Inquilab Logo Happiest Places to Work

جالنہ میں گئو کشی کے بہانے بجرنگ دل کا ہنگامہ،کشیدگی کے دوران ایک زخمی

Updated: August 04, 2026, 9:53 AM IST | Z. A. Khan | Jalna

پولیس نے بھگوا تنظیم کی شکایت پر مٹن مارکیٹ کی ایک دکان سے گوشت ضبط کیا، پھر بجرنگ دل کے دبائو میں بلڈوزر کارروائی بھی کی گئی۔

Bajrang Dal workers protest outside the Municipal Corporation. Photo: INN
میونسپل کارپوریشن کے باہر بجرنگ دل کارکنان کا دھرنا۔ تصویر: آئی این این

قدیم جالنہ کے مٹن  مارکیٹ میں اتوار کی دوپہر تقریباً ۱۲؍ بجے بجرنگ دل والوں نے گئو کشی کے بہانے کشید گی پیدا کرنے کی کوشش کی جس کی وجہ بجرنگ دل والوں اور مقامی باشندوں میں ہاتھا پائی کی نوبت آ گئی ۔ اس دوران تیز دھار چاقو کے وار سے ایک شخص زخمی بھی ہو گیا۔ بجرنگ دل کی شکایت پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر ایک گوشت کی دکان پر چھاپہ مارا اور مشتبہ گوشت کو ضبط کر لیا۔

یہ بھی پڑھئے: طلبہ پر پولیس تشدد کیخلاف کانگریس کی طلبہ تنظیم کا دہلی میں مارچ

بعد ازاں بجرنگ دل کے کارکن ۸۰؍کلو  گوشت جسے وہ گائے کا گوشت بتا رہے تھے،   لے کر براہِ راست میونسپل کارپوریشن کے دفتر پہنچ گئےجہاں انہوں نے تقریباً ایک گھنٹے تک دھرنا دیا۔انہوں نے ’گئو کشی بند کرو‘ اور ’غیر قانونی مٹن مارکیٹ کو ہٹاؤ‘ جیسے نعرے لگائے۔ احتجاج کے دبائو میں میونسپل کارپوریشن کے حکام نے مٹن مارکیٹ کے اطراف مبینہ تجاوزات کے خلاف بلڈوزر کے ذریعے کارروائی شروع کر دی۔ یاد رہے کہ بجرنگ دل کارکنان  نے پولیس کو مبینہ گئو کشی کی اطلاع دی پھر خود مٹن مارکیٹ پہنچ گئے اور باز پرس کرنے لگے جس پر مقامی باشندے ناراض ہو گئے۔ پولیس بھی موقع پر پہنچی اور اس نے بجرنگ دل کارکنان کی نشاندہی پر ایک دکان سے گوشت ضبط کیا۔ کارروائی کے دوران بعض شہریوں اور کارکنان کے درمیان زبانی تکرار بھی ہوئی، جس کے باعث علاقے میں کچھ دیر کیلئے تناؤ کی صورتحال پیدا ہوگئی جو ہاتھا پائی میں تبدیل ہو گئی ۔ حتیٰ کہ چاقوزنی کی نوبت آگئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سب ڈیویژنل پولیس افسر اننت کلکرنی، قدیم جالنہ پولیس اسٹیشن کے پولیس انسپکٹر جناردن شیوالے سمیت دیگر اعلیٰ پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے چاقو زنی  کے الزام میں سلیم قریشی نامی شخص کو حراست میں لے لیا۔ اس کے بعد بجرنگ دل والوں نے کارپوریش دفتر پر ہنگامہ کیا۔ اسی دوران سابق رکن اسمبلی کیلاش گورنٹیال اور نائب میئر راجیش راؤت بھی میونسپل کارپوریشن پہنچے اورانہیں خاموش کیا۔ اس کے بعد بلڈوزر کارروائی کی گئی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK