• Thu, 12 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبئی میٹروپولیٹن ریجن میں ہر تین میں سے ایک ووٹر کا نام ووٹرلسٹ سے حذف!

Updated: November 12, 2026, 2:28 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

تحقیق کرنے والے ادارے ’صابر انسٹی ٹیوٹ‘ کی رپورٹ میں انکشاف۔ تھانے ضلع میں سب سے زیادہ ۲۸؍ لاکھ، ممبئی مضافات میں۲۶؍ لاکھ اور ممبئی شہر میں۹؍ لاکھ سے زیادہ رائے دہندگان کے نام حذف کئے گئے۔

There is unease among voters over the removal of names from the electoral roll under the SIR. Photo: INN
ایس آئی آر کے تحت ووٹرلسٹ سے نام حذف کئے جانے پررائے دہندگان میں بے چینی پائی جارہی ہے۔ تصویر: آئی این این

الیکشن کمیشن آف انڈیا نےاسپیشل انٹینسیو ریویژن ( ایس آئی آر )  میں ملکی سطح پر ۱۳؍ کروڑ ۳۹؍ لاکھ   رائے دہندگان کے نام ووٹر لسٹ سے حذف کئے ہیں ۔ قابل ذکر بات یہ بھی ہے کہ ممبئی شہر اور ممبئی میٹرو پولیٹن ریجن میں ایس آئی آر کے تحت  ہر تین میں سے ایک ووٹر کا نام ووٹر لسٹ سے حذف کر دیا گیا ہے۔ ایک تحقیقاتی ادرے کی  رپورٹ میں شہر مضافات و اطراف میں ایک کروڑ سے زائد رائے دہندگان کو ووٹر لسٹ سے باہر کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے ۔

سب سے زیادہ جس علاقے کے رائے دہندگان کا نام ووٹر لسٹ سے حذف کیا گیا ہے، ان میں تھانے ضلع سرفہرست ہیں۔ تھانے میں مجموعی رائے دہندگان میں سے ۳۸ء۴؍  فیصد رائے دہندگان کا نام حذف کیا گیا ہے۔ دوسرے مقام پر قلابہ اسمبلی حلقہ کے رائے دہندگان ہیں۔ قلابہ  کے مجموعی ووٹروں میں سے ۴۶ء۹؍ فیصد ووٹروں کے نام انتخابی فہرست سے حذف کئے گئے ہیں ۔واضح رہے کہ ووٹر لسٹ سے کروڑوں ووٹروں کے نام حذف کرنے پر ملکی سطح پر احتجاج جاری ہے اور الیکشن کمیشن آف انڈیا گیانیش کمار کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔  

یہ بھی پڑھئے: یوپی الیکشن سے قبل اکھلیش نے نوٹ بندی کا موضوع چھیڑا

عرو س البلاد ممبئی اور ممبئی میٹرو پولیٹن ریجن میں لاکھوں نہیں بلکہ ایک کروڑ سے زائد رائے دہندگان کے ناموں کو حذف کرنے کے ضمن میںصابر انسٹی ٹیوٹ نامی غیر سرکاری ایجنسی نے آزادانہ تحقیق کرتے ہوئے جو انکشاف کیا ،اس کے مطابق تقریبا ہر تین میں سے ایک ووٹر کا نام انتخابی فہرست سے خارج کردیا گیا ہے۔

تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق ایس آئی آر کے تحت ناموں کو حذف کرنے کے معاملے میں تھانےسر فہرست ہے۔ تھانے شہر اور ضلع میں کل ۲۸ء۶؍ لاکھ ووٹروں کے نام ووٹرلسٹ سے حذف کر دیئے گئے ہیں جبکہ ووٹر لسٹ سے رائے دہندگان کے نام حذف ہونے سے قبل مذکورہ علاقے میں ۷۴ء۵؍ لاکھ ووٹرس تھے۔  دوسرے نمبر پرممبئی کا مضافاتی علاقہ آتا ہے جہاں ۷۸ء۳؍ لاکھ ووٹرس موجود تھے جبکہ اس علاقے کے ۲۶ء۶؍ لاکھ ووٹروں کے ناموں کو حذف کر دیا گیا ہے ۔  تیسرے نمبر پر ممبئی شہر کے رائے دہندگان آتے ہیں ۔ ممبئی شہر میں ۲۵ء۶؍ لاکھ ووٹرس تھے اور اب ان ووٹروں میں سے ۹ء۵؍ لاکھ رائے دہندگان کا نام ووٹر لسٹ سے حذف کیا جاچکا ہے ۔

تحقیقاتی رپورٹ کی قابل ذکر بات یہ بھی ہے کہ شہر و مضافات کے۳۶؍اسمبلی حلقوں میں ریاست بھر میں حذف کئے گئے ووٹروں کے مجموعی ناموں کا۱۷؍فیصد حصہ شامل ہے۔ حالانکہ ایس آئی آر سے قبل ریاست کے کل ووٹروں میں ان حلقوں کی حصہ داری محض۱۱؍ فیصد تھی۔ ان۳۶؍اسمبلی حلقوں میں ووٹروں کے نام حذف کئے جانے کی شرح  ۳۴ء۷؍ فیصد رہی جبکہ ریاست کے باقی علاقوں میں یہ شرح۱۹ء۵؍فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

  کتنے ووٹروں کے نام خارج کئے گئے؟

رپورٹ میں یہ بھی حیرت انگیز انکشاف ہوا ہے کہ ریاست میں مجموعی طور پر۲ء۱؍کروڑ ووٹروں کے نام ووٹر لسٹ سے خارج کئے گئے ہیںاور قابل ذکر یہ بھی ہے کہ ان میں صرف ۱۶ء۸؍فیصد ایسے رئے دہندگان شامل ہیں جن کی موت ہوچکی ہے۔اسی طرح۸۳؍ فیصد ووٹروں کے ناموں کو مستقل طور پر دوسری جگہ منتقل ہونے ، ناقابلِ  رسائی، غیر حاضر یا کسی دوسرے مقام پر پہلے سے رجسٹرڈ قرار دیئے جانے کا جواز پیش کرکے ان کے نام ووٹر لسٹ سے حذف کئے گئے ہیں ۔رپورٹ میں یہ بھی واضح کیا گیاہے کہ مجموعی طور پر خاتون اور مرد ووٹروں کے نام تقریباً یکساں شرح سے حذف کئے گئے ہیںجن میں خاتون ووٹروں کے ناموں کو حذف کرنےکی شرح ۲۱ء۴؍ اورمردرائے دہندگان کی شرح ۲۱ء۲؍  فیصد بتائی گئی ہے ۔ ممبئی سے باہر مستقل طور پر منتقل ہونے والے ۱۸؍  سے۲۹؍سال کی عمر کے ووٹروں کے اعداد و شمار میں نمایاں فرق بھی پایا گیاہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK