• Wed, 23 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اورنگ آباد: ایک ہی علاقہ کی ۳؍ لڑکیاں لاپتہ، والدین میں تشویش

Updated: September 23, 2026, 12:40 PM IST | ZA Khan | Aurangabad

بیگم پورہ کی گمشدہ ۲؍طالبات نرسنگ کالج کیلئے نکلی تھیں۔ اغواء کا کیس درج ۔ پولیس انہیں تلاش کررہی ہے۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این
شہر کے مختلف علاقوں سے نوجوان لڑکیوں اور خواتین کے  لاپتہ ہونے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے جس سے  والدین میں تشویش اور خوف پایا جارہا ہے۔ بیگم پورہ اور جواہر نگر پولیس اسٹیشن کی حدود سے ۳؍ لڑکیوں کے لاپتہ ہونے کے واقعات سامنے آئے ہیں جن میں ایک۱۶؍سالہ  لڑکی بھی شامل ہے۔ پولیس نے اغواء کا کیس درج کرلیا ہے اور  لڑکیوں کو  تلاش کررہی ہے۔
پہلا واقعہ بیگم پورہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں قلعہ اَرک اور کالا دروازہ علاقے میں پیش آیا۔ پولیس میں شکایت کے مطابق ۱۸؍ سالہ لڑکی۱۶؍ ستمبر کو صبح تقریباً ساڑھے ۸؍ بجے یہ کہہ کر گھر سے نکلی تھی کہ وہ نرسنگ کالج جا رہی ہے۔ اس کے ساتھ اس کی جان پہچان کی ۱۶؍سالہ  لڑکی بھی تھی۔شام تک دونوں لڑکیاں گھر واپس نہیں پہنچیں۔ اہل خانہ نے رشتہ داروں، سہیلیوں اور ممکنہ مقامات پر تلاش کیالیکن دونوں کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ اہل خانہ کو شبہ ہے کہ کسی نامعلوم شخص نے بہلا پھسلا کر دونوں لڑکیوں کو اپنے ساتھ لے گیا ہے۔اس سلسلے میں بیگم پورہ پولیس اسٹیشن میں اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس معاملے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
 
 
دوسرا واقعہ جواہر نگر پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع وشنو نگر علاقے میں پیش آیا۔ پولیس میں کی گئی شکایت کے مطابق۱۸؍ سالہ امریتا وایکوس ۱۹؍ ستمبر کو دوپہر تقریباً  ۲؍بجے اہل خانہ میں سےکسی کو کچھ بتائے بغیر اچانک گھر سے نکل گئی۔کافی تلاش کے باوجود اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ اہل خانہ نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ کوئی نامعلوم شخص   اسے بہلا پھسلا کر اپنے ساتھ لے گیا ہے۔ جواہر نگر پولیس نے اس معاملے میں بھی اغواء کا کیس  درج کیا ہے۔ پولیس حوالدار دیگلور اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
ایک ہی علاقے کی نوجوان لڑکیوں کے لاپتہ ہونے کے ان واقعات سے والدین میں تشویش پائی جارہی  ہے۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ لاپتہ افراد سے متعلق کسی بھی قسم کی معلومات ملنے کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ پولیس اسٹیشن سے رابطہ کیاجائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK