Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایودھیا مہا پاپیوں کیلئے کروکشیتر ثابت ہوگا، اکھلیش کا حکمراں اتحاد کو انتباہ

Updated: June 20, 2026, 1:48 PM IST | Lucknow

سماجوادی پارٹی کے سربراہ نے رام مندر کے چندہ غبن معاملے کی جانچ کے متعلق روزانہ بریفنگ کا مطالبہ کیا۔

Akhilesh Yadav and Chief Minister Yogi Adityanath. Photo: INN
اکھلیش یادو اور وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ۔ تصویر: آئی این این

سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے ایودھیا میں رام مندر کے چندے اور نذرانوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کے معاملے پر بی جے پی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایودھیا مہاپاپیوں کے لئے کُروکشیتر ثابت ہوگی۔ بی جے پی کی سیاست کا آغاز ایودھیا سے ہوا تھا اور اس کا اختتام بھی یہیں ہوگا۔

جمعہ کو جاری ایک بیان اور سوشل میڈیا پوسٹ میں اکھلیش یادو نے کہا کہ’چڑھاوے، چندے، عطیات اور شلا چوری‘ کے مبینہ واقعات سامنے آنے کے بعد ایودھیا آنے والے عقیدت مندوں کی تعداد پر منفی اثر پڑا ہے۔ لوگوں کے مذہبی جذبات اور اعتماد کو ٹھیس پہنچی ہے، جس کا براہ راست اثر مقامی کاروبار، روزگار اور عام لوگوں کی آمدنی پر پڑا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ حکومت کی غلطیوں کی سزا عوام کیوں بھگتیں؟۔ سماجوادی پارٹی سربراہ نے دعویٰ کیا کہ ایودھیا اور اس کے اطراف کے علاقوں میں شدید ناراضگی پائی جا رہی ہے۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ مقامی لوگ بھی مندر جانے سے ہچکچا رہے ہیں کیونکہ انہیں اندیشہ ہے کہ کہیں تفتیش کے نام پر انہیں ہی پریشان نہ کیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایس آئی ٹی تحقیقات کی پیش رفت سے عوام کو روزانہ آگاہ کیا جائے، کیونکہ موجودہ حکومت میں بڑھتی ہوئی بدعنوانی کے باعث عوام کا تحقیقاتی اداروں پر اعتماد کمزور ہو چکا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: راہل گاندھی نے سادگی سے سالگرہ منائی، وزیراعظم اور دیگر لیڈران نے مبارکباد دی

وزیر اعلیٰ یوگی نے کیا کہا؟

ایودھیا میں رام مندر کے چندے میں مبینہ بے ضابطگیوں کے معاملے پر وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے یقین دلایا ہے کہ ایس آئی ٹی کی تحقیقات سے سچائی پوری طرح سامنے آ جائے گی اور اگر کوئی قصوروار پایا گیا تو اسے کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جائے گا۔انہوں نے عوام اور سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ تحقیقات مکمل ہونے تک غیر ضروری بیان بازی سے گریز کریں۔جمعہ کو ایودھیا میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح اور سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ٹرسٹ کی درخواست پر ریاستی حکومت نے ایس آئی ٹی تشکیل دی ہے، جو غیر جانبدارانہ انداز میں تحقیقات کرے گی۔ تب تک ایسے بیانات دینے سے گریز کیا جائے جن سے رام بھکتوں کے جذبات مجروح ہوں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK