیراعلیٰ نے کانگریس لیڈر کو ’’پاتال سے بھی نکال لانے ‘‘کی دھمکی دی۔

Assam Police Raid Pawan Khera`s Residence While Returning. Photo:PTI
آسام پولیس پون کھیڑا کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارکر لوٹتےہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی
ہیمنت بسوا شرما کی اہلیہ کے پاس ۳؍ مختلف ممالک کے پاسپورٹ، دبئی میں پراپرٹی اور امریکہ میں  ۵۲؍ ہزار کروڑ کی کمپنی کا انکشاف کرنے والے کانگریس کے لیڈر پون کھیڑا کے خلاف غیر معمولی کارروائی کرتے ہوئے آسام پولیس نے منگل کو دہلی میں ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارکارروائی کی۔اس دوران پون کھیڑا گھر میں موجودنہیں تھے تاہم پولیس نے ان کے گھر سے ’’قابل اعتراض دستاویز ‘‘اور الیکٹرانک آلات ضبط کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اسےاپنے خلاف اٹھنےوالی آوازوں کو دبانے کیلئے  اقتدار کا بھونڈ استعمال  قرار دیا جارہاہے۔ 
کانگریس نے اسے ’’نشانہ بنانے کی کوشش‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ہیمنت بسوا شرما کی بوکھلاہٹ اور مایوسی ظاہر ہوتی ہے۔  دوسری طرف بسواشرما جو پون کھیڑا کی پریس کانفرنس کے بعد ۲؍ دنوں میں کئی بار بدزبانی کرچکے ہیں، نے منگل کو آسام پولیس کے چھاپے کے بعد کہا کہ  آسام پولیس کو گرفتاری کا چیلنج دینے کے بعد پون کھیڑا حیدرآباد فرار ہوگئے ہیں۔ انہوں نے دھمکی دی کہ وہ انہیں پاتال سے بھی نکال لائیںگے۔ 
قومی دارالحکومت کے نظام الدین ایسٹ میں واقع پون کھیڑا کے کی  رہائش گاہ پر چھاپہ کے وقت آسام  پولیس کے ساتھ  دہلی پولیس بھی تھی ۔ پون کھیڑا حیدرآباد میں ہیں۔ 
 
 
 
کانگریس نے پون کھیڑا کی رہائش گاہ پر آسام  اور دہلی پولیس کی کارروائی کو سیاسی انتقام  اور  نشانہ بنانے کی کوشش قرار دیتے ہوئےسخت تنقید کی ہے۔پارٹی کے کمیونی کیشن انچارج جے رام رمیش نے ایکس پر لکھا ہے کہ’’عوامی مفاد میں بنیادی  سوالات پوچھنے پر میرے ساتھی پون کھیڑاکو گرفتار کرنے کیلئے پوری پولیس فورس کو تعینات کرنا یہ ثابت کرتا ہے کہ آسام کے وزیر اعلیٰ پریشان، مایوس اور گھبراہٹ کے شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ مناسب عمل نہیں ہے، بلکہ واضح طور پر سیاسی ہراسانی اور دھونس جمانےکی کوشش ہے۔‘‘  انہوں  نے مزید کہا کہ اپوزیشن کی آواز کو دبانے اور خاموش کرنے  کیلئے ریاستی مشینری کا استعمال کیا جارہا ہے جو اُن کے بہت سے کرتوتوں کا پردہ فاش کررہی ہے۔جے رام رمیش نے کہا کہ جو لوگ ڈراتے ہیں دراصل وہ خود خوف زدہ ہوتے ہیں اور ان کے پاس چھپانے کیلئے  بہت کچھ ہوتا ہے۔اس سے یہ بھی صاف ثابت ہوتا ہے کہ وزیر اعلیٰ کی شکست یقینی ہے۔
 
 
 
دوسری طرف آسام پولیس نے پون کھیڑا کی رہائش گاہ کی تلاشی کے بعد کہا کہ گوہاٹی کے کرائم برانچ پولیس اسٹیشن میں ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے اور اس معاملے میں پون کھیڑا ہمیں  مطلوب ہیں، لیکن وہ نہیں  ملے ۔ہم نے ان کے گھر کی تلاشی لی ، ہمیں کچھ مواد ملا ہے جس کی تفصیل ابھی فراہم نہیں کی جاسکتی۔  الیکٹرانک آلات بھی ضبط کئے گئے ہیں ۔ 
خیال رہے کہ پون کھیڑہ کے انکشاف کے بعد ہیمنت بسوا شرما کی اہلیہ نے دھمکی آمیز انداز میں کہا تھا کہ جلد ہی کھیڑا کا پیڑہ بن جائے گا،جبکہ ہیمنت سرما نے دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ کانگریس کے ترجمان کو اپنی زندگی کے بقیہ دن آسام کی جیل میں گزارنے ہوں  گے۔ ہیمنت بسوا شرما نے کانگریس کے کئی لیڈروں  کیلئے غیر پارلیمانی زبان کا بھی استعمال کیا۔ آسام میں  ۹؍اپریل کو پولنگ ہوگی جبکہ ووٹوں کی گنتی ۵؍مئی کو عمل میں آئے گی۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK