Inquilab Logo Happiest Places to Work

بنگلہ دیش اور پاکستان کے سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کو اب سفر کیلئے ویزا کی ضرورت نہیں

Updated: August 22, 2025, 8:35 PM IST | Dhaka

بنگلہ دیش کا یہ فیصلہ، گزشتہ ماہ ڈھاکہ میں ملک کے ہوم ایڈوائزر جہانگیر عالم چودھری اور پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد سامنے آیا ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

بنگلہ دیشی حکام نے جمعرات کو تصدیق کی کہ بنگلہ دیش اور پاکستان کے سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے افسران اب ویزا کے بغیر دونوں ممالک کے درمیان سفر کر سکیں گے۔ نوبیل انعام یافتہ ماہر معاشیات محمد یونس کی قیادت میں بنگلہ دیش کی عبوری انتظامیہ کی ایڈوائزری کونسل نے ڈھاکہ میں ایک اجلاس کے دوران اس اہم فیصلے کو منظوری دے دی ہے۔

بنگلہ دیشی حکومت کے پریس سیکریٹری شفیق الاسلام نے کہا کہ جو افراد سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھتے ہیں وہ ویزا کے بغیر پاکستان کا سفر کرسکتے ہیں۔ سرکاری افسران کو ویزے کی چھوٹ دینے والا یہ باہمی معاہدہ پانچ سال تک نافذ رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بنگلہ دیش کے پہلے ہی ۳۱ دیگر ممالک کے ساتھ اسی طرح کے معاہدے ہیں۔ یہ معاہدہ بنگلہ دیش کا دورہ کرنے والے پاکستانی عہدیداروں پر بھی اسی طرح لاگو ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ہندوستان کو ووٹر ٹرن آؤٹ کیلئے یو ایس ایڈ سے۲۱؍ ملین ڈالر امداد نہیں ملی :مرکز

واضح رہے کہ ۱۹۷۱ء میں بنگلہ دیش کے پاکستان سے آزادی حاصل کرنے کے بعد دونوں جنوبی ایشیائی ممالک کے درمیان ویزے کے بغیر سفر معطل کردیا گیا تھا۔ یہ نیا معاہدہ، دونوں ممالک کے درمیان طویل عرصے سے کشیدہ تعلقات کو معمول پر لانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔

بنگلہ دیش کا یہ فیصلہ، گزشتہ ماہ ڈھاکہ میں ملک کے ہوم ایڈوائزر جہانگیر عالم چودھری اور پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد سامنے آیا ہے جس میں دونوں فریقوں نے سفری قوانین کو آسان بنانے اور ویزا آن ارائیول کی سہولیات کیلئے ایک میمورنڈم کو حتمی شکل دینے پر گفتگح کی۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال اگست میں عوامی بغاوت کی وجہ سے شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے اور عبوری حکومت کے قیام کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK