• Sat, 10 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

روس اور یوکرین کے دو طرفہ حملوں میں کم از کم۵۶؍ افراد ہلاک،۱۰۰؍ سے زیادہ زخمی

Updated: October 10, 2026, 3:59 PM IST | Agency | Kyiv/ Moscow

یوکرین کے شمالی شہر پریلوکی پر روسی میزائل حملے میں۲۲؍ افراد ہلاک اور۵۰؍ سے زائد زخمی ہو گئے جبکہ کراماتورسک میں ۲؍ مسافر بسوں کو نشانہ بنایا گیا جس میں۳۰؍ افراد ہلاک اور۱۸؍ زخمی ہوئے۔

A destroyed car in front of a residential building in Ukraine following a Russian attack. Photo: INN
روسی حملے کے نتیجے میں یوکرین کی رہائشی عمارت کے سامنے ایک تباہ شدہ کار۔ تصویر: آئی این این

روسی اور یوکرینی حکام نے شہروں اور بنیادی ڈھانچے پر مہلک حملوں کی اطلاع دی۔ ماسکو اور کیف ایک دوسرے کو نشانہ بنا رہے  ہیں جس سے کشیدگی میں  اضافہ ہو رہا ہے۔اس دوران ۵۶؍ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔چرنی ہیف  کے گورنر ویاسیِسلاو چاوس نے جمعرات کو کہا کہ یوکرین  کے شمالی شہر  پریلوکی پر روسی میزائل حملے میں۲۲؍ افراد ہلاک اور۵۰؍ سے زائد زخمی ہو گئے۔چاوس نے ٹیلگرام پر اپنے بیان میں کہا کہ پریلوکی میں ہلاک ہونے والوں میں ۵؍بچے بھی شامل تھے۔ ۴؍موقع پر ہلاک ہوئے اور ایک بچہ اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئےدم توڑ گیا۔

یوکرینی فضائیہ کا کہنا ہے کہ اس کے فضائی دفاع نے رات بھر روس کی طرف سے داغے گئے۱۳۰؍ اسٹرائیک ڈرونوں میں سے۱۱۷؍ اور کم از کم۴۴؍ بیلسٹک اور کروز میزائلوں کو مار گرایا۔

اس دوران یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ یہ حملے مزید فضائی دفاعی نظاموں اور گولہ بارود کی فراہمی کے مطالبات کو تقویت دیتے ہیں۔ زیلنسکی نے کہا کہ خطرہ ہر وقت موجود ہے لہٰذا ہماری فضائی دفاعی بیٹریوں کے پاس میزائل تیار ہونے چاہئیں اور کیف اپنے شراکت داروں سے فوری ترسیل اور مناسب پیداوار پر انحصار کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:کولکاتا:مسلم بستی میں پانی کی فراہمی پرروک، ٹی ایم سی ایم پی اقوام متحدہ سے رجوع

مقامی حکام نے جمعرات کو کہا کہ ایک دوسرے روسی حملے میں مشرقی یوکرینی شہر کراماتورسک میں ۲؍ مسافر بسوں کو نشانہ بنایا گیا جس میں۳۰؍ افراد ہلاک اور۱۸؍ زخمی ہو گئے۔ دونتسک کے علاقائی دفترِ گورنر کا کہنا ہے کہ صبح کے حملے میں ہلاکتوں کی تعداد ۳۰؍تک پہنچ گئی ہے اور عوامی نقل و حمل معطل کر دی گئی ہے۔دریں اثناء روسی حکام نے کہا کہ ساحلی شہر نووروسیسک پر ایک یوکرینی ڈرون حملے میں ایک بچہ سمیت ۴؍ افراد ہلاک اور ۲۹؍ زخمی ہو گئے۔ ۳؍ زخمیوں کی حالت نازک ہے۔ علاقائی گورنر وینیامین کونڈراتیف نے  یوکرین پر شہریوں کو نشانہ بنانے کا الزام لگایا اور کہا کہ ۳؍ مکانات، ۵؍ اپارٹمنٹس، ایک گرجا گھر  اور ایک کنڈرگارٹن کو نقصان پہنچا۔

ڈرون کے ملبے نے قریب کے شہر اناپا میں بھی مکانات اور ایک کنڈرگارٹن کو نقصان پہنچایا، اگرچہ وہاں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا کہ اس کے فضائی دفاع نے۱۱؍ علاقوں، بحیرہ اسود اور روس کے الحاق شدہ کریمیا  علاقے کی فضاؤں میں ۵۹۶؍ یوکرینی ڈرونز مار گرائے ہیں۔

یوکرینی  فوج نے  کہا کہ اس نے رات کے  دوران نووروسیسک نیول بیس کو نشانہ بنایا جس سے بیس اور سمندری تیل ٹرمینل میں آگ لگ گئی۔ اس نے اس بیس کو روسی بحیرہ اسود بیڑے کے جہازوں کی موجودگی، مرمت اور لاجسٹک سپورٹ کے لئے اہم مرکز قرار دیا۔ اس دعوے کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔ روسی سرکاری خبر رساں ادارے تاس نے رپورٹ کیا کہ ایک دوسرےڈرون حملے نے روسی ٹیکنالوجی کمپنی یانڈیکس کے زیرِ انتظام ساسوو میں واقع ایک ڈیٹا سینٹر میں آگ لگا دی۔ یانڈیکس نے کہا کہ حملے سے اس کے انفراسٹرکچر کا کچھ حصہ متاثر ہوا جس کی وجہ سے اس نے اس تنصیب  میں آپریشنز معطل کر دیئے  ہیں اور ممکنہ طور پر کچھ خدمات متاثر ہو سکتی ہیں۔ کمپنی نے کوئی جانی نقصان نہ ہونے کی اطلاع دی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK