• Fri, 13 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بنگلہ دیشی فوٹوگرافر پنو رحمان نے HIPA کا گرینڈ پرائز جیتا

Updated: November 12, 2026, 10:04 PM IST | Sharjah

تباہ شدہ گھر کے ملبے میں ایک ساتھ سوتے خاندان کی تصویر نے عالمی سطح پر توجہ حاصل کرلی، بنگلہ دیشی فوٹوگرافر پنو رحمان کو دنیا کے بڑے فوٹوگرافی مقابلے کا اعلیٰ اعزاز مل گیا۔

Pannu Rahman receiving an award, with a photograph taken by him visible on the display in the background. Photo: X
پنو رحمان ایوارڈ لیتے ہوئے جبکہ پیچھے ڈسپلے میں ان کے ذریعے کھینچی ہوئی تصویر دیکھی جا سکتی ہے۔ تصویر: ایکس

بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے فوٹوگرافر پنو رحمان نے دنیا کے سب سے بڑے انعامی رقم والے فوٹوگرافی مقابلے ’حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم انٹرنیشنل فوٹوگرافی ایوارڈ‘ (HIPA) کا گرینڈ پرائز جیت لیا ہے۔ ان کی انعام یافتہ تصویر کا عنوان ’’انڈر دی سیم اسکائی‘‘ (ایک ہی آسمان تلے) ہے۔ اس تصویر میں پانچ افراد پر مشتمل ایک خاندان کو ڈھاکہ، بنگلہ دیش میں اپنے تباہ شدہ گھر کی باقی رہ جانے والی کنکریٹ کی دیواروں کے درمیان ایک دوسرے کے ساتھ سوتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ یہ تصویر نومبر ۲۰۲۵ء میں لگنے والی آگ کے بعد کھینچی گئی تھی، جس نے تقریباً ۱۵۰۰؍ رہائشی مکانات کو تباہ کردیا تھا۔ یہ تصویر محض کسی حادثے کے فوری اثرات کی عکاسی نہیں کرتی بلکہ ایک خاندان کی مشترکہ بے بسی، ایک دوسرے پر انحصار اور اپنے محلے کے کھنڈرات کے درمیان بھی زندگی جاری رکھنے کے عزم کو نمایاں کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: غزہ معاملے پر امریکی کارکنوں کا آئی سی سی سے ٹرمپ اور روبیو کے گرفتاری وارنٹ جاری کرنے کا مطالبہ

HIPA کے سیکریٹری جنرل علی بن ثالث نے کہا، ’’ایوارڈ کے پندرہویں ایڈیشن کا موضوع ’خاندان‘ رکھا گیا تھا۔ یہ فیصلہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی ہدایات کے مطابق کیا گیا، جنہوں نے ۲۰۲۶ء کو ’خاندان کا سال‘ قرار دیا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’اس اقدام کا مقصد خاندانی رشتوں کو مضبوط بنانا، سماجی استحکام کو فروغ دینا اور آنے والی نسلوں میں امارات کی حقیقی روایات اور اقدار کو پروان چڑھانا ہے۔‘‘ خاندان، ثابت قدمی اور مشکل حالات کا مقابلہ کرنے کی انسانی صلاحیت کی عکاسی کرنے والی رحمان کی اس تصویر نے HIPA کی جیوری کو خاصا متاثر کیا۔

یہ بھی پڑھئے: ترکی: طیب اردگان نے غزہ کی تباہی کو ’’ایکوسائیڈ‘‘ قرار دیا

اس ایوارڈ نے ایک ایسے منظر کو بین الاقوامی سطح پر نمایاں کردیا ہے جو بصورت دیگر ایک مقامی سانحے تک محدود رہ سکتا تھا۔ اپنے تباہ شدہ گھر کے ملبے کے درمیان ایک ساتھ سوتے خاندان کی تصویر کشی کرکے رحمان نے نقصان اور تباہی کو بقا، یکجہتی اور امید کی ایک عالمگیر علامت میں تبدیل کردیا ہے۔ یہ ایوارڈ آفت کے بعد زندگی کو دوبارہ معمول پر لانے کی ایک اہم اور مؤثر داستان کو اجاگر کرتا ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ فوٹوگرافی کس طرح انسانی وقار کو محفوظ رکھنے کے ساتھ کسی مقامی سانحے کو خاندان، ثابت قدمی اور سماجی استحکام سے متعلق عالمی مباحث کا حصہ بنا سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK