Inquilab Logo Happiest Places to Work

’نہ نہ کرتے‘ بچو کڑو شیوسینا (شندے) میں شامل، ودھان پریشد کا ٹکٹ بھی مل گیا

Updated: May 01, 2026, 10:35 AM IST | Ali Imran | Mumbai

سابق وزیر نے کہا ’’میں نے عہدے کیلئے نہیں بلکہ کسانوں اور معذوروں کے حقوق کی لڑائی کیلئے شیوسینا میں شمولیت اختیار کی ہے۔‘‘

دائیں سے: ایکناتھ شندے، بچو کڑو، نیلم گورے اور دیگر۔ تصویر: آئی این این
دائیں سے: ایکناتھ شندے، بچو کڑو، نیلم گورے اور دیگر۔ تصویر: آئی این این

پرہار جن شکتی پارٹی کے سربراہ   بچو کڑو  نے بالآخر نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی پارٹی شیوسینا میں شمولیت اختیار کر لی۔ حالانکہ گزشتہ کئی دنوں سے میڈیا میں جاری قیاس آرائیوں کی ایک روز قبل ہی بچوکڑو نے تردید کی تھی البتہ انہوں نے کچھ شرائط کے ساتھ  شندے سے ہاتھ ملانے پر رضامندی  ظاہرکی تھی۔ جمعرات کو ممبئی میں انہوں  نے ایکناتھ شندے کی موجودگی میں یہ کہتے ہوئے پارٹی میں شمولیت اختیار کی کہ’’ میں شیوسینا (شندے) میں اسلئے شامل ہورہا ہوں کہ مستقبل میں کسانوں اور معذوروں کے حقوق کیلئے کام کر سکوں۔ پارٹی میں شامل ہوتے ہی بچو کڑو کو شیوسینا نے ودھان پریشد کا امیدوار نامزد کر دیا۔ یاد رہے کہ جمعرات کو مہاراشٹرکے عظیم سنت توکڑوجی مہاراج کا یوم پیدائش تھا۔ اس مناسبت سے بچو کڑو نے کہا’’ توکڑوجی مہاراج نے اپنی گرام گیتا کسانوں کیلئے وقف کی تھی۔ آج ان کے یوم پیدائش پر، ہم کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے شیو سینا کے ساتھ اپنا نیا سفر شروع کر رہے ہیں۔‘‘ انہوں  نے کہا’’ میری سیاست کی ابتدا شیوسینا سے ہوئی تھی اور اب میں اس پارٹی میں رہ کر اپنے مستقبل کے کاموں کو زیادہ مؤثر طریقے سے کروں گا۔ صرف قانون ساز کونسل کی رکنیت کیلئے نہیں بلکہ مسائل کی لڑائی کیلئے میں نے یہ فیصلہ کیاہے۔‘‘ ایکناتھ شندے کی ستائش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شندے صاحب فطری طور پر عوام کے خدمت گارثابت ہوئے ہیں۔ جب وہ وزیر اعلیٰ تھے تو ورشا بنگلے کے دروازے صبح ۲ بجے بھی کھلے رہتے تھے۔ انہوں نے معذروں کی وزارت قائم کرنے کا فیصلہ کرکے ملک میں تاریخی کام کیا ہے۔ قرض معافی میں جو پیش رفت کی ہے وہ یقینی طور پر کسانوں کو راحت دینے والی ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: مہاراشر میں یومیہ ۴۴؍ لوگوں کی موت سڑک حادثے میں ہو رہی ہےا

اس موقع پر ایکناتھ شندے نے بچو کڑو کا پارٹی میں خیرمقدم کرتے ہوئے کہا، ’’بچو بھاؤ، آپ عام لوگوں کے رہنما ہیں، آپ کو معذوروں، کسانوں، زرعی مزدوروں، غریبوں، دلتوں اور مظلوموں کیلئے لڑنے والا ایک سچا جنگجو، کہا جاتا ہے۔ ‘‘ انہوں  نے کہا’’آج آپ نے بے شمار لوگوں کے ساتھ شیو سینا میں شمولیت اختیار کی ہے۔ اس کیلئے میں آپ کو تہہ دل سے شیوسینا میں خوش آمدید کہتا ہوں۔‘‘ ایکناتھ شندے نے کہا، ’’شیو سینا آپ کیلئے نئی نہیں ہے۔ آپ اصل میں شیو سینک ہیں۔ آپ نے پرہار جن شکتی پارٹی کیلئے ۲۵؍ سال تک کام کیا۔ آج آپ شیوسینا یعنی اپنے گھر واپس آگئے ہیں۔ ‘‘ یاد رہے کہ بچو کڑو ایکناتھ شندے کے ساتھ گوہاٹی جانے والے اراکین میں شامل تھے  حالانکہ بعد میں وہ مہایوتی سے الگ ہو گئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK