سپریم کورٹ کی ہدایت کے باجود حکومت کے گزٹ جاری کرنے پر ناراضگی ، اہل سنت والجماعت نے گزٹ کی کاپی پھاڑ کر احتجاج کیا۔
EPAPER
Updated: July 12, 2025, 2:04 PM IST | Sharjeel Qureshi | Jalgaon
سپریم کورٹ کی ہدایت کے باجود حکومت کے گزٹ جاری کرنے پر ناراضگی ، اہل سنت والجماعت نے گزٹ کی کاپی پھاڑ کر احتجاج کیا۔
وقف ترمیمی ایکٹ کے خلاف جلگائوں میں ’وقف بچاو سمیتی‘ نے پیٹھ پھیرو احتجاج کیا۔ تنظیم کے کارکنان ضلع کلکٹر دفتر کی طرف پیٹھ کرکے گئے اور اسی طرح اندر داخل ہوئے۔ نیز کلکٹر کی طر پیٹھ کرکے ہی میمورنڈم پیش کیا۔ یہ سارے لگا سیاہ ٹی شرٹ پہنے ہوئے تھے اور پیٹھ پرایک پلے کارڈچسپاں کر رکھا تھا جس پراحتجاجی نعرے تحریر تھے۔
جلگائوں ضلع کلکٹر دفتر کے باہر کئے گئے اس انوکھے مظاہرہ کے تعلق سے سماجی کارکن فاروق شیخ نے بتایا کہ ’’حکومت نے ۳؍ جولائی کو ایک گزٹ جاری کیا ہے اس کی مخالفت میں یہ احتجاج کیا گیا ہے۔ حکومت نے سپریم کورٹ کے حکم کی پروا نہ کرتے ہوئے یہ گزٹ جاری کیا ہے۔ یعنی حکومت نے سپریم کورٹ اور قانون کو پیٹھ دکھائی ہے اس لئے ہم بھی حکومت کو پیٹھ دکھا کر احتجاج کر رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا ’’سپریم کورٹ نے وقف ترمیمی ایکٹ پر عارضی روک لگائی ہے اس کے باوجود مرکزی حکومت نے نظام انصاف کی توہین کرتے ہوئے وقف ترمیمی ایکٹ کاگزٹ جاری کیا۔ حکومت کا گزٹ شائع کرنا آئین کی توہین ہے۔ ۔ہم خاموش رہ کر بہت کچھ کہہ رہے ہیں ۔سرکارکوہماری پیٹھ کی طرف دیکھنا چاہئے۔‘‘ اس موقع پر ریذیڈنٹ ضلع کلکٹر جئے شری ماڑی کو عفان عبدالرحیم پٹیل کے ہاتھوں مکتوب دیا گیا جس میں مطالبہ کیا گیا کہ وقف ترمیمی ایکٹ کو منسوخ کیا جائے۔ یاد رہے کہ یہ احتجاج وقف بچاو سمیتی جلگائوں کے بینر تلے مفتی خالد کی رہنمائی اور فاروق شیخ کی نگرانی میں کیا گیا۔
حکومت کے گزٹ کو پھاڑ کر احتجاج
جلگائوں میں وقف ترمیمی ایکٹ کے خلاف ایک اور احتجاج کیا گیا۔ شہر کے قدیم چوراہے نعمت پورہ(بھیل پورہ ) چوک پراہلسنت و الجماعت کی جانب سے سید ایاز علی نیاز کی قیادت میں حکومت کے جاری کردہ گزٹ کی کاپی پھاڑی گئی۔ اس سلسلے میں سید ایاز علی نے بتایا کہ اس احتجاج کے موقع پربھی مظاہرین نے اسی بات کو دہرایا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی جانب سے سپریم کورٹ میں وقف ترمیمی ایکٹ کو چیلنج کیا گیا ہے اور کورٹ نے یہ فیصلہ دیا ہے کہ حتمی فیصلہ آنے تک حکومت وقف ترمیمی ایکٹ کے متعلق کو ئی کارروائی نہیں کرے گی ۔اس کے باوجود مرکزی حکومت نے نہ صرف گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا بلکہ وقف ترمیمی ایکٹ کو نافذ کرنے کیلئے پہلا قدم اٹھاتے ہوئے پورٹل بھی شروع کر دیا جس پر وقف کی املاک کی تفصیلات جمع کرنے کا کام سرکاری سطح پر کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کا یہ اقدام سپریم کورٹ کی توہین ہے۔ عدالت کی اس توہین کے خلاف حکومت کے جاری کردہ گزٹ کی کاپی کو پھاڑ کر ہم نے احتجاج کیا ہے۔ اس موقع پر مظاہرین نےوقف قانون واپس لو ،سپریم کورٹ زندہ باد کے نعرے لگائے۔