Inquilab Logo Happiest Places to Work

باندرہ غریب نگر : دوسرے دن انہدامی کارروائی میں زبردست ہنگامہ

Updated: May 21, 2026, 7:06 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

متاثرین نے کارروائی رکوانے کی کوشش کی ۔ پتھراؤکا الزام ،پولیس کالاٹھی چارج۔ متعددمرد وخواتین کو تحویل میں لیا گیا۔ غریب نگر مسجد بھی شہید۔علاقہ چھاؤنی میں تبدیل۔

Bandra Station.Photo:INN
باندرہ اسٹیشن۔ تصویر:آئی این این
باندرہ غریب نگر میں دوسرے دن انہدامی کارروائی میں زبردست ہنگامہ کیا گیا۔ اپنا آشیانہ ٹوٹتا دیکھ متاثرین جذباتی ہوگئے اور انہوں نے انہدامی کارروائی رکوانے کی کوشش کی ۔پولیس نے لاٹھی چارج کیا۔کئی مرد وخواتین کو پکڑکر پولیس نے وین میں بٹھالیا۔ غریب نگر سنّی مسجد بھی شہید کردی گئی ۔پورا علاقہ چھاؤنی میں تبدیل کردیا گیا۔ کارروائی کا یہ سلسلہ ۳؍ دن مزیدجاری رہے گا۔
دوسرے دن کی کارروائی میںکیا کیاہوا 
ریلو ےکی جانب سے حسبِ اعلان بدھ دوسرے دن انہدامی کارروائی جی آر پی ،آر پی ایف  اور۳؍ تھانوںکی پولیس اوراسپیشل فورس کے بندوبست میںشروع کی گئی ۔ فلائی اوور کے پاس سے غریب نگر مسجد کی جانب کارروائی کا سلسلہ جب بڑھتا چلا گیا تو بہت سے مکینوں اور دکانداروں نے اس کی مخالفت کی۔اسی اثناء میں کچھ لوگوں نے پتھراؤ کیا اس پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا۔ یہیں ایک چار منزلہ مکان کی بالائی منزل پربھی مسجد بنائی گئی تھی ، پہلے دن کی کارروائی میں حکمت کے طور پر اسے چھوڑ دیا گیا تھا مگر بدھ کے دن اسے توڑا گیا۔ اس کے انہدام پرلوگوں نےنعرۂ تکبیر بلند کیا۔
پولیس کےجوانوں کےذریعے گھیرا بندی 
غریب نگر سنّی مسجد اور اس کے قریب کے حصے میںانہدامی کارروائی کے دوران نمائندے نے دیکھا کہ گھاس بازار کی جانب سے ،ٹرمنس کی جانب سے اور نوپاڑ ہ کی جانب سے آنے والے روڈ پر سیکڑوں پولیس کے جوانوں کو قطارمیں کھڑا کرکے پورے حصے کی گھیرا بندی کردی گئی ۔کسی کو بھی مسجد کے قریب یا اس حصے میں آنے کی اجازت نہیں تھی ۔ ایسا لگ رہا تھا کہ پولیس کے جوان انہدامی کارروائی میں بندوبست کے لئے نہیں بلکہ کسی مورچے پر تعینات کئے گئے ہیں۔
 
 
ٹریفک بند ،شہری پریشان 
انہدامی کارروائی کے دوران ریلوے کی جانب سے بریج تو بند کیا ہی گیا تھا ٹرمنس جانے والی بسیں اور آٹورکشا وغیرہ بھی بند کردئیے گئے تھے۔ اس کی وجہ سے ہزاروں مسافروں اور عام شہریوں کوزبردست دقتوں کا سامنا کرناپڑا۔
 
 
پتھراؤ کرنے والو ں کے خلاف ایف آئی آر
ویسٹ ریجن کے ایڈیشنل پولیس کمشنر ابھینو دیشمکھ کے مطابق ’’غریب نگر( باندرہ ایسٹ) میں نرمل نگر پولیس اسٹیشن کی حدودمیں ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق تجاوزات ہٹانے کی مہم چل رہی ہے، ایسے میں کچھ سماج دشمن عناصر نے انہدامی دستے پر پتھراؤ کرکے کام میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی۔ ممبئی پولیس نے ایسے سماج دشمن عناصر کو منتشر کرنے کیلئے مناسب طاقت کا استعمال کیا۔اسکے علاوہ ان کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کا عمل جاری ہے۔ تادم تحریر ۱۰؍ افراد کو تحویل میں لیا گیا ہے۔‘‘

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK