اعلیٰ افسران پر ہراسانی کا الزام،نوی ممبئی پولیس کے اعلیٰ حکام کمشنر ملند بھارنبے اور جوائنٹ کمشنر دیپک ساکورےاس معاملے کی جانچ کر رہے ہیں۔
EPAPER
Updated: September 07, 2026, 1:27 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai
اعلیٰ افسران پر ہراسانی کا الزام،نوی ممبئی پولیس کے اعلیٰ حکام کمشنر ملند بھارنبے اور جوائنٹ کمشنر دیپک ساکورےاس معاملے کی جانچ کر رہے ہیں۔
نوی ممبئی پولیس کے اسپیشل برانچ(ایس بی)سے وابستہ۵۶ ؍ سالہ اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) پانڈورنگ نمبا پاٹل نے ایرولی/ربالے ایم آئی ڈی سی کے علاقے میں واقع ایک لاج میں پھانسی لگا کر خودکشی کر لی۔ اس قدم سے قبل انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل کیا اور ۸؍ صفحات پر مشتمل سوسائیڈ نوٹ بھی تحریر کیا جس میں سابق ڈپٹی پولیس کمشنر( ڈی سی پی) ، موجودہ اسٹنٹ پولیس کمشنر ( اے سی پی) اور ہیڈ کلرک کو ذمہ دار قرار دیا۔
یہ بھی پڑھئے:بھیونڈی: سڑک اور پیور بلاکس کے درمیان گہری دراڑ سے خطرہ
واقعے کی تفصیل
ویڈیو اور الزامات: خودکشی سے قبل ریکارڈ کئے گئے ویڈیو (جو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو رہا ہے )میں اے ایس آئی پاٹل نے محکمے کے سینئر افسران پر شدید ہراسانی کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے سابق ڈی سی پی(ہیڈ کوارٹر) سنجے کمار پاٹل، اے سی پی (وائرلیس)گریش ٹھاکرے اور ہیڈ کلرک جیو اہیرے کو اپنی موت کا ذمہ دار ٹھہرایا۔
پولیس کمشنر سے اپیل: ویڈیو میں اے ایس آئی نے نوی ممبئی کے پولیس کمشنر ملند بھارنمبے اور عدالت سے انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی۔
خودکشی سے قبل نوٹ: پولیس کے مطابق متوفی نے تقریباً ۸؍ تا ۹؍ صفحات پر مشتمل ایک سوسائیڈ نوٹ چھوڑا ہے جس میں دفتری فرائض اور تقرریوںسےمتعلق ہراسانی کا ذکر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:’حج ٹرینرس‘ کا انٹرویو مکمل، سنیچر کو شروع ہونے والا انٹرویو اتوار کی شام کو ختم ہوا
انتظامیہ کا موقف
ربالے ایم آئی ڈی سی پولیس نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی لاج پہنچ کر لاش کو قبضے میں لیا اور پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔
پولیس کمشنر ملند بھارنبے نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس ویڈیو اور سوسائیڈ نوٹ کا بغور جائزہ لے رہی ہے۔ تمام الزامات کی جانچ کے بعد قانون کے مطابق آئندہ کی کارروائی کی جائے گی۔
نوی ممبئی میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر پانڈورنگ پاٹل کی خودکشی کے معاملے میں خبر لکھے جانے تک وزیراعلیٰ ووزیر داخلہ دیویندر فرنویس کی جانب سے کوئی براہِ راست یا الگ سے باضابطہ بیان جاری نہیں ہوا ہے۔
اس وقت نوی ممبئی پولیس کے اعلیٰ حکام (کمشنر ملند بھارنبے اور جوائنٹ کمشنر دیپک ساکورے) اس معاملے کی جانچ کر رہے ہیں۔