اورنگ آباد کےا یک ریٹائرڈ سرکاری افسر سے ۷۸؍ لاکھ روپے کا سائبر فراڈ، سامنے اینٹی کرپشن بیورو کے افسر گفتگو کر رہے تھے!۔
EPAPER
Updated: July 12, 2025, 1:57 PM IST | Agency | Aurangabad
اورنگ آباد کےا یک ریٹائرڈ سرکاری افسر سے ۷۸؍ لاکھ روپے کا سائبر فراڈ، سامنے اینٹی کرپشن بیورو کے افسر گفتگو کر رہے تھے!۔
عام آدمی کو پولیس اور سی بی آئی کا خوف دلا کر آن لائن طریقے سے پیسے اینٹھنا عام ہو چکا ہے۔ لیکن سائبر فراڈ کا ایک ایسا معاملہ سامنے آیا ہے جس سے مہاراشٹر پولیس کی بھی نیند اڑ گئی ہے۔ کچھ جعل سازوں نے ایک ریٹائرڈ سرکاری افسر کو مشہور آئی پی ایس افسر وشواس ناگرے پاٹل کی اے آئی شبیہ بنا کر ویڈیو کال کیا اس کے بعد ان سے ۷۸؍ لاکھ روپے اینٹھ لئے۔ اس کی وجہ سے پولیس ڈپارٹمنٹ میں سنسنی پھیل گئی ہے۔
یاد رہے کہ وشواس ناگرے پاٹل مشہور آئی پی ایس افسر ہیں اور اس وقت اینٹی کرپشن بیورو میں ایڈیشنل جنرل ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز ہیں۔ اورنگ آباد میں ڈیویژنل کمشنر کے دفتر میں کام کر چکے ایک ریٹائرڈ افسر کو کسی کا فون آیا جس میں کہا گیا کہ وہ اینٹی کرپشن بیورو سے بول رہے ہیں اور افسر کے اکائونٹ میں دہشت گرد تنظیموں نے بھی رقم ڈالی ہے۔ نیز دہشت گرد عبدالسلام سے ان کے قریبی تعلقات ہیں۔ انہیں یہ بھی بتایا گیا کہ ان کی بیوی کے اکائونٹ میں حال ہی میں ۲۰؍ لاکھ روپے ڈالے گئے ہیں جو کہ غیر قانونی ہیں۔ ۲؍ جولائی تا ۷؍ جولائی انہیں مسلسل جعلسازوں کے فون آتے رہے۔
جب سابق سرکاری افسر جعلسازوں کے جال میں پھنس گئے تو ان سے کہا گیا کہ انہیں ڈیجیٹل اریسٹ کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ ڈیجیٹل اریسٹ جعلسازوں کی اپنی ایجاد کردہ اصطلاح ہے جس میں وہ نشانہ بنائے گئے شخص سے کہتے ہیں کہ ’ آن لائن گرفتار‘ کیا گیا ہے اس لئے وہ اپنے فون یا کمپیوٹر کے سامنے سے ہٹ نہیں سکتے ۔ ان کی وہیں بیٹھے بیٹھے پوچھ تاچھ ہوگی۔ مذکورہ سابق افسر کے ساتھ بھی یہی کیا گیا۔ ان سے کہا گیا کہ ’’ آپ ہمارے سینئر افسر سے بات کریں۔‘‘ متاثرہ بزرگ اور بھی ڈر گئے جب انہوں نے اپنے کیمرے کے اس طرف وشواس ناگرے پاٹل کو بیٹھے ہوئے دیکھا۔ انہوں نے جعل سازوں کے سوالات کے جواب دیئے اور ان کے کہنے پر ۷۸؍ لاکھ ۶۰؍ ہزار روپے ان کے اکائونٹ میں ٹرانسفر کر دیئے۔ جب ان نقلی پولیس والوں کے فون آنے بند ہو گئے تو بزرگ شہری کو احساس ہوا کہ انہیں لوٹ لیا گیا ہے۔
انہوں نے اورنگ آباد کے کرانتی چوک پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی۔ پولیس کی تفتیش میں معلوم ہوا کہ متاثرہ شخص کو وشواس ناگرے پاٹل نے نہیں بلکہ اے آئی کے ذریعے بنائی گئی شبیہ کا استعمال کرتے ہوئے جعل سازوں نے فون کیا تھا ۔ اس خبر کے بعد پولیس محکمہ میں سنسنی پھیل گئی ہے۔