سوشل میڈیا انفلوئنسر فیصل شیخ المعروف مسٹر فیضو نے سعودی عرب کے شہر مدینہ منورہ میں نکاح کرلیا۔ انہوں نے نکاح کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور مداحوں سے اپنی نئی ازدواجی زندگی کے لیے دعاؤں کی درخواست کی۔
EPAPER
Updated: October 10, 2026, 4:27 PM IST | Madinah
سوشل میڈیا انفلوئنسر فیصل شیخ المعروف مسٹر فیضو نے سعودی عرب کے شہر مدینہ منورہ میں نکاح کرلیا۔ انہوں نے نکاح کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور مداحوں سے اپنی نئی ازدواجی زندگی کے لیے دعاؤں کی درخواست کی۔
سوشل میڈیا انفلوئنسر اور ریالٹی شو اسٹار فیصل شیخ، جو مسٹر فیضو (Mr Faisu) کے نام سے مشہور ہیں، نے سعودی عرب کے شہر مدینہ میں نکاح کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے نکاح کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو یہ خبر دی۔ ان کی شادی کی خبر سامنے آنے کے بعد مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں مبارک باد دی جارہی ہے۔ مسٹر فیضو نے اپنی شادی کی تصاویر کے ساتھ ایک جذباتی پیغام بھی شیئر کیا۔ انہوں نے قرآن مجید کی سورۃ النباء کی آیت ۸؍ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا، ’’اور ہم نے تمہیں جوڑوں کی صورت میں پیدا کیا۔‘‘ اس کے بعد انہوں نے کہا کہ الحمدللہ، ایک خوبصورت خواب حقیقت میں بدل گیا۔ مدینہ منورہ جیسے خوبصورت شہر میں اپنے پورے خاندان کی موجودگی میں نکاح کرنا ان کے لیے الفاظ سے بڑھ کر ایک نعمت ہے۔
انہوں نے اپنے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ زندگی کے اس نئے سفر کے آغاز پر انہیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔ تاہم ابھی تک ان کی اہلیہ کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں البتہ کچھ حوالوں سے پتہ چلتا ہے کہ ان کی اہلیہ کا نام تانیہ یا نکہت فاطمہ ہے۔ مسٹر فیضو نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کی ازدواجی زندگی کو بے پناہ محبت اور برکتوں سے بھر دے۔ انہوں نے اپنے پیغام کا اختتام ’’آمین‘‘ کے ساتھ کیا۔ ان کی جانب سے تصاویر شیئر کیے جانے کے بعد ان کی شادی سے متعلق گزشتہ کئی دنوں سے جاری قیاس آرائیوں کا بھی خاتمہ ہوگیا۔ اس سے قبل سوشل میڈیا پر ان کی شادی کے دعوت نامے کی ایک تصویر گردش کر رہی تھی، جس کے بعد مداحوں میں ان کی شادی اور ہونے والی شریکِ حیات کے بارے میں تجسس بڑھ گیا تھا۔ تاہم، اب خود مسٹر فیضو نے نکاح کی تصاویر شیئر کرکے اس خبر کی تصدیق کردی ہے۔ مسٹر فیضو مختصر ویڈیوز کے ذریعے شہرت حاصل کرنے والے معروف ڈجیٹل کریئیٹرز میں شمار ہوتے ہیں۔ وقت کے ساتھ ان کی مقبولیت میں اضافہ ہوا اور انہوں نے موسیقی کی ویڈیوز، برانڈز کے ساتھ اشتراک اور ٹیلی ویژن ریالٹی شوز میں شرکت کے ذریعے بھی اپنی شناخت بنائی۔ وہ ریالٹی شو ’خطروں کے کھلاڑی ۱۲‘ میں بھی حصہ لے چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: گرودت کی فلمیں حقیقت سے قریب ہوا کرتی تھیں
مسٹر فیضو کی ذاتی زندگی بھی اکثر مداحوں کی توجہ کا مرکز رہی ہے۔ اداکارہ جنت زبیر کے ساتھ ان کی مشترکہ ویڈیوز اور اسکرین پر ان کی جوڑی کو لے کر بھی ماضی میں مختلف قیاس آرائیاں ہوتی رہی ہیں، تاہم دونوں نے اپنے تعلقات کے بارے میں کوئی باضابطہ تصدیق نہیں کی تھی۔ مدینہ منورہ میں نکاح کی تصاویر سامنے آنے کے بعد مداحوں نے مسٹر فیضو کو زندگی کے نئے سفر کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں سے نوازا ہے۔