ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف۔ ایف ڈی اے نے گھر سے ۱۱؍ نمونے جانچ کیلئے لیباریٹری روانہ کئے۔
EPAPER
Updated: May 01, 2026, 11:03 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai
ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف۔ ایف ڈی اے نے گھر سے ۱۱؍ نمونے جانچ کیلئے لیباریٹری روانہ کئے۔
یہاں ایک ہی خاندان کے ۴؍ افراد کی موت کی اصل وجہ جاننے میں تفتیشی ایجنسی ہنوز ناکام ہے ۔ اس معاملہ میں ایک طرف موت کے تعلق سے مختلف قیاس آرائیوں کا سلسلہ جاری ہے تودوسری طرف ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں متوفیوں کے ’پین کلر ( یعنی درد سے راحت کی دوا)‘ کے ذرات پائے جانے کی بھی بات سامنے آئی ہے ۔ تاہم پولیس اب بھی حتمی پوسٹ مارٹم رپورٹ اور فورینسک رپورٹ کا انتظار کررہی ہے۔دریں اثناء فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن ( ایف ڈی اے) نے بھی موت کی وجہ معلوم کرنے کے لئے متوفین کے گھر سے ۱۱؍ نمونے حاصل کرکے جانچ کے لئے لیباریٹری بھیج دیئے ہیں ۔
۵؍ دن قبل عبد اللہ ڈوکاڈیا، ان کی بیوی نسرین اور بیٹیوں عائشہ اور زینب کی پُراسرار موت پر جہاں پولیس نے ابتدائی جانچ میں تربوز کھانے سے غذائی سمّیت کو موت کی وجہ قرار دیا گیاتھا وہیں ان کی موت کی دیگر وجوہات پر بھی غور کیا جارہا ہے ۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے بعد اب اس بات کا بھی انکشاف ہوا ہے کہ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں قے اور دست کے دوران اٹھنے والے درد سے راحت کیلئے متاثرین نے ’پین کلر‘ بھی استعمال کی تھی جس کے ذرات ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں پائے جانے کا پتہ چلا ہے ۔ قابل ذکر بات یہ بھی ہے کہ جے جے اسپتال کے ماہر ڈاکٹروں نے تربوز کھانے سے موت کی قیاس آرائیوں کو سرے سے خارج کرتے ہوئے موت کی دیگر وجوہات کی طرف بھی اشارہ کیاہے جو حتمی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعدہی سامنے آجاسکتا ہے۔یاد رہے کہ پیر کو جے جے اسپتال میں پوسٹ مارٹم کیا گیاتھا۔ ابتدائی رپورٹ غذائی سمّیت کی طرف اشارہ کررہی تھی۔تاہم ڈاکٹروں نے نوٹ کیا ہے کہ غذائی سمّیت کے عام معاملات میں اس طرح اتنی جلدی اموات شاذ و نادر ہی ہوتی ہیںجو زہریلے مادے یا دیگر عوامل کی موجودگی کے بارے میں خدشات پیدا کرتی ہیں۔