Inquilab Logo Happiest Places to Work

بی بی سی نے غزہ پر گفتگو کے"خدشات" کے باعث گیری لینیکر کا محمد صلاح کے ساتھ انٹرویو منسوخ کیا: رپورٹ

Updated: June 05, 2025, 9:02 PM IST | London

مصری فٹبالر محمد صلاح نے اس سے قبل غزہ کے فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا تھا اور بی بی سی براڈکاسٹر گیری لینیکر، جو حال ہی میں پوڈکاسٹس اور سوشل میڈیا پر سیاسی مسائل پر کھل کر بات کر رہے ہیں، نے بھی اس معاملے پر تبصرہ کیا تھا۔

Gary Lineker and Mo Salah Photo: INN
گیری لینیکر اور محمد صلاح تصویر: آئی این این

برطانوی میڈیا ہاوس، برٹش براڈکاسٹنگ کارپوریشن (بی بی سی) کے براڈکاسٹر گیری لینیکر کا فٹبال کلب لیورپول کے اسٹار فٹبالر محمد صلاح کے ساتھ انٹرویو مبینہ طور پر اس خوف کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا کہ ان کی گفتگو میں غزہ میں جاری نسل کشی کا موضوع "قدرتی طور پر زیر بحث آسکتا تھا۔" ۶۴ سالہ فٹبال لیجنڈ لینیکر نے حال ہی میں ۲۵ سال کے عرصہ کے بعد بی بی سی سے علیحدگی اختیار کی ہے جب ان کی ایک انسٹاگرام پوسٹ پر یہودی مخالف سمجھے جانے کی وجہ سے انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ لینیکر کا محمد صلاح کے ساتھ انٹرویو، بی بی سی کیلئے ان کا آخری انٹرویو تھا۔

ابتدائی طور پر لینیکر کو اگلے سال ۲۰۲۶ء کے ورلڈ کپ کیلئے بی بی سی کی کوریج کے سربراہ اور فٹبال ایسوسی ایشن کپ کیلئے فرنٹ مین کے طور پر مقرر کیا گیا تھا لیکن ان کے ایک فلسطین حامی ویڈیو کو دوبارہ پوسٹ کرنے کے بعد ان کی قبل از وقت علیحدگی کا فیصلہ کیا گیا۔ اس ویڈیو میں صیہونیت پر تنقید کی گئی تھی اور ایک چوہے کی تصویر شامل تھی، جسے تاریخی طور پر یہود مخالف اور یہودیوں کی توہین سمجھا جاتا ہے۔ نازی یہودیوں کو کیڑوں کے طور پر پیش کرنے کیلئے اس تصویر کا استعمال کرتے تھے۔ بعد ازیں، لینیکر نے معافی مانگی تھی اور پوسٹ کو ڈیلیٹ کردیا تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کا یہ عمل غیر ارادی تھا۔

یہ بھی پڑھئے: غزہ: اسرائیل نے ۸؍ دنوں میں امداد کی قطار میں منتظر ۱۰۲؍ فلسطینیوں کا قتل کیا

برطانوی اخبار دی سن کی ایک رپورٹ کے مطابق، بی بی سی نے محمد صلاح کے ساتھ طے شدہ انٹرویو کو مختصر نوٹس پر خاموشی سے منسوخ کر دیا۔ مصری فٹبالر صلاح نے اس سے قبل غزہ کے فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا تھا اور لینیکر، جو حال ہی میں پوڈکاسٹس اور سوشل میڈیا پر سیاسی مسائل پر کھل کر بات کر رہے ہیں، نے بھی اس معاملے پر تبصرہ کیا تھا۔ ایک اندرونی ذریعہ نے دی سن کو بتایا، "منصوبہ یہ تھا کہ یہ انٹرویو، گیری کے میچ آف دی ڈے کے آخری ایپی سوڈ کے ویکنڈ پر بی بی سی پر دکھایا جائے گا۔ اس میں فٹبال فوکس پر ایک دن پہلے، آن لائن اور سوشل میڈیا پر پیش کرنے کا منصوبہ بھی شامل تھا۔ لیکن اچانک، اسے منسوخ کر دیا گیا۔" رپورٹس کے مطابق، اس فیصلے کی وجہ یہ خدشہ ہو سکتا ہے کہ اس گفتگو میں غزہ میں جاری اسرائیل کی نسل کشی کی جنگ زیر بحث آسکتی ہے، جو ادارتی پیچیدگیوں کا باعث بن سکتی تھی۔

یہ بھی پڑھئے: غزہ کے امدادی مراکز پر پھر بمباری، ۱۰۰؍فلسطینی شہید، ۴۴۰؍ زخمی

تاہم، بی بی سی نے اس فیصلے کے پیچھے سیاسی محرکات کا کردار ہونے سے انکار کیا۔ ایک ترجمان نے کہا، "انٹرویو اس لئے منسوخ کیا گیا کیونکہ اسے گیری کے آخری میچ آف دی ڈے کے بعد نشر کرنے کا منصوبہ تھا۔ اس کے علاوہ کچھ اور تجویز کرنا غلط ہوگا۔" لینیکر کی روانگی کے ساتھ، بی بی سی نے تصدیق کی ہے کہ وہ ۲۰۲۶ء کے ورلڈ کپ یا اگلے سیزن کے فٹبال ایسوسی ایشن کپ کی نشریاتی کوریج کا حصہ نہیں ہوں گے۔ لینیکر کے جانے کے بعد دیگر نمایاں پیش کنندگان کیلی کیٹس، مارک چیپ مین اور گیبی لوگن کے مرکزی کردار ادا کرنے کی توقع ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK